روہت شرما اور وراٹ کوہلی کے ریٹائرمنٹ کے بعد ٹیم انڈیا ۲۰؍جون سے انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ کھیلے گی۔
EPAPER
Updated: June 11, 2025, 12:13 PM IST | Inquilab News Network | New Delhi
روہت شرما اور وراٹ کوہلی کے ریٹائرمنٹ کے بعد ٹیم انڈیا ۲۰؍جون سے انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ کھیلے گی۔
ہندوستانی ٹیسٹ کرکٹ ایک نئے دور میں قدم رکھ رہا ہے۔ روہت شرما اور وراٹ کوہلی کے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد ٹیم انڈیا ۲۰؍جون سے انگلینڈ کے خلاف ۵؍ ٹیسٹ میچوں کی سیریز نوجوان کپتان شبھمن گِل کی قیادت میں کھیلے گی۔ یہ نہ صرف گِل بلکہ پوری ہندوستانی ٹیم کے لئے ایک نئی شروعات ہوگی۔
گل کیلئے یہ کپتانی کا پہلا امتحان ہوگا۔ ان کا کریئر اب تک تکنیک اور اعتماد سے بھرپور رہا ہے لیکن بطور کپتان ذمہ داری اور دباؤ بالکل مختلف سطح کا ہوتا ہے۔ انگلینڈ کی تیز اور سوئنگ لینے والی پچوں پر ہندوستانی بلے بازوں نے ہمیشہ جدوجہد کی ہے اور اس بار بھی چیلنج کم نہیں ہوں گے۔ٹیم میں شامل کئی اہم کھلاڑی پہلے ہی انڈیا’ `اے‘ ٹیم کے ساتھ انگلینڈ پہنچ چکے تھے اور انگلینڈ لائنز کے خلاف پریکٹس میچ میں کئی کھلاڑیوں کی کارکردگی نے ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر کےلئے امیدیں جگائی ہیں۔کے ایل راہل نے ۱۱۶؍رنو ں کی شاندار اننگز کھیلی، جس میں ان کی تکنیک اور تحمل دونوں نمایاں نظر آئے۔ یہ اننگز نہ صرف راہل کے اعتماد کو بڑھائے گی بلکہ ٹیم انتظامیہ کو بھی یہ یقین دلائے گی کہ وہ انگلینڈ کے حالات میں ایک مضبوط کڑی ثابت ہو سکتے ہیں۔
کرون نائر نے بھی پہلے غیر رسمی ٹیسٹ میں دُہری سنچری بنا کر یہ واضح کر دیا تھا کہ وہ مڈل آرڈر کی ذمہ داری سنبھالنے کے لئے تیار ہیں۔ بطور کپتان انڈیا’ `اے‘ کی قیادت کرنے والے ابھیمنیو ایشورن اگرچہ پہلے میچ میں کچھ خاص نہیں کر سکے لیکن دوسرے میچ میں انہوں نے انگلینڈ لائنز کے خلاف ۸۰؍رن کی اننگز کھیل کر اپنی افادیت ثابت کی ہے۔ ہندوستان کو یہاں ۵؍ ٹیسٹ میچوں کی لمبی سیریز کھیلنی ہے۔ وراٹ اور روہت کی کپتانی میں ایشورن ہندوستانی ٹیم کا حصہ رہے لیکن انہیں کبھی انہیں آخری الیون میں موقع نہیں ملا، لیکن اب نئے کپتان گِل کی قیادت میں انہیں موقع مل سکتا ہے۔جہاں تک ٹیم کے امتزاج کی بات ہے تو یشسوی کے ساتھ کے ایل راہل اوپننگ کریں گے۔ ٹیم کی پریکٹس دیکھ کر لگ رہا ہے کہ تیسرے نمبر پر سائی سدرشن اور کپتان گِل خود چوتھے نمبر پر اتریں گے۔ کرون نائر پانچویں نمبر پر بلے بازی کریں گے۔ ایسے میں ایشورن کو متبادل اوپنر کے طور پر رکھا جائے گا اور ضرورت پڑنے پر انہیں اوپننگ میں اتارا جا سکتا ہے۔وہیں تیز گیندبازی میں جسپریت بمراہ، محمد سراج اور ارش دیپ سنگھ کی تثلیث ہندوستان کی امیدوں کا مرکز ہوگی۔ بمراہ کا تجربہ ، سراج کی جارحیت اور عرش دیپ کا سوئنگ ہندوستانی بولنگ اٹیک کو مزید خطرناک بنا دے گی۔
ٹیم انڈیا کے ہیڈ کوچ گوتم گمبھیر کی رہنمائی میں یہ نوجوان ٹیم تاریخ رقم کرنے کا خواب دیکھ رہی ہے۔ پچھلی بار ۲۰۰۷ءمیں راہل دراوڑ کی کپتانی میں ہندوستان نے انگلینڈ کو اس کی سرزمین پر شکست دی تھی۔ اب۱۷؍ سال بعد،ہندوستان کے پاس خود کو پھر سے ثابت کرنے کا سنہری موقع ہے۔ اس سیریز میں صرف ایک کپتان کا امتحان نہیں ہوگا، بلکہ پوری ٹیم کے حوصلے، تحمل اور اعتماد کی بھی اصلی آزمائش ہوگی۔ ہر کھلاڑی کو اپنا کردار سمجھنا ہوگا اور ٹیم کیلئے ہر گیند، ہر رن اور ہر کیچ میں اپنا بہترین تعاون دینا ہوگا۔ یہ سیریز ہندوستانی کرکٹ کا وہ باب بن سکتی ہے، جہاں نوجوان قیادت اور تجربے کا سنگم ہندوستان کو ایک نئی اونچائی پر لے جائےگی۔
پنت کے شاٹ سے چھت کی ٹائل ٹوٹی
پیر کو پریکٹس سیشن کے دوران وکٹ کیپر بلے باز رشبھ پنت اپنے روایتی انداز میں بلے بازی کرتے ہوئے نظر آئے۔ نیٹ پر بلے بازی کرتے ہوئے پنت نے واشنگٹن سندر کی گیند پر ایک تیز شاٹ لگایا اور گیند سیدھی گراؤنڈ کے باہر ایک چھت پر گری۔ پنت کا یہ شاٹ اتنا زبردست تھا کہ چھت پر لگی ٹائل تک ٹوٹ گئی۔ پنت کا یہ شاٹ سوشل میڈیا پر وائرل ہو گیا۔خیال رہے کہ ہندوستان کا مقصد۲۰۰۷ء کے بعد پہلی بار انگلینڈ میں ٹیسٹ سیریز جیتنا ہے۔ بی سی سی آئی نے ہندوستان کے ٹریننگ سیشن کی ایک جھلک اپنے سوشل میڈیا پر شیئر کی اور کیپشن میں لکھا’’ `ٹیم انڈیا کے انگلینڈ میں فارم میں اترنے کی پہلی جھلک۔ ‘‘ ویڈیو میں، ٹیم انڈیا کے تیز گیند باز جسپریت بمراہ، پرسدھ کرشنا، محمد سراج اور عرشدیپ سنگھ شامل تھے۔