Inquilab Logo

رابنسن، محمد سمیع کے ویڈیوز دیکھ کر گیندبازی کی مشق کررہے ہیں

Updated: January 21, 2024, 1:44 PM IST | Agency | Abu Dhabi

ٹیم انڈیا کے تیز گیندبازسمیع تیسرے ٹیسٹ سے ٹیم انڈیا میں شامل ہوسکتے ہیں لیکن ان کا خوف انگلینڈ کے بلے بازوں کے علاوہ تیز گیند بازوں میں بھی نظر آرہا ہے۔

Mohammed Shami . Photo: INN
محمد سمیع ۔ تصویر : آئی این این

افغانستان کے خلاف ٹی ۲۰؍ سیریز جیتنے کے بعد ٹیم انڈیا اب ۲۵؍ جنوری سے انگلینڈ کے خلاف ۵؍ ٹیسٹ میچوں کی سیریز جیتنے کی کوشش کرے گی۔ سیریز کا پہلا میچ حیدرآباد میں کھیلا جائے گا۔ بی سی سی آئی نے پہلے ۲؍ ٹیسٹ میچوں کیلئے ٹیم انڈیا کا اعلان کر دیا ہے جس میں فی الحال محمد سمیع کا نام نہیں ہے۔ سمیع تیسرے ٹیسٹ سے ٹیم انڈیا میں شامل ہوسکتے ہیں لیکن ان کا خوف انگلینڈ کے بلے بازوں کے علاوہ تیز گیند بازوں میں بھی نظر آرہا ہے۔ 
 ہندوستانی دورے سے قبل انگلینڈ کے تیز گیند باز اولی رابنسن نے اعتراف کیا کہ سمیع گیند کی `سیم کو بہت اچھی طرح سے استعمال کرتے ہیں اور وہ ان کے ویڈیوز دیکھ کر اس فن کی مشق کر رہے ہیں۔ انگلینڈ کی ٹیم اس وقت ابوظہبی میں ہندوستان جیسے حالات میں پریکٹس کر رہی ہے اور پہلے ٹیسٹ میچ کیلئے ۲۱؍ جنوری کو حیدرآباد پہنچے گی۔ ہندوستان کے خلاف ۲۰۲۱ء کی سیریز میں نیٹ گیندباز کا کردار ادا کرنے والے رابنسن سے توقع ہے کہ وہ اسٹورٹ براڈ کے ریٹائرمنٹ کے بعد آئندہ سیریز میں بڑا کردار ادا کریں گے۔ 
رابنسن نے کہا کہ میںدراصل محمد سمیع کی طرح سیدھے سیم کے ساتھ گیندبازی کی مشق کر رہا ہوں۔ وہ ہندوستان کے بہترین گیند بازوں میں سے ایک ہیں۔ میں نے ایشانت شرما کو بھی بولنگ کرتے دیکھا ہے۔ اس نے کچھ عرصہ سسیکس کیلئے کھیلا ہے اور طویل عرصے تک ہندوستان کیلئے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ وہ بھی میری طرح لمبے ہیں۔ 
رابنسن نے ہندوستان کے پچھلے دورۂ انگلینڈ میں۲۱؍ وکٹ حاصل کئے تھےاس کے باوجود ہندوستانی وکٹوں پر چیلنج مختلف ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ایسا لگتا ہے کہ آپ نہیں جانتے کہ آپ کس قسم کی تیاری کر رہے ہیں۔ یہ ایک قسم کا چیلنج ہے جس کا میں نے پہلے کبھی سامنا نہیں کیا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK