• Wed, 23 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

نیویارک کے میئر ظہران ممدانی پر نیتن یاہو کی ویڈیو، امریکی سینیٹر کی شدید تنقید

Updated: September 23, 2026, 8:01 PM IST | Washington

امریکی سینیٹر کرس وان ہولن نے اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کی جانب سے نیویارک کے میئر ظہران ممدانی کے خلاف جاری ویڈیو پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے غزہ اور مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی کارروائیوں پر بھی تنقید کی۔ نیتن یاہو نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے اپنے متوقع خطاب میں ممدانی کی تنقید کا جواب دینے کا اعلان کیا ہے۔

US Senator Chris Van Hollen. Photo: X
امریکی سینیٹر کرس وان ہولن۔ تصویر: ایکس

امریکی سینیٹر کرس وان ہولن نے منگل کے روز اسرائیلی وزیر اعظم بنجامین نیتن یاہو کو نیویارک سٹی کے میئر ظہران ممدانی کے خلاف ویڈیو جاری کرنے پر شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔ واضح ہو کہ نیتن یاہو نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے اپنے متوقع خطاب سے قبل یہ ویڈیو جاری کی تھی۔ میری لینڈ سے تعلق رکھنے والے ڈیموکریٹ سینیٹر وان ہولن نے نیتن یاہو پر جھوٹے بیانات دینے کا الزام عائد کرتے ہوئے غزہ اور مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیل کے طرزِ عمل پر بھی تنقید کی۔ وان ہولن نے کہا، ’’میں نے ابھی وزیر اعظم نیتن یاہو کی جانب سے میئر ممدانی کے بارے میں جاری کی گئی ویڈیو دیکھی ہے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا، ’’سب سے پہلی بات جو ہر شخص کو معلوم ہونی چاہیے وہ یہ ہے کہ وزیر اعظم نیتن یاہو مسلسل جھوٹ بولتے ہیں۔ وہ جھوٹ بولتے ہیں، بار بار جھوٹ بولتے ہیں۔‘‘

وان ہولن نے بین الاقوامی فوجداری عدالت (ICC) کی جانب سے نیتن یاہو کے خلاف جاری کیے گئے گرفتاری وارنٹ کا بھی حوالہ دیا اور اسرائیلی وزیر اعظم کو ’’مطلوب جنگی مجرم‘‘ قرار دیا۔ یاد رہے کہ بین الاقوامی فوجداری عدالت نے نومبر ۲۰۲۴ء میں نیتن یاہو اور اس وقت کے اسرائیلی وزیر دفاع یوآف گیلنٹ کے خلاف گرفتاری وارنٹ جاری کیے تھے۔ عدالت نے غزہ جنگ کے دوران جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم کی مبینہ ذمہ داری عائد کی تھی۔ تاہم اسرائیل نے عدالت کے دائرۂ اختیار اور ان الزامات کو مسترد کر دیا ہے۔

وان ہولن نے نیتن یاہو کی حکومت پر مغربی کنارے میں ہلاک ہونے والے امریکی شہریوں کے معاملے میں احتساب نہ کرنے کا بھی الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا، ’’اس وقت بھی وہ ان امریکی شہریوں کے لیے جواب دہی اور انصاف فراہم کرنے سے انکار کر رہے ہیں، جو مغربی کنارے میں پرتشدد اسرائیلی آبادکاروں یا اسرائیلی سیکوریٹی فورسز کے ہاتھوں ہلاک ہوئے۔‘‘ امریکی سینیٹر نے کہا کہ آئی سی سی کے گرفتاری وارنٹ کی وجہ سے نیتن یاہو کو بعض ممالک میں داخلے کی پابندیوں کا سامنا ہے۔ وان ہولن نے کہا، ’’بہت سے ایسے ممالک ہیں جو انہیں اپنی سرحدیں عبور کرنے کی اجازت نہیں دیتے۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ نیتن یاہو خوش قسمت ہیں کہ امریکہ نے انہیں ملک میں داخل ہونے کی اجازت دی۔ انہوں نے کہا، ’’وزیر اعظم خوش قسمت ہیں کہ امریکہ نے انہیں اپنی سرحد عبور کرنے کی اجازت دی، لیکن اس سے ان کے جھوٹ ختم نہیں ہوتے اور نہ ہی ان کے جنگی جرائم ختم ہوتے ہیں۔‘‘

یہ بھی پڑھئے: مشرق وسطیٰ میں کشیدگی برقرار: امریکی ماہرِ نفسیات نے ٹرمپ کے رویے پر نئے خدشات کا اظہار کیا

وان ہولن کے یہ تبصرے نیتن یاہو کی جانب سے جاری کی گئی ایک ویڈیو کے بعد سامنے آئے، جس میں اسرائیلی وزیر اعظم نے نیویارک کے میئر ظہران ممدانی پر فلسطینی گروپ حماس کی حمایت کرنے اور نیویارک میں یہودیوں کے خلاف تشدد پر اکسانے کا الزام عائد کیا تھا۔ نیتن یاہو نے کہا تھا کہ وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے اپنے آئندہ خطاب میں ممدانی کی تنقید کا جواب دیں گے اور اسرائیل کی فوجی کارروائیوں کا دفاع کریں گے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK