شہرومضافات میں۴؍ ہزار ڈرائیوروں کی جانچ کی گئی جن میں سے۶۰۴؍ ڈرائیور مراٹھی بول نہیں پارہے تھے۔۳۰؍ ستمبر تک مہم جاری رہے گی.
EPAPER
Updated: August 21, 2026, 11:05 AM IST | Shahab Ansari | Mumbai
شہرومضافات میں۴؍ ہزار ڈرائیوروں کی جانچ کی گئی جن میں سے۶۰۴؍ ڈرائیور مراٹھی بول نہیں پارہے تھے۔۳۰؍ ستمبر تک مہم جاری رہے گی.
آر ٹی او کے فلائنگ اسکواڈ نے جمعرات سے ڈرائیوروں کی مراٹھی زبان جاننے کی جانچ شروع کردی اور شہر و مضافات سمیت پوری ریاست میں مراٹھی نہ جاننے والے ڈرائیوروں کو نوٹس جاری کئے جارہے ہیں۔ البتہ بہت سے عام اہل مراٹھی بھی ڈرائیوروں سے مراٹھی میں ہی بات کرنے پر زور دینے لگے اور مراٹھی نہ بول پانے پر ان کا ویڈیو بنایا جس سے ڈرائیوروں کی ان سے بحث کے ویڈیو بھی وائرل ہوئے۔
محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے فراہم کئے گئے اعداد و شمار کے مطابق ممبئی شہرو مضافات میں ۲۰؍ اگست کو فلائنگ اسکواڈ نے کل۳؍ ہزار۹۹۵؍ ڈرائیوروں سے مراٹھی میں گفتگو کرکے ان کی مراٹھی کی جانچ کی جن میں سے۶۰۵؍ ڈرائیور ایسے پائے گئے جو مراٹھی نہیں جانتے تھے اس لئے ان کو نوٹس جاری کرکے ایک مہینے کی مہلت دی گئی ہے کہ وہ اس عرصہ میں مراٹھی سیکھ لیں۔ نوٹس جاری کرتے وقت ان سے پوچھا گیا کہ ان کے خلاف کارروائی کیوں نہ کی جائے۔ یہ سوال ڈرائیوروں کو جاری کئے جارہے وجہ بتاؤ نوٹس کا حصہ ہے۔
یہ بھی پڑھئے:ریزرویشن کے نام پر مراٹھا اور اوبی سی آمنے سامنے
ممبئی کے علاوہ ریاست کے دیگر حصوں میں ۴؍ہزار ۲۲۲؍ ڈرائیوروں کی جانچ کی گئی جن میں سے۶۶۴؍ ڈرائیوروں کو نوٹس جاری کئے گئے ہیں۔
ریاستی وزیر برائے ٹرانسپورٹ پرتاپ سرنائک نے اس قانون کے تعلق سے جمعرات کو بیان دیا کہ مہاراشٹر میں برسرروزگار کمرشیل ڈرائیوروں کا مراٹھی جاننا صرف قانون کا مسئلہ نہیں ہے بلکہ یہ مسافروں کی سہولت اور تحفظ سے بھی جڑا ہوا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ڈرائیوروں کو مراٹھی سیکھنے کیلئے مناسب مہلت دی جارہی ہے اس لئے اگر کوئی مقررہ مدت میں قواعد پر عمل کرتا پایا گیا تو اس کا بیج اور ڈرائیونگ لائسنس منسوخ کرنے جیسی سخت کارروائی بھی کی جائے گی۔
واضح رہے کہ ڈرائیوروں سے امید کی جارہی ہے کہ وہ مراٹھی کےکم از کم روزانہ استعمال ہونے والے جملے سیکھ لیں۔ اس لئے جانچ کیلئے۱۶؍ سوالات تیار کئے گئے ہیں جو ڈرائیوروں سے پوچھے جارہے ہیں ان میں’’ماجھا ناؤ فلاں آہے (میرا نام فلاں ہے)‘‘، ’’ملا سی این جی بھرائے چے آہے، تھوڑا تھامبا وا لاگیل (مجھے سی این جی بھروانی ہے، تھوڑا انتظار کرنا پڑے گا)‘‘، ’’ماجھی رکشا/ٹیکسی شیئرنگ چی آہے (میری رکشا/ٹیکسی شیئرنگ ہے)‘‘ اور’’میٹر چالو کیلے آہے (میٹر چالو کردیا ہے)‘‘ جیسے جملے شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھئے:دنیا کے سب سے کم عمر پروفیسرتھامس پڑھانے کیساتھ ساتھ اعلیٰ تعلیم بھی حاصل کررہے ہیں
ٹیکسی ڈرائیورمراٹھی میں بول نہیں پایا
جن مقامات پر آر ٹی او افسران نے جانچ کی ان میں شدید بھیڑ بھاڑ والا دادر ریلوے اسٹیشن بھی شامل تھا۔ اسٹیشن کے باہر کئی ٹیکسی ڈرائیوروں سے جانچ کی گئی۔ ایسے ہی ایک ڈرائیور بابل ناتھ مشرا جب مراٹھی میں بات نہیں کرسکے تو وہاں موجود افسر نے ان سے مراٹھی میں ہی کہا کہ مراٹھی سکھانے کا انتظام کیا گیا تھا لیکن آپ لوگ وہاں بھی نہیں آئے۔ پھر کہا کہ کچھ تو مراٹھی میں بولو اور پھر خود ہی کہا کہ کہو’’ماجھا ناؤ بابل ناتھ مشرا آہے‘‘تاہم بابل ناتھ اس میں بھی ناؤ کی جگہ نام کہہ گئے جس پر انہیں نوٹس دے کر ایک مہینے میں مراٹھی سیکھنے کو کہا گیا۔
مراٹھی آنے کے باوجود آرٹی او افسر سے بحث
دادر پر ہی ایسا بھی ہوا کہ اسسٹنٹ آر ٹی او افسر سنتوش سن لکھے نے بتایا کہ ایک ٹیکسی ڈرائیور خود ان کے پاس آیا۔ انہوں نے اس سے مراٹھی میں چار سوالات پوچھے تو اس نے صحیح جواب دیئے، اس کے پاس سب دستاویز بھی تھے جس پر اسے جانے کو کہا گیا تو وہ نہیں گیا اور بحث کرنے لگا۔ انسپکٹر سنتوش کے مطابق انہیں محسوس ہوا کہ یہ ڈرائیور ذہنی طور پر پریشان ہے اور اس نے کوئی ایسی حرکت نہیں کی تھی جس پر اس کے خلاف قانونی کارروائی کی جاتی اس لئے انہوں نے اس پر کوئی کارروائی نہیں کی۔