• Fri, 13 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

روبکس کیوب ۴۴؍ برس بعد اپنے وطن ہنگری لوٹا،۸۲؍ سالہ موجد نے فیکٹری کا افتتاح کیا

Updated: November 13, 2026, 8:05 PM IST | Budapest

دنیا بھر میں ۵۰؍ کروڑ سے زیادہ فروخت ہونے والے مشہور ذہنی کھیل کی تیاری دوبارہ ہنگری میں شروع، جاشبیرینی شہر میں جدید خودکار فیکٹری قائم، سالانہ ۱۰؍ لاکھ کیوب تیار کرنے کا منصوبہ؛ ارنو روبک نے کہا، ’’ہنگری اس کیوب کا گھر ہے، یہیں اس کی پیدائش ہوئی تھی۔‘‘

Ernő Rubik, inventor of the Rubik`s Cube. Image: X
روبک کیوب کے موجد ارنو روبک۔ تصویر: ایکس

دنیا کے مقبول ترین ذہنی کھیلوں میں شمار ہونے والے روبکس کیوب کی تیاری ۴۴؍ برس بعد اس کے موجد کے وطن ہنگری میں دوبارہ شروع ہوگئی ہے۔ ۸۲؍ سالہ ہنگری کے معمار، مجسمہ ساز اور موجد ارنو روبک نے ۱۰؍ نومبر کو جاشبیرینی شہر میں قائم نئی خودکار فیکٹری کی افتتاحی تقریب میں شرکت کی اور پیداواری لائن کا آغاز کیا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا، ’’ہنگری اس کیوب کا گھر ہے، کیوب یہیں پیدا ہوا تھا۔‘‘ دنیا بھر میں اب تک اس رنگین پہیلی کے ۵۰؍ کروڑ سے زیادہ ٹکڑے فروخت ہوچکے ہیں اور اب اس کی تیاری دوبارہ اس ملک میں ہورہی ہے جہاں ۱۹۷۴ء میں اس کا تصور جنم لیا تھا۔ روبکس کیوب کی کہانی ۱۹۷۴ء میں شروع ہوئی، جب ارنو روبک بڈاپسٹ کی اکیڈمی آف اپلائیڈ آرٹس اینڈ ڈیزائن میں ڈیزائن کی تعلیم دیتے تھے۔ وہ طلبہ کو تین جہتی اشیا کی ساخت اور ان کی مختلف سمتوں میں حرکت سمجھانے کے لیے ایک ایسا ماڈل بنانا چاہتے تھے جس کے حصوں کو الگ الگ سمتوں میں گھمایا جاسکے۔ اسی کوشش میں انہوں نے لکڑی سے ایک مکعب تیار کیا، جو ۲۷؍ چھوٹے بلاکس پر مشتمل تھا اور مختلف محوروں پر گھوم سکتا تھا۔ ابتدا میں یہ ان کے لیے ایک تدریسی ماڈل تھا، لیکن بعد میں یہی تخلیق دنیا کے مشہور ترین ذہنی کھیلوں میں شامل ہوگئی۔

یہ بھی پڑھئے: این ویڈیا کے سی ای او جینسن ہوانگ نے استعفیٰ دے دیا، کولیٹ کریس عبوری سی ای او مقرر

