پیٹ کمنز ساتھی کھلاڑیوں کی کارکردگی سے خوش۔
EPAPER
Updated: May 24, 2026, 3:39 PM IST | Hyderabad
پیٹ کمنز ساتھی کھلاڑیوں کی کارکردگی سے خوش۔
پیٹ کمنز دنیا کے خطرناک ترین تیز گیندبازوں میں شمار کئے جاتے ہیں لیکن انہوں نے اعتراف کیا ہے کہ آئی پی ایل ۲۰۲۶ء کے دوران انہوں نے سن رائزرس حیدر آباد کے اپنے ساتھی گیندبازوں سے کافی کچھ سیکھا ہے۔ کمنز نے خاص طور پر ایشان ملنگا اور ثاقب حسین کا ذکر کیا، جنہوں نے پورے سیزن میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ملنگا حیدرآباد کے سب سے کامیاب وکٹ لینے والے گیندباز رہے ہیں، جنہوں نے ۱۴؍میچوں میں ۱۹؍ وکٹ حاصل کئے جبکہ پہلا سیزن کھیلنے والے ثاقب حسین نے ۱۰؍ میچوں میں ۱۵؍ وکٹیں اپنے نام کر چکے ہیں۔
یہ بھی پڑھئے : حیدرآباد اور بنگلور کے درمیان ٹاپ پوزیشن کیلئے جنگ!
یاد رہے کہ گزشتہ شب بنگلور کے خلاف سن رائزرس حیدرآباد کی ۵۵؍ رنوں کی کامیابی میں ان دونوں گیندبازوں نے اہم کردار ادا کیا تھا۔ بنگلور کے ہدف کے تعاقب کے دوران دونوں نے اپنی سلو گیندوں کا شاندار استعمال کیا اور مل کر۸؍ اوور میں ۶۴؍ رن دے کر ۳؍ وکٹیں حاصل کیں۔ملنگا اور ثاقب نے پاور پلے میں بھی اہم کردار ادا کیا۔ دونوں نے ابتدائی ۶؍ اوور میں ۳؍اوور ڈالے اور ایک ایک وکٹ حاصل کر کے بنگلور کی جارحانہ شروعات پر بریک لگا دیا۔میچ کے بعد کم کپتان پیٹ کمنز نے کہا’’دونوں لاجواب رہے ہیں، میں نے بھی ان سے کافی کچھ سیکھا ہے۔ خاص طور پر ایشان نے پورے سیزن میں جس انداز سے گیندبازی کی، پاور پلے میں ان کی سلوور گیندیں اور مختلف انداز کمال کے رہے ہیں۔‘‘انہوں نے کہا’’ پھر ثاقب بھی ہیں، ایسے گیندباز کپتان کیلئے کسی خواب سے کم نہیں ہوتے۔‘‘
یہ بھی پڑھئے : میں یا تلک تھوڑا اور ٹکتے تو نتیجہ مختلف ہو سکتا تھا: ہاردک
اس جیت کے بعد سن رائزرس حیدرآباد نے لیگ مرحلے کا اختتام ۱۸؍ پوائنٹس کے ساتھ کیا، لیکن بہتر نیٹ رن ریٹ کی بنیاد پر گجرات ٹائٹنس اور رائل چیلنجرس بنگلور سرفہرست دو مقامات پر رہے۔سن رائزرس کو ٹاپ۔۲؍ میں پہنچنے کیلئے آر سی بی کو ۱۶۶؍ رن سے کم اسکور پر روکنا ضروری تھا۔کمنز نے کہا کہ ٹیم نے بھرپور کوشش کی لیکن کامیاب نہیں ہوسکے۔