Inquilab Logo Happiest Places to Work

پاکستان نے ویسٹ انڈیز کو ۱۴؍رن سے شکست دی

Updated: August 02, 2025, 12:17 PM IST | Agency | Lauderhill

صائم ایوب کی آل راؤنڈ کارکردگی۔ پاکستان نے ٹی ۲۰؍ سیریز میں ۰۔۱؍ کی برتری حاصل کرلی

Pakistan all-rounder Saim Ayub is seen in action. Photo: PTI
پاکستان کے آل راؤنڈر صائم ایوب ایکشن میں نظر آرہے ہیں۔ تصویر: پی ٹی آئی

 لاؤڈرہل(ایجنسی): صائم ایوب (۵۸؍ رن اور ۲؍ وکٹ) کی آل راؤنڈ کارکردگی کی بدولت پاکستان نے پہلے ٹی۲۰؍ میچ میں ویسٹ انڈیز کو۱۴؍ رن سے شکست دی ۔ اس کے ساتھ ہی پاکستان نے ۳؍ ٹی ۲۰؍ میچوں کی سیریز میں ۰۔۱؍ کی برتری حاصل کر لی ہے۔
 ۱۷۹؍ رن کے ہدف کے تعاقب میں اتری ویسٹ انڈیز کے لیے جانسن چارلس اور جیول اینڈریو کی اوپننگ جوڑی نے اچھی شروعات کرتے ہوئے پہلے وکٹ کیلئے ۷۲؍ رن جوڑے۔۱۲؍ویں اوور میں محمد نواز نے جیول اینڈریو (۳۳؍ گیندوں پر ۳۵؍رن) کو آؤٹ کر کے پاکستان کو پہلی کامیابی دلائی۔ اسی اوور کی چوتھی گیند پر نواز نے جانسن چارلس (۳۵؍رن) اور اگلی ہی گیند پر گڈاکیش موتی (صفر) کو بھی اپنا شکار بنا کر ویسٹ انڈیز کو تیسراجھٹکا دیا۔
 اگلے اوور میں  ایوب نے کپتان شائی ہوپ (۲؍رن) کو آؤٹ کر کے پویلین واپس بھیج دیا۔ شرفین ردرفورڈ (۱۱؍رن) بھی صائم ایوب کا شکار بنے۔ رووماریو شیفرڈ۱۲؍ رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ایک وقت ویسٹ انڈیز نے۱۶ء۱؍ اوورس میں ۱۱۰؍ رن پر اپنے ۷؍وکٹ گنوا  دیئے تھے۔  اس مشکل وقت میں جیسن ہولڈر اور شمر جوزف کی جوڑی نے اننگز کو سنبھالا اور جارحانہ بلے بازی کا مظاہرہ بھی کیا لیکن اپنی ٹیم کو جیت نہ دلا سکے۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم مقررہ۲۰؍ اوورس میں۱۶۴؍ رن ہی بنا سکی اور۱۴؍ رن سے مقابلہ ہار گئی۔ جیسن ہولڈر نے۱۲؍ گیندوں پر۴؍چھکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ۳۰؍ رن کی اننگز کھیلی۔ وہیں شمر جوزف نے۱۲؍ گیندوں پر ۲؍ چھکے اور ایک چوکا لگاتے ہوئے ناٹ آؤٹ۲۱؍رن بنائے۔ پاکستان کی جانب سے محمد نواز نے ۳؍ اور صائم ایوب نے ۲؍ وکٹ لئے۔ شاہین شاہ آفریدی اور صفیان مقیم نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔
  ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔بلے بازی کے لئے اتری پاکستان کی ٹیم کے بلے باز صاحبزادہ فرحان  ۱۴؍ رن بناکر آؤٹ ہو گئے، جس کے بعد صائم ایوب نے ذمے داری سنبھالی اور ۵۷؍ رن کی عمدہ اننگز کھیلی۔فخر زمان ۲۸؍ اور حسن نواز۲۴؍ رن بناکر نمایاں رہے، پاکستان نے ۲۰؍ اوورس میں۶؍ وکٹ  پر۱۷۸؍ رن کا  ہدف دیا تھا۔جواب میں ویسٹ انڈیز کے سلامی بلے بازوں نے اچھا آغاز کیا تاہم اوپنرس کے آؤٹ ہونے کے بعد وکٹ کی لائن لگ گئی۔ صائم ایوب کو آل راؤنڈ کارکردگی پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

لاؤڈر ہل کی پچ خشک تھی او راسپنر کو یہاں مدد ملی : صائم ایوب 
پاکستان کرکٹ ٹیم کے  بلے باز صائم ایوب نے کہا ہے کہ بنگلہ دیش میں لگا تھا کہ اسپن وکٹ ہوگا مگر وہاں تیز گیندبازوں کو  مدد ملی تھی۔ میچ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ لاڈرہل کی پچ خشک ہے، یہاں اسپنرس کو مدد ملی، اگلے میچ میں بھی اگر وکٹ ایسا ہی  رہا تو اسپنرس کو کافی مدد ملے گی۔ صائم ایوب کا کہنا تھا کہ اس طرح کے  چیلنجنگ وکٹ پر تسلسل کے ساتھ شاٹس نہیں لگتے، نئے آنے والے  بلے بازوں کے لیے کھیلنا مشکل تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بلے بازفخر زمان کے ساتھ یہی منصوبہ بنایا تھاکہ  وقت لیں گے، منصوبہ یہ بنایا گیا تھا کہ  غیرضروری شاٹس کھیلنے سے گریز کریں گے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ہمارا کمبی نیشن اچھا بنا، صورتِ حال کے مطابق کوئی بھی کھلاڑی کھیل سکتا ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان نے ۳؍ ٹی ۲۰؍ میچ کی سیریز کے پہلے میچ میں ویسٹ انڈیز کو۱۴؍ رن  سے شکست دے دی ہے۔ پاکستان کے۱۷۹؍  رن کے ہدف کے جواب میں ویسٹ ایڈیز کی ٹیم مقررہ۲۰؍ اوورس میں۷؍ وکٹ  کے نقصان پر۱۶۴؍ رن بناسکی۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK