Updated: November 14, 2025, 1:52 PM IST
|
Agency
| Dunedin, (New Zealand)
میزبان ٹیم نے ٹی۔۲۰؍سیریز تین ایک سے اپنے نام کر لی،جیکب کو مین آف دی میچ اور سیریز قرار دیا گیا۔
نیوزی لینڈ کے کھلاڑی سیریز جیتنے کے بعد ٹرافی کے ساتھ خوش دیکھے جا سکتے ہیں۔ تصویر: آئی این این
جیکب ڈفی نے ۳۵؍ رنوں کے عوض ۴؍ وکٹیں حاصل کیں جس کی بدولت نیوزی لینڈ نے جمعرات کو یہاں پانچویں ٹی ۔۲۰؍ انٹرنیشنل کرکٹ میچ میں ویسٹ انڈیز کو ۸؍ وکٹوں سے شکست دے کر سیریز تین ایک سے جیت لی۔ڈفی نے تیسرے اوور میں ۳؍ وکٹیں لے کر پہلے بلے بازی کرنے والی ویسٹ انڈیز کا اسکور ۴؍ وکٹوں کے نقصان پر ۲۱؍رن کر دیا۔ ڈفی نے بعد میں خطرناک نظر آنے والے روماریو شیفرڈ کو بھی پویلین بھیجا، جنہوں نے ۲۲؍ گیندوں پر ۳۶؍رن بنائے۔ اس طرح ویسٹ انڈیز کی ٹیم ۱۸ء۴؍اوور میں ۱۴۰؍رن بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ ونڈیز کیلئے روسٹن چیس نے سب سے زیادہ ۳۸؍رن بنائے۔ نیوزی لینڈ کے مضبوط گیند بازی کے سامنے ویسٹ انڈیز کے ۷؍ بلے باز دوہرے ہندسے تک بھی نہ پہنچ سکے۔
نیوزی لینڈ نے ۱۵ء۴؍اوورز میں ۲؍ وکٹوں کے نقصان پر ۱۴۱؍رن بنا کر آسانی سے جیت درج کی۔نیوزی لینڈ کی جانب سے افتتاحی بلے باز ڈیون کونوے نے ناقابل شکست ۴۷؍ رن بنائے۔ انہوں نے ٹم رابنسن کے ساتھ پہلی وکٹ کیلئے۶۹؍ رنوںکی شراکت قائم کی جنہوں نے ۲۴؍گیندوں پر ۴۵؍ رن بنائے۔ کونوے نے اس کے بعد راچن رویندرا (۲۱) کے ساتھ ۳۷؍ اور مارک چیپمین (ناٹ آؤٹ ۲۱) کے ساتھ ۳۵؍رنوں کی ۲؍ اہم شراکتیں کر کے ٹیم کو آسانی سے ہدف تک پہنچایا۔جیکب ڈفی کو ان کی شاندار کارکردگی پر پلیئر آف دی میچ اور پلیئر آف دی سیریز کے اعزاز سے نوازا گیا۔
واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز نے پہلا میچ ۷؍ رنوں سے جیتا تھا۔ نیوزی لینڈ نے دوسرا میچ۳؍ رنوں سے اور تیسرا میچ ۹؍رن سے جیتا۔ پیر کو چوتھا میچ بارش کی وجہ سے منسوخ کر دیا گیا تھا۔دونوں ٹیموں کے درمیان اب ۳؍ میچوں کی یک روزہ سیریز کھیلی جائے گی جس کا پہلا میچ اتوار کو کرائسٹ چرچ کے ہیگلی اوول میں ہو گا۔