• Fri, 25 September, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ہندوستان میں فٹبال کلچر نہیں، کارلو اینچیلوتی کا بیان، ۳ اکتوبر کو برازیل سے مقابلہ

Updated: September 24, 2026, 10:04 PM IST | Kolkata

برازیل کے ہیڈ کوچ اور معروف اطالوی کوچ کارلو اینچیلوتی نے ہندوستان میں فٹبال کے ڈھانچے اور کلچر پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہندوستان میں فی الحال فٹبال کی مضبوط ثقافت موجود نہیں ہے اور ملک کو نئی نسل کے کھلاڑی تیار کرنے کے لیے گراس روٹس سطح پر مزید کام کرنے کی ضرورت ہے۔

Carlo Ancelotti.Photo:X
کارلو اینچیلوتی۔ تصویر:ایکس

برازیل کے ہیڈ کوچ اور معروف اطالوی کوچ  کارلو اینچیلوتی  نے  ہندوستان میں فٹبال کے ڈھانچے اور کلچر پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہندوستان میں فی الحال فٹبال کی مضبوط ثقافت موجود نہیں ہے اور ملک کو نئی نسل کے کھلاڑی تیار کرنے کے لیے گراس روٹس سطح پر مزید کام کرنے کی ضرورت ہے۔ اینچیلوتی کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب برازیل اور بھارت کے درمیان تاریخی دوستانہ میچ کی تیاریاں جاری ہیں۔

یہ بھی پڑھئے:ویر داس کو’ ’فُل والیوم‘‘ کے لیے تیسری بار انٹرنیشنل ایمی میں نامزدگی ملی

ہندوستان اور برازیل کی قومی ٹیمیں ۳؍ اکتوبر ۲۰۲۶ء کو کولکاتا کے سالٹ لیک اسٹیڈیم میں آمنے سامنے ہوں گی۔ یہ دونوں ٹیموں کے درمیان پہلی سینئر مینز انٹرنیشنل ملاقات ہوگی۔ اینچیلوتی نے کہا کہ وہ پہلی مرتبہ ہندوستان آنے اور کولکاتا میں میچ کھیلنے کے لیے خاصے پرجوش ہیں۔ ایک انٹرویو میں کارلو اینچیلوتی نے ہندوستان کے فٹبال کلچر کے بارے میں کہا کہ ملک کو ایک نئی نسل کے کھلاڑی تیار کرنے کے لیے بنیادی سطح پر کام کرنا ہوگا۔ ان کے مطابق ہندوستان میں دیگر کھیلوں میں دلچسپی اور صلاحیت موجود ہے، تاہم فٹبال میں مضبوط اور مستقل کھلاڑیوں کی نسل تیار کرنے کے لیے بہتر نظام کی ضرورت ہے۔
اینچیلوتی نے اس بات پر بھی زور دیا کہ برازیل کے لیے مختلف ممالک اور مختلف فٹبال کلچرز کو جاننا اہم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہندوستان کو عالمی معیار کی ٹیموں کے خلاف کھیلنے کا زیادہ تجربہ حاصل نہیں ہے، لیکن برازیل کے لیے یہ جاننا بھی مفید ہوگا کہ ہندوستانی ٹیم کس انداز میں فٹبال کھیلتی ہے۔ کارلو اینچیلوتی نے کہا کہ انہوں نے ابھی تک ہندوستان کا سفر نہیں کیا ہے اور وہ کولکاتا آنے کے لیے بہت پرجوش ہیں۔ برازیل کے کوچ نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ برازیل کے مداح دنیا کے تقریباً ہر حصے میں موجود ہیں، اس لیے ہندوستان میں کھیلنا برازیلی شائقین کے ساتھ ساتھ ہندوستان فٹبال مداحوں کے لیے بھی خاص موقع ہوگا۔  
ہندوستان میں فٹبال کی مقبولیت خاص طور پر کولکاتا اور کیرالہ جیسے علاقوں میں نمایاں ہے۔ اگرچہ قومی ٹیم عالمی سطح پر برازیل جیسی بڑی ٹیموں کے مقابلے میں مختلف مقام رکھتی ہے، لیکن ہندوستان میں برازیل کے مداحوں کی ایک بڑی تعداد موجود ہے اور کولکاتا میں برازیل کے خلاف میچ کو لے کر خاصا جوش دیکھا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھئے:جیانی انفانٹینو تحقیقات میں تعاون نہیں کر رہے: امریکی عدالتی کمیٹی

اینچیلوتی نے ہندوستان کے خلاف ہونے والے مقابلے کو محض ایک رسمی دوستانہ میچ قرار دینے سے بھی گریز کیا۔ انہوں نے واضح کیا کہ برازیل کے لیے کوئی بھی انٹرنیشنل میچ آسانی سے نظرانداز کرنے والا مقابلہ نہیں ہوتا۔ان کے مطابق یہ میچ تیاری کے لیے ضرور ہے، لیکن برازیل ہر مقابلے کو سنجیدگی سے لیتا ہے۔ مختلف کھلاڑیوں کو موقع دینا اور ان کی صلاحیتوں کا جائزہ لینا بھی ان دوستانہ مقابلوں کا اہم مقصد ہے۔ تازہ فیفا رینکنگ کے مطابق ہندوستان ۱۳۸؍ویں نمبر  پر ہے، جبکہ برازیل  پانچویں نمبر  پر موجود ہے۔ ہندوستان اب تک مردوں کے فیفا ورلڈ کپ کے فائنل مرحلے کے لیے کوالیفائی نہیں کرسکا ہے۔ ۲۰۲۶ء کے ورلڈ کپ کوالیفائنگ مرحلے میں بھی ہندوستان کی مہم تیسرے راؤنڈ تک پہنچنے سے پہلے ہی ختم ہوگئی تھی۔ 
ہندوستان ۲۰۲۷ء کے اے ایف سی ایشین کپ کے لیے بھی کوالیفائی نہیں کرسکا۔ دوسری جانب برازیل دنیا کی کامیاب ترین فٹبال ٹیموں میں شامل ہے اور پانچ مرتبہ ورلڈ کپ جیت چکا ہے۔ اینچیلوتی اس وقت برازیل کی قومی ٹیم کو ۲۰۳۰ء کے ورلڈ کپ کے لیے تیار کرنے کے نئے مرحلے میں ہیں۔ ۲۰۲۶ء کے ورلڈ کپ میں برازیل کو ناروے کے ہاتھوں پری کوارٹر فائنل میں شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، جس کے بعد ٹیم میں نئی نسل کے کھلاڑیوں کو شامل کرنے پر توجہ دی جا رہی ہے۔ اینچیلوتی کے مطابق آسٹریلیا اور ہندوستان کے خلاف دوستانہ میچز انہیں ایسے کھلاڑیوں کو دیکھنے کا موقع دیں گے جنہیں وہ ابھی پوری طرح نہیں جانتے۔ ان کا مقصد مستقبل کے بڑے مقابلوں کے لیے کھلاڑیوں کا ایک مضبوط گروپ تیار کرنا ہے۔ برازیل کے اسکواڈ میں وینیسیئس جونیئر، رافینیا، برونو گیماریش، گیبریئل میگالیش اور دیگر نمایاں کھلاڑی شامل ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK