Updated: June 26, 2025, 12:11 PM IST
|
Agency
| Dubai
ہندوستان کے وکٹ کیپر بلے باز رشبھ پنت اور انگلینڈ کے سلامی بلے باز بین ڈکٹ کی ہیڈنگلے ٹیسٹ میں کھیلی گئی سنچری اننگز کے بعد دونوں کھلاڑی آئی سی سی ٹیسٹ بلے بازی کی رینکنگ میں اپنے کریئر کی بہترین رینکنگ کے ساتھ بالترتیب ساتویں اور آٹھویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
رشبھ پنت۔ تصویر: آئی این این
ہندوستان کے وکٹ کیپر بلے باز رشبھ پنت اور انگلینڈ کے سلامی بلے باز بین ڈکٹ کی ہیڈنگلے ٹیسٹ میں کھیلی گئی سنچری اننگز کے بعد دونوں کھلاڑی آئی سی سی ٹیسٹ بلے بازی کی رینکنگ میں اپنے کریئر کی بہترین رینکنگ کے ساتھ بالترتیب ساتویں اور آٹھویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی طرف سے بدھ کو جاری کردہ تازہ رینکنگ کے مطابق پنت ۸۰۰؍ رینکنگ پوائنٹس کے ساتھ ساتویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں جبکہ ڈکٹ نے ۵؍ درجے کی چھلانگ لگا کر آٹھواں مقام حاصل کیا ہے۔ اس کے علاوہ شبھمن گل اور دیگر کھلاڑیوں کی رینکنگ میں بھی بہتری آئی ہےجبکہ جو روٹ ۸۸۹؍ رینکنگ پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست، ہیری بروک۸۷۴؍ رینکنگ پوائنٹس کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں، کین ولیمسن تیسرے اور ہندوستان کے سلامی بلے باز یشسوی جیسوال ۸۵۱؍ رینکنگ پوائنٹس کے ساتھ چوتھے درجے پر ہیں۔
بین ڈکٹ کے انگلینڈ کے ساتھی اولی پوپ تین درجے ترقی پا کر۱۹؍ویں نمبر پر اور جیمی اسمتھ ۲۷؍ویں نمبر پر ہیں، دونوں کی رینکنگ میں کچھ بہتری دیکھی گئی ہے جبکہ ہندوستانی ٹیم کے کپتان شبھمن گل پہلی اننگز میں سنچری بنانے کے بعد ۵؍ درجے ترقی پا کر۲۰؍ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔
سری لنکا اور بنگلہ دیش کے درمیان ڈرا ہونے والے پہلے ٹیسٹ میں ان کے کئی کھلاڑیوں کی بیٹنگ رینکنگ میں کچھ بہتری آئی ہے، جن میں مشفق الرحیم سب سے آگے ہیں، جنہوں نے گالے میں۱۶۳؍ رن کی اننگز کھیلی۔ مشفق الرحیم ٹیسٹ بلے بازوں کی فہرست میں۱۱؍ درجے کی چھلانگ لگا کر۲۸؍ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں جبکہ ان کے ساتھی نجم الحسین شانتو نے اسی میچ میں ۲؍ سنچریاں بنانے کے بعد۲۱؍ درجے کی چھلانگ لگا کر۲۹؍ویں نمبر پر جگہ بنائی ہے۔
ٹیسٹ گیندبازوں کی تازہ رینکنگ میں کوئی خاص تبدیلی نہیں ہوئی ہے۔ ہندوستانی تیز گیندباز جسپریت بمراہ نے ہیڈنگلے ٹیسٹ میں ایک بار پھر ۵؍ وکٹ لے کر سرفہرست مقام برقرار رکھا ہے۔ انہوںنے پہلی اننگز میں اچھی گیندبازی کی تھی۔ انگلینڈ کے کپتان بین اسٹوکس کے لیے کچھ خوشخبری ہے، جو اسی ٹیسٹ میں بلےاور گیند دونوں سے شاندار کارکردگی کے بعد ٹیسٹ آل راؤنڈرس کی فہرست میں تین درجے کی چھلانگ لگا کر پانچویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