• Sun, 16 November, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

پاکستان نے سہ رخی سیریز کے شیڈول میں تبدیلی کردی

Updated: November 14, 2025, 1:35 PM IST | Inquilab News Network | Rawalpindi

خودکش دھماکہ کے پیش نظر سیکوریٹی خدشات کےباعث سری لنکا اور زمبابوے کیساتھ ٹرائی سیریز کے تمام میچ راولپنڈی میں کرانے کا فیصلہ۔

A triangular series will be played between Pakistan, Sri Lanka and Zimbabwe. Photo: INN
پاکستان ،سری لنکا اور زمباوے کے درمیان سہ رخی سیریز کھیلی جائےگی۔ تصویر: آئی این این
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اسلام آباد میں ہونے والے خودکش حملے کے پیش نظر سیکوریٹی خدشات کے باعث سری لنکا اور زمبابوے کے خلاف ہونے والی ٹی ۔۲۰؍ سہ فریقی سیریز کے پروگرام میں تبدیلی کر دی ہے۔ نئے شیڈول کے مطابق اب یہ سیریز ۱۷؍ نومبر کے بجائے ۱۸؍ نومبر سے شروع ہوگی۔ اس کا دوسرا میچ بھی ایک دن بعد ۲۰؍نومبر کو کھیلا جائے گا۔ اس کے علاوہ ٹورنامنٹ کے تمام میچ راولپنڈی میں منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اس سے قبل لاہور کو اس مقابلے کے ۵؍ میچوں کی میزبانی کرنی تھی جس میں ۲۹؍ نومبر کو ہونے والا فائنل بھی شامل تھا لیکن تینوں بورڈز اب صرف راولپنڈی میں ہی میچ منعقد کرنے پر متفق ہو گئے ہیں۔پی سی بی نے ایک بیان میں کہا’’شیڈول میں تبدیلی کا فیصلہ سری لنکا کرکٹ (ایس ایل سی) اور زمبابوے کرکٹ (زیڈ سی) کے ساتھ بات چیت کے بعد کیاگیا ہے۔‘‘
پی سی بی نے یہ بیان اس بات کو یقینی بنانے کے لئے رات بھر کی گئی بات چیت کے بعد جاری کیا ہے کہ سری لنکا کی ٹیم موجودہ یک روزہ سیریز میں کھیلتی رہے۔زمبابوے کرکٹ ٹیم جمعرات کی صبح سخت سیکوریٹی کے درمیان اسلام آباد پہنچی۔سری لنکا کے ٹیم منیجر مہندا ہالنگوڈا نے کہا کہ سری لنکا کرکٹ ٹیم بھی پاکستان کا دو طرفہ دورہ جاری رکھے گی اور کوئی بھی کھلاڑی یا عہدیدار وطن  لوٹنے کا منصوبہ نہیں بنا رہا ہے۔اسلام آباد میں ہونے والے دہشت گرد حملے کے بعد سری لنکا کے ۸؍ کھلاڑیوں نے دورہ جاری رکھنے پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔ لیکن ایس ایل سی کی جانب سے ان سے بات کرنے اور یقین دہانی کرانے کے بعد انہوں نے دورہ جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ 
ہالنگوڈا نے کہا کہ کوئی بھی کھلاڑی سری لنکا نہیں لوٹے گااور میں اس کی تصدیق کر سکتا ہوں۔واقعات سے باخبر ایک قابل اعتماد ذرائع نے بتایا کہ کھلاڑیوں کو یہ سمجھانے کے لئے کافی کوششیں کی گئیں کہ وہ پاکستان میں محفوظ رہیں گے اور انہیں سیریز میں کھیلنا جاری رکھنا چاہیے۔پی سی بی کے چیئرمین اور پاکستان کے وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ وہ پاکستان کا دورہ جاری رکھنے پر سری لنکا کی ٹیم کے شکر گزار ہیں۔پی سی بی نے بعد میں باقی بچے ۲؍ ون ڈے میچوں کے شیڈول میں بھی تبدیلی کا اعلان کیا۔ پی سی بی نے بتایا کہ یہ دونوں میچ اب راولپنڈی میں جمعہ اور اتوار کو کھیلے جائیں گے جبکہ پہلے یہ میچ ۱۳؍ اور ۱۵؍ نومبر کو کھیلے جانے تھے۔

سہ فریقی سیریز کا شیڈول
۱۸؍ نومبر: پاکستان بمقابلہ زمبابوے
۲۰؍ نومبر: سری لنکا بمقابلہ زمبابوے
۲۲؍ نومبر: پاکستان بمقابلہ سری لنکا
۲۳؍ نومبر: پاکستان بمقابلہ زمبابوے
۲۵؍ نومبر: سری لنکا بمقابلہ زمبابوے
۲۷؍نومبر: پاکستان بمقابلہ سری لنکا
 (تمام میچ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلے جائیںگے)

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK