Inquilab Logo Happiest Places to Work

پاکستان کی خاتون کرکٹ ٹیم نے نیوزی لینڈ کو شکست دی

Updated: December 06, 2023, 11:23 AM IST | Agency | Dunedin

ٹی ۲۰؍ سیریز میں ۰۔۲؍کی ناقابل تسخیر برتری حاصل۔ دوسرا میچ۱۰؍ رن سے جیتا۔

Pakistani players after winning the match. Photo: INN
پاکستانی کھلاڑی میچ جیتنے کے بعد۔ تصویر : آئی این این

پاکستان کی خواتین کرکٹ ٹیم نے منگل کو نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرا ٹی۲۰؍ میچ ۱۰؍ رن سے جیت کر۳؍ میچوں کی سیریز میں ۰۔۲؍ کی فیصلہ کن برتری حاصل کرلی۔ ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بلے بازی کرتے ہوئے پاکستانی ٹیم نے۲۰؍ اوور میں ۶؍ وکٹوں پر ۱۳۷؍ رن بنائے۔ پاکستان کو پہلا جھٹکا اس وقت لگا جب پانچویں اوور کی پہلی گیند پر شوال ذوالفقار ۷؍ رن بناکر آؤٹ ہوگئیں ۔ منیبہ علی نے۳۵، عالیہ ریاض نے۲۲؍ گیندوں پر ایک چھکے اور ۳؍ چوکوں سے سجی۳۲؍ رن کی ناٹ آؤٹ جارحانہ اننگز کھیلی، جبکہ بسمہ معروف اور کپتان ندا ڈار بالترتیب ۲۱؍اور ۱۴؍ رن بنا سکیں ۔ عالیہ ریاض کو شاندار کارکردگی پر میچ کے بہترین کھلاڑی کا انعام دیا گیا۔ پاکستان نے مقررہ۲۰؍ اوورس میں ۶؍وکٹوں کے نقصان پر۱۳۷؍ رن بنائے اور نیوزی لینڈ کو جیت کیلئے ۱۳۸؍ رن کا ہدف دیا۔نیوزی لینڈ ویمن کرکٹ کی جانب سے فرین جونز اور مولی پین فولڈ نے ۲۔۲؍ وکٹ حاصل کئے۔۱۳۸؍ رن کے ہدف کا تعاقب کرنے آئی نیوزی لینڈ کی ٹیم کا آغاز انتہائی خراب رہا اور ٹیم نے جلد ہی سوزی بیٹس اور سوفی ڈیوائن سمیت ۴؍ وکٹ گنوا دیئے۔ جارجیا پلمر نے ۲۸؍ رن کی اننگز کھیلی۔ جارجیا کے علاوہ نیوزی لینڈ کی کوئی بھی بلے باز۲۵؍ رن کا ہندسہ عبور نہ کر سکیں ۔ نیوزی لینڈ کی ٹیم مقررہ۲۰؍ اوورس میں ۷؍ وکٹوں پر صرف۱۲۷؍ رن بنا سکی اور ۱۰؍ رن سے میچ ہار گئی۔یہ پہلا موقع تھا جب پاکستان ویمن ٹیم نے ملک سے باہر سیریز جیتی ہے۔ سیریز کا تیسرا اور آخری میچ سنیچر کو کوئنس ٹاؤن میں کھیلا جائے گا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK