Inquilab Logo Happiest Places to Work

تیسرے سُپر اوور میں نیدرلینڈس نیپال کو شکست دینے میں کامیاب

Updated: June 18, 2025, 12:03 PM IST | Agency | Glasgow

مقررہ۲۰؍اوور میں اسکور برابر رہنے کے بعد ، ۲؍مرتبہ سُپر اوور میں بھی اسکور برابر رہا اور تیسرے سُپر اوور میں نیدرلینڈس نے تاریخی کامیابی حاصل کی۔

Michael Levitt scored a six to lead Netherlands to victory over Nepal. Photo: INN
مائیکل لیوٹ نے سکسر مارکر نیدرلینڈس کو نیپال کے خلاف فتح سے ہمکنار کردیا۔ تصویر: آئی این این

نیدرلینڈس نے ٹی۔ ۲۰؍ سہ فریقی سیریز کے دوسرے میچ میں نیپال کے خلاف ٹائی ہونے کے بعد تیسرے سپر اوور میں جیت درج کی۔ پیر کی شب گلاسگو میں کھیلے گئے میچ میں نیپال نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ بلے بازی کرنے اتری نیدرلینڈس کیلئے این انیل تیجا (۳۵)، وکرم جیت سنگھ (۳۰)، مائیکل لیویٹ (۲۰)، میکس او ڈاؤڈ (۱۹) اور ثاقب ذوالفقار (۲۵؍ناٹ آؤٹ) کی شاندار اننگز کی بدولت مقررہ ۲۰؍اوور میں ۷؍ وکٹوں پر ۱۵۲؍رن بنائے۔ نیپال کی جانب سے سندیپ لامیچھانے نے ۳؍ اور نندن یادو نے ۲؍ وکٹیں حاصل کیں۔ للت راج بنشی اور کشل بھرتیل نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔ 
 ۱۵۳؍ رنوں کے ہدف کے تعاقب میں نیپال کی شروعات اچھی نہیں رہی اوراس نے صرف ۹؍ رن کےپر ۳؍ وکٹیں گنوا دیں۔ اس کے بعد کشل بھرتیل کے ساتھ کپتان روہت پاڈیل نے اننگز کو سنبھالنے کی کوشش کی۔ چھٹے اوور میں کشل بھرتیل ۲۳؍گیندوں میں (۳۴) رن بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ انہیں ڈورم نے آؤٹ کیا۔ اس کے بعد ڈورم نے ایری اور کرن تھگونا کو بھی پویلین بھیج دیا۔ ایک وقت میں نیپال نے ۱۵؍اوور میں ۹۷؍رن پر ۵؍ وکٹیں گنوا دی تھیں۔ نیپال کو آخری۵؍ اوور میں ۵۶؍رن درکار تھے۔ روپیش نے ایک چھکا اور ایک چوکا لگا کر نیپال کی واپسی کرائی۔ بعد میں پوڈیل اور کرن کے سی نیپال کو آخری اوور تک لے گئے اور آخری اوور میں نیپال کو جیت کیلئے۱۶؍ رن درکار تھے۔ نندن یادو نے نیدرلینڈس کے تیز گیند باز کائل کلین کی پہلی گیند پر ہی چوکا لگادیا اور پھر ۲۔ ۲؍ اور ۴؍ رن بناتے ہوئے ٹیم کا اسکور۸؍ وکٹ پر ۱۵۲؍ تک پہنچاکر میچ سپر اوور میں پہنچا دیا۔ 
 اس کے بعد میچ میں جیت ہار کا فیصلہ کرنے کیلئے سپر اوور کا سہارا لیا گیا۔ پہلے سپر اوور میں نیپال نے ایک وکٹ کے نقصان پر ۱۹؍رن بنائے۔ جواب میں نیدرلینڈس نے بغیر کوئی وکٹ گنوائے ۱۹؍رن بناکر میچ کو دوبارہ ٹائی کرادیا۔ 
 اب دوسرے سپر اوور میں نیدرلینڈس نے ایک وکٹ کے نقصان پر ۱۷؍رن بنائے۔ جواب میں نیپال نے بغیر کوئی وکٹ گنوائے ۱۷؍ رن بنائے اور میچ ایک بارپھر ٹائی ہوگیا۔ 
 تیسرے سپر اوور میں نیدرلینڈ کے جیک لیون کیچٹ نے شاندار گیندبازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نیپال کو ایک بھی رن نہیں بنانے دیا اور اس کے۲؍وکٹ جھٹک لئے۔ جواب میں نیدرلینڈس کے مائیکل لیوٹ نے سندیپ لامیچھانے کی پہلی ہی گیند پر چھکا لگا کر اپنی ٹیم کو تاریخی جیت دلادی۔ یہ پہلا موقع ہے کہ مردوں کی پیشہ ورانہ کرکٹ ٹی۔ ۲۰؍یا لسٹ ’اے‘ میچ تیسرے سپر اوور تک پہنچا ہے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK