نیوزی لینڈ کے ۳۵۶؍رنوں کے جواب میں ٹیم انڈیا نے ۱۱۶؍رنوں پر ۶؍وکٹیں گنوا دیں،جیکب ڈفی اور کائل جیمیسن نے ۲۔۲؍وکٹیں حاصل کیں۔
EPAPER
Updated: November 29, 2026, 3:17 PM IST | Christchurch
نیوزی لینڈ کے ۳۵۶؍رنوں کے جواب میں ٹیم انڈیا نے ۱۱۶؍رنوں پر ۶؍وکٹیں گنوا دیں،جیکب ڈفی اور کائل جیمیسن نے ۲۔۲؍وکٹیں حاصل کیں۔
رشبھ پنت نے ایک بار پھر غیر ذمہ دارانہ شاٹ کھیلا جبکہ دیگر بلے بازوں نے بھی آسانی سے اپنی وکٹیں گنوا دیں، جس کی وجہ سے ہندوستان سنیچر کو یہاں نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے اور آخری ٹیسٹ کرکٹ میچ کے دوسرے دن بیک فٹ پر چلا گیا۔خراب بلے بازی کے علاوہ فیلڈنگ میں بھی ٹیم انڈیا کے کھلاڑیوں نے نہ صرف آسان کیچ چھوڑے بلکہ رن آؤٹ کرانے کے مواقع بھی گنوائیں۔ ہندوستان نے دوسرے دن کے کھیل کے اختتام تک اپنی پہلی اننگز میں ۶؍ وکٹوں کے نقصان پر ۱۱۶؍رن بنائے ہیں۔ اس طرح وہ نیوزی لینڈ سے ابھی ۲۴۰؍ رن پیچھے ہے۔ نیوزی لینڈ نے اپنی پہلی اننگز میں۳۵۶؍ رن بنائے تھے۔
ہندوستان نے دوسرے سیشن میں یشسوی جیسوال (صفر)، دیودت پڈیکل (۲۰؍گیندوں پر۲۱) اور کپتان شبھ من گل (۲۹؍ گیندوں پر ۱۷) کی وکٹیں گنوائیں۔ تیسرے سیشن میں آؤٹ ہونے والے بلے بازوں میں رشبھ پنت (۳۹؍ گیندوں پر ۲۳)، کے ایل راہل (۸۰؍ گیندوں پر ۲۵) اور واشنگٹن سندر (۶۰؍ گیندوں پر ۱۰) شامل تھے۔ دن کا کھیل ختم ہونے پر دھرو جوریل ۴۵؍ گیندوں پر ۷؍ رن بنا کر کریز پر موجود تھے۔نیوزی لینڈ کی جانب سے کائل جیمیسن اور جیکب ڈفی نے ۲۔۲؍ وکٹیں حاصل کیں جبکہ میٹ ہنری اور نیتھن اسمتھ نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔واشنگٹن سندر دن کی آخری گیند پر پویلین لوٹے۔ انہیں اسمتھ نے دوسری سلپ میں ٹام لیتھم کے ہاتھوں کیچ کرایا۔
یہ بھی پڑھئے: افریقی فٹبال ایوارڈز ۲۰۲۶ء کے حتمی نامزد کھلاڑیوں کا اعلان
جب ٹیم مشکل میں تھی تو رشبھ پنت سے ذمہ دارانہ اننگز کھیلنے کی امید تھی۔ انہوں نے ڈفی کی گیند پر لانگ آن کے اوپر سے چھکا لگایا، لیکن اسی بولر کی گیند پر آگے بڑھ کر گیند کو ہوا میں اونچا کھیل دیا جسے جیمیسن نے کیچ کرنے میں کوئی غلطی نہیں کی۔یہ بالکل ویسا ہی شاٹ تھا جیسا انہوں نے پچھلے سال جنوبی افریقہ کے خلاف گوہاٹی میں مارکو یانسن کی گیند پر کھیلا تھا۔ پہلے میچ میں سنچری بنانے والے پنت نے ایک بار پھر اسی طرح کی خودکش غلطی دہرائی۔
اس سے پہلے یہاں آکاش دیپ (۵؍وکٹیں)، انشول کمبوج اور گرنور برار (۲۔۲؍وکٹیں) کی شاندار گیندبازی کی بدولت ہندوستان نے کھانے کے وقفے کے بعد نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم کو ۳۵۶؍ رنوں پر سمیٹ دیا تھا۔
صبح کے سیشن میں نیوزی لینڈ نے ۵؍وکٹوں پر ۲۴۶؍ رن سے آگے کھیلنا شروع کیا۔ اس نے مزید ۸۴؍رن جوڑے اور اس دوران ۳؍ وکٹیں گنوا دیں۔ کھانے کے وقفے تک نیوزی لینڈ نے ۸؍ وکٹوں کے نقصان پر ۳۳۰؍ رن بنائے تھے۔ اس وقت ٹام بلنڈل (ناٹ آؤٹ ۸۰) اور میٹ ہنری (ناٹ آؤٹ ۵) کریز پر موجود تھے۔ کھانے کے وقفے سے پہلے آکاش دیپ نے نیتھن اسمتھ (۲۶) اور کائل جیمیسن (۱۹) کو آؤٹ کیا جبکہ انشول کمبوج نے گلین فلپس (۳۶) کی وکٹ حاصل کی۔
لنچ بریک کے بعد بلے بازی کے لئے اتری نیوزی لینڈ کی ٹیم مزید ۲۶؍رن جوڑ کر ۳۵۶؍رنوں پر سمٹ گئی۔ ۱۱۶؍ویں اوور میں گرنور برار نے سنچری کی جانب بڑھ رہے ٹام بلنڈل کو آؤٹ کرکے ہندوستان کو نویں کامیابی دلائی۔ بلنڈل نے ۲۱۱؍ گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے ۱۱؍چوکے لگائے اور ۸۹؍ رن بنائے۔ اس کے بعد ۱۱۷؍ویں اوور میں آکاش دیپ نے میٹ ہنری کو ۱۹؍ رن پر آؤٹ کرکے نیوزی لینڈ کی پوری اننگز ۳۵۶؍ رن وںپر ختم کردی۔
یہ بھی پڑھئے: روہت شرما دوبارہ ممبئی انڈینس کے کپتان مقرر
پنت نے اسٹوکس کو پچھاڑ دیا
ٹیم انڈیا کے اسٹار وکٹ کیپر بلے باز رشبھ پنت ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ(ڈبلیو ٹی سی)کی تاریخ میں سب سے زیادہ چھکے(سکسر)مارنے والے بلے باز بن گئے ہیں۔ انہوں نے اس معاملے میں انگلینڈ کے سابق کپتان بین اسٹوکس کو پیچھے چھوڑ دیا۔رشبھ پنت نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ میچ میں اپنی اننگز میںایک چھکے کی بدولت بین اسٹوکس کو پیچھے چھوڑ دیا۔
ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ کا آغاز اگست ۲۰۱۹ء میں ہوا تھا۔ تب سے لے کر اب تک، یعنی تقریباً ۷؍ سال کی ڈبلیو ٹی سی تاریخ میں پنت کے نام سب سے زیادہ چھکے ہوگئے ہیں۔ انہوں نے اس دوران ۴۴؍ میچوں میں ۳؍ہزار۹۹؍ رن بنائے ۔ ان میں ۷؍ سنچریاں اور ۱۸؍نصف سنچریاں شامل ہیں۔ اس دوران انہوں نے ۸۹؍ چھکے لگائے ، جو سب سے زیادہ ہیں۔ دوسرے نمبر پر ۸۸؍چھکوں کے ساتھ بین اسٹوکس موجود ہیں۔ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ کی تاریخ میں سب سے زیادہ چھکے لگانے والے سرفہرست ۵؍ کھلاڑیوں میں ہندوستان کے ۴؍بلے باز شامل ہیں ۔ اس فہرست میں تیسرے نمبر پر ۵۶؍چھکوں کے ساتھ روہت شرما ہیں۔ وہیں چوتھے نمبر پر ۴۸؍ چھکوں کے ساتھ شبھ من گل اور پانچویں نمبر پر ۴۵؍چھکوں کے ساتھ یشسوی جیسوال ہیں۔