خواتین ٹیم کی اوپننگ بلے باز اسمرتی مندھانا سرفہرست جنوبی افریقہ کی لورا وولورڈٹ سے صرف۱۱؍ رینکنگ پوائنٹس سے پیچھے ہیں۔
EPAPER
Updated: May 14, 2025, 11:51 AM IST | Agency | Dubai
خواتین ٹیم کی اوپننگ بلے باز اسمرتی مندھانا سرفہرست جنوبی افریقہ کی لورا وولورڈٹ سے صرف۱۱؍ رینکنگ پوائنٹس سے پیچھے ہیں۔
ہندوستان کی معروف بلے باز اسمرتی مندھانا کو اپنی حالیہ شاندار فارم کا صلہ ملا ہے اور وہ آئی سی سی خاتون بین الاقوامی ایک روزہ پلیئر رینکنگ میں دوسرے نمبر پر پہنچ گئی ہیں۔
سری لنکا میں حال ہی میں ختم ہونے والی سہ فریقی سیریز میں ہندوستان کی خطابی جیت میں اہم کردار ادا کرنے والی اسٹار اوپننگ کھلاڑی اسمرتی مندھانا آئی سی سی ویمن ون ڈے بیٹنگ رینکنگ میں ایک درجے کے فائدے کے ساتھ دوسرے نمبر پر پہنچ گئی ہیں، جس سے ان کی نظریں ایک بار پھر سرفہرست پوزیشن حاصل کرنے پر مرکوز ہیں۔ آخری بار۲۰۱۹ء میں نمبر ون ون ڈے بلے باز بننے والی مندھانا نے سری لنکا اور جنوبی افریقہ کے خلاف حال ہی میں ختم ہونے والی سیریز کی ۵؍ اننگز میں۲۶۴؍ رن بنائے اور سیریز کی دوسری سب سے کامیاب بلے باز رہیں۔ سری لنکا کے خلاف فائنل میں۱۰۱؍ گیندوں پر۱۱۶؍ رن کی اننگز کھیلنے والی مندھانا سرفہرست جنوبی افریقہ کی لورا وولورڈٹ سے صرف۱۱؍ رینکنگ پوائنٹس سے پیچھے ہیں۔ وولورڈٹ سہ فریقی سیریز میں صرف۸۶؍ رن بنا سکیں۔
اسمرتی مندھانا نے حال ہی میں سری لنکا اور ساؤتھ افریقہ کے خلاف ہندوستان کی جیت میں ٹرائی سیریز کے دوران شاندار کارکردگی کامظاہرہ کیا تھا، جہاں بائیں ہاتھ کی اس بلے بازنے ۵؍ اننگز میں۲۶۴؍ رن بنائے اور ٹورنامنٹ کی دوسری سب سے زیادہ رن بنانے والی کھلاڑی رہیں۔اس سے مندھانا بین الاقوامی ایک روزہ ( او ڈی آئی) بلے بازوں کی تازہ رینکنگ میں ایک درجہ چھلانگ لگا کر مجموعی طور پر دوسرے نمبر پر پہنچ گئی ہیں اور اب وولورڈٹ کے ساتھ ان کا فرق صرف۱۱؍ رینکنگ پوائنٹس رہ گیا ہے کیونکہ جنوبی افریقہ کی بلے باز نے سری لنکا میں ہونے والی سہ رخی سیریز میں اچھی کارکردگی پیش نہیں کی تھی اور زیادہ رن نہیں بنائے تھے۔
اسمرتی مندھانا اس سے قبل یکروزہ بلے بازی میں نمبر ون رینکنگ حاصل کر چکی ہیں، لیکن۲۸؍ سالہ کھلاڑی نے۲۰۱۹ء کے بعد سے۵۰؍ اوورس کے کرکٹ میں یہ اعلیٰ پوزیشن حاصل نہیں کی، حالانکہ وہ اس دوران مسلسل ٹاپ ۱۰؍ میں شامل رہی ہیں۔
آئی سی سی کی رپورٹ کے مطابق سری لنکا کی کپتان چماری اٹاپٹونے ٹرائی سیریز کے دوران اپنی ٹیم کیلئے ۱۳۹؍ رن بنا کر ٹاپ ۱۰ ؍میں دو درجے ترقی پائی اور اب وہ ساتویں پوزیشن پر برابر ہیں جبکہ جیمائمہ روڈریگیز (۵؍ درجے ترقی کے ساتھ۱۵؍ویں) اور جنوبی افریقہ کی کلوئی ٹرائن (نو درجے کے فائدے کے ساتھ ۱۸؍ویں) نے بھی رینکنگ میں اصلاح کی ہے۔
ہندوستانی اسپنرا سنیہ رانا کو ٹرائی سیریز کے دوران پلیئر آف دی سیریز قرار دیا گیا تھا اور تجربہ کار اسپنر بین الاقوامی ایک روزہ گیندبازوں کی تازہ فہرست میں بڑی چھلانگ لگانے والوں میں شامل رہیں، جس کی سربراہی اب بھی انگلینڈ کی سوفی ایکل اسٹون کر رہی ہیں اور ٹاپ پوزیشن پر قابض ہیں۔
جنوبی افریقہ کی سیمر نادین ڈی کلرک نے ایک درجہ ترقی پا کر مجموعی طور پر۲۴؍ویں پوزیشن حاصل کی جبکہ رانا نے ٹرائی سیریز میں صرف۱۴؍ کے اوسط سے۱۵؍ وکٹ لے کر ۴؍ درجے ترقی کے ساتھ۳۴؍ویں پوزیشن پر جگہ بنائی۔ آسٹریلیا کی ایش گارڈنر ایک روزہ آل راؤنڈر کی رینکنگ میں چوٹی پر موجود ہیں جبکہ ہندوستان کی دپتی شرما نے سہ سیریز کے دوران اپنی ٹیم کیلئے کچھ اچھے پرفارمنس کے بعد ایک درجہ ترقی پا کر مجموعی طور پر پانچویں پوزیشن حاصل کی۔ اسی فہرست میں ٹرائن (۳؍ درجے ترقی کے ساتھ۱۱؍ویں) اور ڈی کلرک (۴؍ درجے ترقی کے ساتھ ۱۲؍ویں) نے بھی بہتری دکھائی ہے۔