محکمہ تعلیم کے اعلیٰ افسران ریاست بھر میں سرکاری اسکولوںکا دورہ کرکے وہاں کی صورتحال کا جائزہ لیں گے۔
EPAPER
Updated: September 04, 2026, 1:56 PM IST | Saadat Khan | Mumbai
محکمہ تعلیم کے اعلیٰ افسران ریاست بھر میں سرکاری اسکولوںکا دورہ کرکے وہاں کی صورتحال کا جائزہ لیں گے۔
کاکروچ جنتا پارٹی کی طرف سے شروع کی گئی ’اسکول ٹھیک کرو‘ مہم رنگ لا تی نظر آ رہی ہے۔ اسی تناظر میں ریاستی محکمہ تعلیم نے ’چلا شالیت جائویا‘( چلو اسکول چلیں) مہم شروع کی ہے جس کے تحت محکمہ تعلیم کے اعلیٰ افسران اسکولوں کا دورہ کریں گے۔ اس دوران اسکولوں میں صفائی، محفوظ عمارت، صاف پینے کاپانی، بیت الخلاء اور دیگر انفراسٹریکچر کا معائنہ کیا جائے گا۔ مہاراشٹر کے محکمۂ اسکولی تعلیم نے ایک روز قبل اس مہم کا اعلان کیا جس کے تحت سینئر افسران ۴؍دن تک اسکولوں کا دورہ کریں گے تاکہ ان کے بنیادی ڈھانچے، تدریسی معیار اور طلبہ کی ضروریات کا جائزہ لیا جاسکے۔
یہ بھی پڑھئے:کانگریس کے تمام میونسپل کارپوریٹر سبھی بی ایم سی اسکولوں کا جائزہ لیں گے
ریاستی وزیر تعلیم دادا بھُسے نے ممبئی میں محکمہ تعلیم کے سینئر افسران کیلئے بدھ کو ایک روزہ ورکشاپ منعقد کیا تھا جس کے بعد ایک پریس کانفرنس میں اس مہم کا اعلان کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری فیصلوں کو بالآخر کلاس روم اور طلبہ کی ترقی میں ظاہر ہونا چا ہئے ۔سرکاری دفاتر میں کئے گئے فیصلوں کا اثر کلاس روم کے اندر اور طلبہ کی ترقی پر نظر آتا ۔ لہٰذا اس مہم کے تحت سینئر افسران اپنے مختص کردہ اضلاع میں اسکولوں کے ۴؍ روزہ خصوصی دورے کریں گے اور ان کی اصل حالت کا جائزہ لیں گے۔ صاف ستھرا ماحول، اسکول کی محفوظ عمارتیں، پینے کا پانی اور صاف بیت الخلا ء، یہ کلیدی اجزاء ہوں گے جن کا وہ جائزہ لیں گے۔
یہ بھی پڑھئے:ایس آئی آر سے متعلق رہنمائی کیلئے مدنپورہ میں ہیلپ ڈیسک قائم
دادابھُسے نے کہا کہ ’’بڑے فنڈ کا انتظار کئے بغیر مقامی اقدامات اور عوامی شراکت کے ذریعے بھی اسکولوں میں بہتری لائی جا سکتی ہے ۔ معائنہ کے عمل اور شیڈول کا الگ سے اعلان کیا جائے گا۔‘‘ واضح رہے کہ یہ مہم اس وقت سامنے آئی ہے جب سی جے پی کے’ اسکول ٹھیک کرو‘ مہم نے سرکاری اسکولوں میں بنیادی ڈھانچے، صفائی، نصابی کتب اور اساتذہ کی دستیابی سمیت دیگر مسائل کو اُجاگر کیا ہے ۔ حکام کو براہ راست اسکولوں میں بھیجنے کے ریاست کے فیصلے سے اسکولوں میں تعلیم کے معیار کو متاثر کرنے والے مسائل کا زمینی سطح پر جائزہ لینے کی اُمید ہے ۔
محکمہ تعلیم کے ایک سینئر افسر نے بتایا کہ ’’حکومت ریاست بھر میں اسکول مینجمنٹ کمیٹیوں (ایس ایم سی) کے ساتھ میٹنگوں کا بھی منصوبہ بنا رہی ہے تاکہ مقامی سطح پر بھی اقدامات ہو سکیں۔ ایس ایم سی کو اپنے اسکولوں کی ترقی کی ذمہ داری لینی چاہئے۔ جب تک وہ ذمہ داری نہیں لیں گے، اسکولوں کی ترقی التواء میں رہے گی۔ ‘