روبک نے اس ایجاد کو محض ایک کھلونا بنانے کا منصوبہ نہیں کہا بلکہ اسے ایک دریافت قرار دینا پسند کرتے ہیں۔ ان کے مطابق وہ ایک ایسا تین جہتی ڈھانچا تیار کرنا چاہتے تھے جس میں حرکت اور ترتیب کے بے شمار امکانات موجود ہوں۔ ابتدائی طور پر اس کا نام ’جادوئی کیوب‘ رکھا گیا۔ ۱۹۷۷ء میں ہنگری کے دارالحکومت بڈاپسٹ کی مخصوص دکانوں میں اس کی فروخت شروع ہوئی اور پہلے مرحلے میں تقریباً ۵؍ ہزار کیوب تیار کیے گئے۔ اس وقت کسی کو اندازہ نہیں تھا کہ یہ چھوٹا سا مکعب دنیا بھر میں بچوں، نوجوانوں اور بڑوں کی دلچسپی کا مرکز بن جائے گا۔ اس کی مقبولیت تیزی سے بڑھنے لگی، لیکن اس وقت کے سوشلسٹ ہنگری میں اتنی بڑی تعداد میں کیوب تیار کرنے کے لیے درکار خام مال اور پیداواری سہولتیں دستیاب نہیں تھیں۔ روبک نے بتایا کہ ان کا ملک عالمی بازار کی طلب پوری کرنے کے لیے تیار نہیں تھا۔ چنانچہ اس کی تیاری کے حقوق پہلے برطانوی اور بعد میں امریکی کھلونا ساز کمپنیوں کو دیے گئے اور پیداوار ہنگری سے باہر منتقل ہوگئی۔ ۱۹۸۰ء سے ۱۹۸۳ء کے درمیان اس کی مقبولیت کی پہلی بڑی لہر آئی اور روبک کے مطابق اس عرصے میں تقریباً ۲۰؍ کروڑ کیوب فروخت ہوئے۔ یوں ان کی تخلیق اپنے ہی وطن سے نکل کر عالمی تجارتی کامیابی کی علامت بن گئی۔ 
اب ۴۴؍ برس بعد اس کی تیاری دوبارہ ہنگری پہنچ گئی ہے۔ جاشبیرینی میں قائم نئی فیکٹری میں جدید روبوٹک بازو کیوب کے مختلف حصوں کو جوڑتے ہیں اور تیار ہونے والے ہر نمونے کی فعالیت اور مضبوطی جانچتے ہیں۔ یہ طریقہ روبک کے ابتدائی دور سے بالکل مختلف ہے، جب کیوب ہاتھوں سے تیار کیے جاتے تھے۔ نئی پیداواری لائن کے ذریعے سالانہ ۱۰؍ لاکھ کیوب تیار کرنے کا منصوبہ ہے۔ اس فیکٹری میں ہنگری کی کمپنی جاش پلاسٹک (Jász-Plasztik) پیداوار انجام دے گی، جبکہ روبکس کیوب کے عالمی برانڈ کی مالک کینیڈا کی کمپنی اسپن ماسٹر (Spin Master) اس منصوبے کی شراکت دار ہے۔ افتتاحی تقریب میں اسپن ماسٹر کے سینئر نائب صدر اسٹیو ریڈیوِچ نے اس دن کا مرکزی پیغام بیان کرتے ہوئے کہا، ’’اپنی جڑوں کی طرف واپسی، کیوب اپنے گھر لوٹ آیا ہے۔‘‘ انہوں نے ارنو روبک سے مخاطب ہوکر کہا کہ ان کی دریافت محض ایک کھلونا نہیں بلکہ عالمی سماجی مظہر بن چکی ہے۔ ان کے مطابق یہ کیوب ذہانت، مسائل حل کرنے کی صلاحیت اور ذہنی نظم و ضبط کی علامت ہے، جس نے کئی نسلوں کو خوشی بھی دی ہے اور اسے حل کرنے کی کوشش میں الجھن بھی پیدا کی ہے۔

یہ بھی پڑھئے: ایران جنگ پر یاہو اور ٹرمپ میں شدید اختلاف

روبکس کیوب کی مقبولیت آج بھی برقرار ہے۔ دنیا کے مختلف ممالک میں اس کے مقابلے منعقد ہوتے ہیں، جہاں شرکا کم سے کم وقت میں کیوب کے تمام رنگوں کو درست ترتیب میں لانے کی کوشش کرتے ہیں۔ ورلڈ کیوب ایسوسی ایشن کے مطابق گزشتہ ماہ چین کے ۹؍ سالہ شوآنی گینگ نے صرف ۵۱ء۲؍ سیکنڈ میں کیوب حل کرکے نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا۔ اس رفتار کے مقابلے میں روبک خود کو تیز رفتار مقابلوں کا کھلاڑی نہیں سمجھتے۔ ان کے نزدیک اس تخلیق کی اصل کشش اس کے اندر موجود فنی اور تخلیقی امکانات ہیں۔ ۸۲؍ سالہ موجد نے اپنے کیوب کو ’تبدیل ہونے والا مجسمہ‘ قرار دیا۔ ان کے مطابق یہ آرٹ اور انجینئرنگ کے ملاپ کی ایک مثال ہے، جس میں انسان ایک ہی شے کو مختلف انداز میں تبدیل اور ترتیب دے سکتا ہے۔ انہوں نے کہا، ’’اگر آپ کوئی کام کررہے ہیں، کوئی چیز تخلیق کررہے ہیں تو آپ کے پاس اسے بامعنی اور خوب صورت بنانے کا موقع ہوتا ہے۔‘‘ روبک کے لیے اس کیوب کی اہمیت صرف اس کی عالمی فروخت یا مقبولیت میں نہیں بلکہ اس تخلیقی عمل میں ہے جس نے ایک تدریسی تجربے کو دنیا بھر کے لوگوں کے لیے ذہنی چیلنج میں تبدیل کردیا۔ نئی فیکٹری سے نکلنے والا پہلا روبکس کیوب عام فروخت کے لیے نہیں رکھا جائے گا، بلکہ اسے خیراتی نیلامی میں پیش کیا جائے گا۔ اس سے حاصل ہونے والی رقم جاشبیرینی کے سینٹ الزبتھ اسپتال کو دی جائے گی۔ اس طرح ہنگری میں کیوب کی واپسی کا جشن صرف ایک صنعتی منصوبے کا افتتاح نہیں بلکہ اس تخلیق کے موجد، اس کی جائے پیدائش اور اس کی عالمی مقبولیت کے درمیان ایک علامتی تعلق کی تجدید بھی ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK