فائنل میں ساؤتھ دہلی سپر اسٹارز کو ۶؍وکٹوں سے شکست دے دی،ناظمہ سلطانہ کی شاندار کارکردگی۔
EPAPER
Updated: September 04, 2026, 12:50 PM IST | Agency | Dubai
فائنل میں ساؤتھ دہلی سپر اسٹارز کو ۶؍وکٹوں سے شکست دے دی،ناظمہ سلطانہ کی شاندار کارکردگی۔
نارتھ دہلی اسٹرائیکرز نے گزشتہ رات ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے دہلی پریمیر لیگ (ڈی پی ایل) ۲۰۲۶ء ویمنز زون کے فائنل میں ساؤتھ دہلی سپر اسٹارز کو ۶؍ وکٹوں سے شکست دے کر خطاب اپنے نام کر لیا۔ ۱۲۳؍ رنوں کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے اسٹرائیکرز نے ۱۹؍ اوورز میں ۴؍وکٹوں کے نقصان پر ۱۲۸؍رن بنا کر خطاب پر قبضہ کیا۔
اس سے پہلے ساؤتھ دہلی سپر اسٹارز نے مقررہ ۲۰؍ اوورز میں ۶؍ وکٹوں کے نقصان پر ۱۲۲؍ رن بنائے تھے۔ کپتان شویتا سہراوت نے ۳۲؍ گیندوں پر ۳۱؍رن بنائے جبکہ وکٹ کیپر نشیکا سنگھ نے ۳۰؍گیندوں پر ناٹ آؤٹ ۳۹؍ رنوں کی اہم اننگز کھیلی۔ اپیکشا نے ۴؍ اوورز میں محض ۱۳؍رن دے کر کفایتی گیندبازی کی۔
یہ بھی پڑھئے: توحید ہردوئے کی ریکارڈ ساز اننگز نے ٹیسٹ کرکٹ کے دروازے پر پھر دستک دے دی
ہدف کا تعاقب کرنے اتری نارتھ دہلی کو اپاسنا یادو نے تیز رفتار شروعات دلائی لیکن سپر اسٹارز نے ۲؍ ابتدائی وکٹیں حاصل کر کے اسکور ۱۵؍ رن پر ۲؍ وکٹ کر دیا۔ اس کے بعد کپتان آیوشی سونی اور ارچنا نے اننگز کو سنبھالا۔ آیوشی نے ۳۹؍ گیندوں پر ۴۳؍ اور ارچنا نے ۳۶؍ گیندوں پر ۴۰؍ رن بنائے۔ دونوں نے اہم شراکت داری کر کے ٹیم کو فتح کی راہ پر گامزن کیا۔ آخری ۴؍ اووروںمیں ۲۰؍رنوں کی ضرورت تھی اور ناظمہ سلطانہ نے دباؤ میں شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ناٹ آؤٹ ۲۴؍رن بنائے۔ سمائرا راگھو نے بھی ناٹ آؤٹ ۷؍ رنوں کی اننگز کھیلی، جس میں ایک چھکا شامل تھا۔ناظمہ سلطانہ کو ان کی جارحانہ بلے بازی کیلئے آل راؤنڈر آف دی میچ کے ایوارڈ سے نوازا گیا جنہوںنے گیندبازی کرتے ہوئے ایک وکٹ بھی حاصل کیاتھا۔ نارتھ دہلی نے ۱۹؍ ویں اوور میں ہدف حاصل کر کے ایک یادگار فتح درج کی۔