Inquilab Logo

بارش سے متاثرہ میچ میں پاکستان کی نیوزی لینڈ پر فتح

Updated: November 04, 2023, 10:04 PM IST | Bengaluru

آئی سی سی ورلڈکپ کے ۳۵؍ویں میچ میں فخر زمان کی دھواں دھار بلے بازی کی بدولت پاکستان نے ڈکورتھ لوئس ضابطے کے تحت نیوزی لینڈ کو۲۱؍ رن سے شکست دے دی۔ بارش کی وجہ سے میچ کا فیصلہ متذکرہ ضابطے سے کرنا پڑا۔

Bengaluru Stadium. Photo:PTI
بنگلور اسٹیڈیم کی تصویر۔ (تصویر: پی ٹی آئی)

آئی سی سی ورلڈکپ کے ۳۵؍ویں میچ میں فخر زمان کی دھواں دھار بلے بازی کی بدولت پاکستان نے  ڈکورتھ لوئس ضابطے کے تحت نیوزی لینڈ کو۲۱؍ رن سے شکست دے دی۔ بارش کی وجہ سے میچ کا فیصلہ متذکرہ ضابطے سے کرنا پڑا۔راچن رویندر (۱۰۸؍رن) اور کپتان کین ولیمسن (۹۵؍رن) کے درمیان۱۸۰؍ رن کی شراکت کی بدولت نیوزی لینڈ نے سنیچر کو آئی سی سی ورلڈ کپ میں اپنی بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان کو جیت کے لئے۴۰۲؍ رن کا بڑا ہدف دیا۔پاکستان نے ہدف کے تعاقب میں بیٹنگ شروع کی تو عبد اللہ شفیق صرف ۴؍ رن بنا کر۶؍رن  کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹے۔ اوپنر فخر زمان نے بابر اعظم کے ساتھ مل کر شاندار بلے بازی کی اور ۸۳؍رن گیندوں پر تیز ترین سنچری پارٹنرشپ کی۔   پاکستان نے۲۱؍ اوورس میں۱۵۹؍ رن بنائے تو بارش کے باعث میچ کو روکا گیا، ایک گھنٹے بعد جب برسات رکی تو امپائرس نے  ڈکورتھ لوئس قانون کے تحت ہدف کو۳۴۲؍ رن تک محدود کر کے ۹؍ اوور کم کئے۔میچ شروع ہونے کے بعد۲۴؍ گیندیں کھیلی گئیں تو اس دوران پھر بارش شروع ہوگئی۔ پاکستان نےمتذکرہ ضابطے کے تحت۲۱؍رن  زیادہ بنائے جس کے تحت  پاکستانی ٹیم کو فاتح قرار دیا گیا۔ فخر زمان۸۱؍ گیندوں پر۱۱؍ چھکوں اور۸؍ چوکوں کی مدد سے۱۲۶؍ رن اور بابر اعظم۶۳؍ گیندوں پر۲؍ چھکوں اور۶؍ چوکوں کی مدد سے۶۶؍ رن بنا کر ناقابل شکست رہے۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے واحد وکٹ ٹم ساؤ دی نے حاصل کیا۔
ورلڈ کپ میں برقرار رہنے کیلئے پاکستان کیلئے  یہ میچ جیتنا بہت ضروری تھا۔ خیال رہے کہ اس سے قبل جنوبی افریقہ نے۷؍ اکتوبر کو سری لنکا کے خلاف ۵؍ وکٹوں پر۴۲۸؍ رن بنائے تھے جس کا تعاقب کرنے میں سری لنکا ناکام رہی تھی۔ ایم چناسوامی اسٹیڈیم میں۲۳؍  سالہ ہندوستانی نژاد کھلاڑی راچن نے رواں ورلڈ کپ میں اپنی تیسری سنچری بنائی۔ اپنے ننیہال بنگلور میں راچن نے اپنی بے مثال بلے بازی سے اسٹیڈیم میں بیٹھے ہندوستانی تماشائیوں سے خوب داد حاصل کی۔ راچن ورلڈ کپ میں اب تک۵۲۳؍ رن بنا چکے ہیں اور وہ جنوبی افریقہ کے کوئنٹن ڈی کاک کے بعد ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ رن بنانے والے کھلاڑی ہیں۔ ان کی پہلی ۲؍ سنچریاں انگلینڈ اور آسٹریلیا کے خلاف تھیں۔وہیں انجری سے صحت یاب ہو کر میدان میں واپس آنے والے ولیمسن نے ابھرتے ہوئے بلے باز کا بخوبی ساتھ دیتے ہوئے پاکستان کے گیندبازی حملہ کو تہس نہس کر دیا۔ ولیمسن، تاہم  ۵؍ رن سے اپنی ۱۴؍ویں ون ڈے سنچری سے محروم رہے۔ وہ افتخار احمد کی گیند کو چھکے میں تبدیل کرنے کی کوشش میں لانگ آف پر کھڑے فخر زمان کے ہاتھوں کیچ ہو گئے۔راچن رویندر اننگز کے۳۶؍ویں اوور میں محمد وسیم کا شکار بنے، جس کے بعد بھی پاکستانی بولرس کیوی بلے بازوں کے رن کی رفتار نہ روک سکے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK