Updated: November 06, 2025, 2:13 PM IST
|
Agency
| Faisalabad
پاکستان کی جانب سے سلمان آغا نے ۶۲؍، محمد رضوان نے ۵۵؍ اور ٹاپ آرڈر بیٹر فخر زمان نے ۴۵؍رن بنا کرٹیم کیلئے جیت کی راہ ہموار کی۔
شاہین آفریدی اور میتھیو بریٹزکے۔ تصویر: آئی این این
پاکستان نے ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں دلچسپ مقابلے کے بعد مہمان جنوبی افریقہ کو۲؍وکٹوں سے شکست دے کر سیریز میں ایک- صفر کی برتری حاصل کر لی۔فیصل آباد کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے دلچسپ مقابلے کے بعد جنوبی افریقہ کی طرف سے دیا گیا ۲۶۴؍رن کا ہدف۲؍ گیندیں باقی رہتےحاصل کرلیا۔ پاکستان کی جانب سے سلمان آغا نے ۶۲؍، محمد رضوان نے ۵۵؍ اور ٹاپ آرڈر بیٹر فخر زمان نے ۴۵؍رن بنا کرٹیم کے لیے جیت کی راہ ہموار کی۔صائم ایوب۳۹؍ رن بنا کر آؤٹ ہوئے، محمد نواز۹؍اور بابر اعظم صرف۷؍ رن بنا کر پویلین واپس لوٹ گئے۔
جنوبی افریقہ کی جانب سے لنگی نگیڈی، ڈونووین فریرا اور کوربن بوش نے۲-۲؍کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، جارج لینڈے اور بجورن فورچوئن نے ایک ایک وکٹ حاصل کیا۔پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم۴۹ء۱؍ اوور میں ۲۶۳؍ رن پر آل آؤٹ ہوئی، پروٹیز کی جانب سے کوئنٹن ڈی کوک۶۳؍ اور لوان ڈرے پریٹوریئس۵۷؍ رن بناکر نمایاں رہے ۔ اس سے قبل شاہین شاہ آفریدی نے ٹاس جیت کر مہمان ٹیم کو بلے بازی کی دعوت تو کوئنٹن ڈی کوک اور وان ڈرے پریٹوریئس نے ٹیم کو۹۸؍رن کا عمدہ آغاز فراہم کیا، پریٹوریئس۵۷؍ رن بناکر صائم ایوب کا شکار بنے۔
ڈی کوک نے ٹونی ڈی زورزی کے ساتھ مل کر۴۳؍رن کی شراکت قائم کی اور اس دوران اپنی نصف سنچری بھی مکمل کی، وہ۶۳؍ رن بنانے کے بعد نسیم شاہ کی گیند پر بولڈ ہوگئے جبکہ زورزی ۱۸؍ رن بناکر صائم ایوب کی گیندبازی پر انہی کو کیچ دے بیٹھے ۔پروٹیز کپتان میتھیو بریٹزکے نے۴۲؍ رن کی اننگز کھیلی، ڈیبیو کرنے والے سینیتمبا قیشیلے۲۲؍ رن پر اپنی وکٹ گنوا بیٹھے، ڈونووین فریرا۳؍، جارج لینڈے۲؍ رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے جبکہ کوربن بوش نے ۴۱؍ رن کی جارحانہ اننگز کھیلی۔پاکستانی ٹیم کی جانب سے ابرار احمد اور نسیم شاہ نے ۳،۳؍، صائم ایوب۲؍جب کہ محمد نواز اور شاہین آفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کیا۔جنوبی افریقہ کی جانب سے سینیتمبا قیشیلے نے اپنا پہلا ایک روزہ میچ کھیلا، جو ڈیوالڈ بریوس کی انجری کے باعث ٹیم میں شامل کیے گئے ہیں، اس کے علاوہ اوپنر لوان-ڈرے پریٹوریئس نے بھی ڈیبیو کیا۔واضح رہے کہ پاکستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان ٹیسٹ سیریز ایک ایک سے برابر رہی تھی جبکہ ٹی۲۰؍ سیریز میں پاکستان نے۱-۲؍ سےجیت حاصل کی تھی۔