ٹی۔۲۰؍مقابلوں میں پاکستان کی کیوی ٹیم کے خلاف پہلی کامیابی،فاطمہ ثناء کی شاندار گیندبازی،شوال ذوالفقار نے ۴۱؍رن بنائے۔
EPAPER
Updated: December 04, 2023, 12:10 PM IST | Agency | Dunedin
ٹی۔۲۰؍مقابلوں میں پاکستان کی کیوی ٹیم کے خلاف پہلی کامیابی،فاطمہ ثناء کی شاندار گیندبازی،شوال ذوالفقار نے ۴۱؍رن بنائے۔
تیز گیندباز فاطمہ ثناء کی شاندار گیندبازی(۱۸؍رن پر ۳؍وکٹ) اور شوال ذوالفقار کے ۴۱؍رنوں کی بدولت پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹی ۔۲۰؍ سیریز کا پہلا میچ ۶؍ وکٹوں سے جیت لیا۔ اس نتیجے کا مطلب یہ بھی ہے کہ پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف خواتین کی پہلی ٹی۔۲۰؍ جیت حاصل کی ہے۔
پہلے بلے بازی کرنے والی نیوزی لینڈ کی ٹیم فاطمہ کی شاندار گیندبازی کی وجہ سے۶؍وکٹ پر ۱۲۷؍رن ہی بنا سکی۔ فاطمہ ثناء، جو انجری کی وجہ سے دورۂ بنگلہ دیش سے باہر ہو گئی تھیں ، نے ابر آلود حالات کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ۱۸؍رنوں کے عوض ۳؍ وکٹوں کا شانداراسپیل کیا، جس میں برناڈائن بیزوائیڈن ہاٹ، کیٹ اینڈرسن اور سوزی بیٹس کی وکٹیں شامل تھیں ۔کپتان ندا ڈار، ڈیانا بیگ اور عالیہ ریاض نے بھی وقفہ وقفہ سے ایک ایک وکٹ حاصل کر کے نیوزی لینڈ کی اننگز کو سنبھلنے نہیں دیا۔ میڈی گرین سب سے زیادہ رن بنانے والی کھلاڑی تھیں جنہوں نے ۲۸؍گیندوں پر ۵؍ چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست ۴۳؍ن بنائے اور نیوزی لینڈ کو ۱۲۰؍ سے آگے لے گئیں۔
۱۲۸؍ رنوں کے تعاقب میں پاکستان کی افتتاحی جوڑی شوال اور منیبہ علی نے ۴۰؍رنوں کی شاندارشراکت کی تاہم منیبہ۲۴؍ گیندوں پر ۲۳؍رن بنانے کے بعد سوفی ڈیوائن کا شکار ہو گئیں ۔ کپتان ندا نے خود کو بلے بازی میں آگے بڑھایا اور شوال کے ساتھ دوسری وکٹ کےلئے ۵۱؍رنوں کی شراکت کی۔۱۸؍سالہ شوال نے اپنا چھٹا ٹی۔۲۰؍ میچ کھیلا اور نیوزی لینڈ میں پہلا میچ کھیلتے ہوئے ۱۳؍ ویں اوور کے اختتام پر آؤٹ ہونے سے قبل ۴۲؍گیندوں میں ۷؍ چوکوں کی مدد سے ۴۱؍ رنوں کا اپنا سب سے بڑا اسکور بنایا۔ ندا بھی ۱۴؍گیندوں میں ۲۳؍رن بنانے کے بعد روانہ ہو گئیں اور پاکستان نے لگاتار سیٹ بلے بازوں کو کھو دیا۔
اب پاکستان کو فتح دلانے کی ذمہ داری بسمہ معروف اور عالیہ کی تجربہ کار جوڑی پر تھی۔ عالیہ ۱۲؍ گیندوں پر ۲۵؍رن بنا کر ناقابل شکست لوٹیں ۔انہوں نے۱۹؍ویں اوور کی دوسری گیند پر جیتنے والے رن سمیت ۲؍ چوکے اور ایک چھکا لگایا اور شاندار انداز میں میچ کو ختم کیا۔ وہیں بسمہ ۱۸؍ گیندوں پر ایک چوکے کی مدد سے ۱۳؍ رن بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہیں۔ پاکستان اب منگل کو اسی مقام پر دوسرے ٹی ۔۲۰؍ میں نیوزی لینڈ کا سامنا کرے گا جبکہ سیریز کا تیسرا اور آخری ٹی ۔۲۰؍ دسمبر کو کوئنس ٹاؤن میں کھیلا جائے گا۔