Inquilab Logo

نکہت زرین نے کوریا کی کھلاڑی کو شکست دے کر کوارٹرفائنل میں داخلہ حاصل کیا

Updated: September 27, 2023, 9:53 PM IST | Hangzhou

ہندوستان کی اسٹار باکسر نکہت زرین نے بدھ کو ایشیائی کھیلوں میں۵۰؍ کلوگرام وزن کے زمرے میں کوریا کی چورونگ باک کو آسانی سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں داخلہ حاصل کر لیا

Boxer Nikhat Zarin. Photo:PTI
ہندوستانی مکے باز نکہت زرین۔ (تصویر:پی ٹی آئی)

ہندوستان کی اسٹار باکسر نکہت زرین نے بدھ کو ایشیائی کھیلوں میں۵۰؍ کلوگرام وزن کے زمرے میں کوریا کی چورونگ باک کو آسانی سے شکست دے کر کوارٹر فائنل میں داخلہ حاصل کر لیا۔ کوارٹر فائنل میں نکہت کا مقابلہ اردن کی ناصر حنان سے ہوگا۔ ۳؍ہندوستانی باکسر جمعرات کو ایکشن میں ہوں گے۔ مردوں کے ایونٹ میں دیپک بھوریا (۵۱؍ کلوگرام) کا مقابلہ ۲۰۲۱ءکے عالمی چمپئن  ٹومویا سوبوئی (جاپان) سے راؤنڈ آف۱۶؍میں ہوگا جبکہ نشانت دیو (۷۱؍ کلو گرام) پری کوارٹر فائنل میں ویتنام کے بوئی پیٹی سے مقابلہ کریں گے۔ خواتین کی۶۰؍ کلوگرام  زمرے میں جیسمین لمبوریا کا مقابلہ سعودی عرب کی حدیل غزوان سے ہوگا۔
نکہت  نے جارحانہ رویہ کے ساتھ اپنے باؤٹ کا آغاز کیا اور پورے میچ میں کورین باکسر پر حاوی رہیں۔ نکہت  نے دائیں اور بائیں ہک  کا بہت اچھا استعمال کیا اور پہلا راؤنڈ۰۔۵؍ سے جیت لیا۔دوسرے راؤنڈ میں انہوں نے کورین باکسر پر بیک ٹو بیک پنچ لگائے اور چورونگ باک مسلسل دباؤ میں نظر آئیں۔ اسی طرح دوسرے راؤنڈ میں بھی تمام ججوں کے متفقہ فیصلے (۰۔۵) سے  زرین  نے شاندار جیت حاصل کی۔اعتماد سے بھرپور نکہت  زرین نے تیسرے اور آخری راؤنڈ میں اپنے فٹ ورک کا بہترین استعمال کیا اور۰۔۵؍سے میچ جیت کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنانے میں کامیاب رہیں۔۲۷؍سالہ باکسر نے ہانگزو۲۰۲۳ء میں راؤنڈ آف۳۲؍میں ۵۰؍ کلو گرام  میں اپنی مہم کی شروعات ویتنام کی مکے باز گوئین تھی ٹیم کو شکست دے کر کی تھی۔
 دوسری طرف ہندوستان کے وشنو سراوانن نے بدھ کو مردوں کے ڈنگی  آئی ایل سی اے۷؍ سیلنگ مقابلے میں کانسہ کا تمغہ جیتا۔ ٹوکیو اولمپین  وشنو سراوانن نے چین میں جاری۱۹؍ویں ایشیائی کھیلوں میں بدھ کو ۱۱؍ ریس میں۳۴؍  نیٹ پوائنٹس کے ساتھ کانسہ کا تمغہ جیتا۔ سنگاپور کے لو جون ہان ریان نے  مردوں کی ڈنگی میں خالص۲۶؍ پوائنٹس کے ساتھ طلائی تمغہ جیتا جبکہ جنوبی کوریا نے چاندی کا تمغہ حاصل کیا۔
قابل ذکر ہے کہ سیلنگ میں سب سے کم  نمبر حاصل کرنے والے کو فاتح قرار دیا جاتا ہے۔ سراوانن چاندی کا تمغہ ایک  پوائنٹ سےگنوا بیٹھے۔ خواتین کی ڈنگی   آئی ایل سی اے میں، نیترا کمانن  اپنی۱۱؍ ریس کی سیریز میں خالص۴۱؍ پوائنٹس کے ساتھ میڈل کی دوڑ سے باہر  رہیں۔ ملائیشیا کی بنت محمد لطیف نور شجرین (۲۵ )، ہانگ کانگ کی چین کی  نارٹن اسٹیفنی لیوس (۳۷) اور سنگاپور کی چان جِنگ ہوا وکٹوریہ (۳۸) نے  پوڈیم میں جگہ بنائی۔ وشنو سراوانن کے کانسہ کے تمغے نے ۳؍ تمغوں کے ساتھ ہندوستان کی ایشین گیمز کی سیلنگ مہم کا خاتمہ کردیا۔ قبل  ازیں منگل کو، نیہا ٹھاکر نے لڑکیوں کی ڈنگی آئی ایل سی اے  ۴؍میں چاندی  اور عباد علی نے مردوں کے ونڈ سرفر آر ایس :ایکس ایونٹ میں کانسہ کا تمغہ  جیتا تھا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK