Inquilab Logo

نوواک جوکووچ ٹینس کے اوپن دور میں سب سے زیادہ گرینڈ سلیم جیتنے والے پہلے کھلاڑی

Updated: September 12, 2023, 11:38 AM IST | Agency | New York

سربیائی اسٹار نے یو ایس اوپن کے فائنل میں روس کے ڈینیل میدویدیف کو ۳؍سیٹوں میں آسانی سے شکست دے دی۔ نوواک جوکووچ نے چوتھا یو ایس اوپن اپنے نام کیا

Novak Djokovic. Photo. INN
نوواک جوکووچ۔ تصویر:آئی این این

سربیا کے نوواک جوکووچ نے یو ایس اوپن ۲۰۲۳ء کا ٹائٹل جیت لیا ہے۔ فائنل میں انہوں نے روس کے ڈینیل میدویدیف کو شکست دے دی۔ یہ جوکووچ کا ۲۴؍ واں گرینڈ سلیم اور چوتھا یو ایس اوپن مینز سنگلز ٹائٹل ہے۔اس کے ساتھ ہی جوکووچ نے میدویدیف سے ۲۰۲۱ء کے فائنل میں ملنے والی شکست کا حساب بھی بیباق کردیا ہے۔سربیا کے اسٹار نے گرینڈ سلیم جیتنے کے معاملے میں سابق آسٹریلوی ٹینس اسٹار مارگریٹ کورٹ کی برابری کر لی ہے۔ جوکووچ۲۴؍ گرینڈ سلیم کے ساتھ مردوں کے سنگلز میں سب سے زیادہ خطاب جیتنے والے کھلاڑی بن گئے ہیں ۔

میچ کے بعد جوکووچ نے کہاکہ ’’میں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ میں یہاں آپ کے ساتھ۲۴؍ ویں گرینڈ سلیم کے بارے میں بات کروں گا۔ میں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ یہ حقیقت ہوگی لیکن پچھلے کچھ برسوں میں مجھے ایسا لگا جیسے میرے پاس ایک موقع ہے، میرے پاس تاریخ رقم کرنے کا موقع ہے اور اگر یہ دستیاب ہے تو کیوں نہ اس موقع سے فائدہ اٹھایا جائے۔ اس فتح کے ساتھ جوکووچ نے اپنے روسی حریف میدویدیف سے۲۰۲۱ء کا بدلہ لے لیا جب میدویدیف نے انہیں سیدھے سیٹوں میں شکست دے کر ان کی جیت کی رفتار کو بریک لگا دی تھی۔ جوکووچ۱۹۶۹ء میں راڈ لیور کے بعد ایک ہی سال میں چاروں گرینڈ سلیم جیتنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے۔
 نیویارک کے مارگریٹ کورٹ میں کھیلے جانےوالے فائنل میں جوکووچ نے ڈینیل میدویدیف کو سخت مقابلے میں ۳۔۶، ۶۔۷، ۳۔۶؍ سے شکست دی۔۳۶؍ سالہ جوکووچ نے پہلا سیٹ آسانی سے ۳۔۶؍سے جیت لیا۔ میدویدیف نے دوسرے سیٹ میں واپسی کی کوشش کی لیکن جوکووچ نے دوسرا سیٹ بھی ۶۔۷؍سے جیت لیا۔تیسرے سیٹ میں آسانی سے۳۔۶؍سے جیت کر انہوں نے اپنا ریکارڈ۲۴؍ واں گرینڈ سلیم خطاب جیت لیا۔ خیال رہے کہ جوکووچ کو۲۰۲۱ء میں یو ایس اوپن کے فائنل میں میدویدیف کے خلاف شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
جوکووچ کا یہ چوتھا یو ایس اوپن ٹائٹل ہے۔ اس سے قبل انہوں نے۲۰۱۱ء، ۲۰۱۵ء اور ۲۰۱۸ء میں یو ایس اوپن کا ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔ جوکووچ ریکارڈ ۳۶؍ویں مرتبہ گرینڈ سلیم فائنل میں پہنچے اور۲۴؍ ٹائٹل جیتے۔ جوکووچ اوپن ایرا میں ۲۴؍ گرینڈ سلیم جیتنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے ہیں ۔ اس سے قبل جوکووچ سب سے زیادہ گرینڈ سلیم (مرد اور خواتین کے سنگلز) جیتنے کے معاملے میں سیرینا ولیمز (۲۳؍ گرینڈ سلیم) کے برابر تھے۔ مارگریٹ کورٹ نے بھی کل ۲۴؍ گرینڈ سلیم جیتے ہیں لیکن ان میں سے ۱۳؍ اوپن ایرا سے پہلے کے تھے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK