Inquilab Logo Happiest Places to Work

نیمار برازیل کی فیفا ورلڈ کپ کی ٹیم میں شامل

Updated: May 19, 2026, 3:03 PM IST | Rio

نیمار کو جون میں ہونے والے فیفا ورلڈ کپ ۲۰۲۶ء کے لیے برازیل کی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ نیمار کی ڈھائی سال بعد قومی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔

Neymar.Photo:X
نیمار۔ تصویر:ایکس

نیمار کو جون میں ہونے والے فیفا ورلڈ کپ ۲۰۲۶ء کے لیے برازیل کی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ نیمار کی ڈھائی سال بعد قومی ٹیم میں واپسی ہوئی ہے۔خبر رساں ایجنسی ژنہواکی رپورٹ کے مطابق، منیجر کارلو اینسیلوٹی نے سانتوس کے اسٹار نیمار کے نام کا اعلان سب سے آخر میں کیا، جس سے حالیہ ہفتوں میں برازیلی میڈیا میں جاری سلیکشن سے متعلق بحث ختم ہو گئی۔ 


اینسیلوٹی نے ریو ڈی جنیرو میں ایک پریس کانفرنس میں کہاکہ ’’ہم نے نیمار کو اس لیے نہیں چُنا کہ ہمیں لگتا ہے کہ وہ ایک اچھا بیک اپ ہوں گے، بلکہ اس لیے چُنا ہے کیونکہ وہ اپنی خوبیوں سے ٹیم میں جان ڈال سکتے ہیں۔ چاہے وہ ایک منٹ کھیلیں یا ۹۰؍ منٹ۔ مجھے لگتا ہے کہ ہمیں پچ پر گزارے گئے مجموعی منٹس کے معیار پر توجہ دینی ہوگی۔ وہ تبھی کھیلیں گے جب وہ کھیلنے کے حقدار ہوں گے۔ اس کا فیصلہ ٹریننگ کرے گی۔ مجھے لگتا ہے کہ یہ ضروری ہے کہ ساری امیدیں صرف ایک کھلاڑی پر نہ ٹکی ہوں۔‘‘
۳۴؍ سالہ نیمار نے برازیل کے لیے اب تک ۱۲۸؍ بین الاقوامی میچ کھیل لیے ہیں۔ وہ ٹیم کے لیے ۷۹؍ گول کر چکے ہیں۔ وہ برازیل کے سب سے زیادہ گول کرنے والے کھلاڑی بھی ہیں۔ نیمار نے برازیل کی جرسی میں اپنا آخری میچ۲۰۲۳ء میں یوروگوئے کے خلاف ورلڈ کپ کوالیفائر میں کھیلا تھا، جہاں ان کے اینٹیریئر کروشیئیٹ لیگامنٹ (اے سی ایل) میں چوٹ لگ گئی تھی۔

یہ بھی پڑھئے:کیو ایس رینکنگ ۲۰۲۶ء: آئی آئی ٹی بہترین یونیورسٹیوں میں شامل


بارسلونا اور پیرس سینٹ جرمین کے سابق فارورڈ اس کے بعد سے انجریز سے نبرد آزما رہے ہیں۔ پچھلے سال جنوری میں اپنے بچپن کے کلب سانتوس میں واپسی کے بعد نیمار نے تمام مقابلوں میں ۳۸؍ میچوں میں ۱۷؍گول کیے ہیں۔ اینسیلوٹی نے کہاکہ ’’ہم نے پورے سال نیمار کا جائزہ لیا۔ وہ ایک اہم کھلاڑی ہیں اور اس ورلڈ کپ میں ہمارے لیے اہم ثابت ہوں گے۔ ان کی وہی ذمہ داری اور کردار ہے جو باقی۲۵؍ کھلاڑیوں کا ہے۔‘‘برازیل ورلڈ کپ میں اپنی مہم کا آغاز ۱۳؍ جون کو نیو جرسی میں مراکش کے خلاف کرے گا۔ اس کے بعد گروپ سی میں ٹیم کا اگلا مقابلہ ہیٹی اور اسکاٹ لینڈ سے ہوگا۔

یہ بھی پڑھئے:سرخیوں میں رہنے کے لیے اداکارکچھ بھی کر رہے ہیں ، کام سے پہچان بنائیں: میناکشی


فیفا ورلڈ کپ  ۲۰۲۶ء کے لیے برازیل کا اسکواڈ
گول کیپرز: ایلیسن (لیورپول)، ایڈرسن (فینرباخچے)، ویورٹن (گرمِیو)،ڈیفنڈرز: الیکس سینڈرو، ڈینیلو، لیو پیریرا (فلیمنگو)، بریمر (جووینٹس)، ایبانےز (الاہلی)، ویسلے (روما)، مارکینیوس (پیرس سینٹ جرمین)، گیبریل میگالہیس (آرسنل)، ڈگلس سانتوس (زینت سینٹ پیٹرزبرگ)،مڈفیلڈرز: برونو گیماریش (نیو کیسل)، کاسمیرُو (مانچسٹر یونائیٹڈ)، ڈینیلو سانتوس (باٹافوگو)، فیبینھو (الاتحاد)، لوکاس پاکیٹا (فلیمنگو)، فارورڈز:  اینڈرک (لیون)، گیبریل مارٹینیلی (آرسنل)، ایگور تھیاگو (برینٹفورڈ)، میتھیس کونیا (مانچسٹر یونائیٹڈ)، رافینھا (بارسلونا)، وینیسیئس جونیئر (ریئل میڈرڈ)، لوئز ہنریکے (زینت سینٹ پیٹرزبرگ)، نیمار (سانتوس)، ریان (بورنماؤتھ)۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK