• Sun, 01 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

پریمیئر لیگ: چیلسی نے مانچسٹر یونائیٹڈ کو شکست دے دی

Updated: November 01, 2026, 8:06 PM IST | London

انگلش پریمیئر لیگ میں چیلسی نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے مانچسٹر یونائیٹڈ کو۰۔۲؍گول سے شکست دے دی۔ اس مقابلے میں چیلسی کی جانب سے راجرز اور کول پالمر نے گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کی فتح یقینی بنائی۔ اس کامیابی کے ساتھ چیلسی نے اہم پوائنٹس حاصل کیے۔

Chelsea Player.Photo:X
چیلسی کا کھلاڑی۔ تصویر:ایکس

انگلش پریمیئر لیگ  میں چیلسی نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے مانچسٹر یونائیٹڈ کو  ۰۔۲؍گول سے شکست دے دی۔ سنیچر کی رات کھیلے گئے اس مقابلے میں چیلسی کی جانب سے راجرز اور کول پالمر نے گول اسکور کرکے اپنی ٹیم کی فتح یقینی بنائی۔ اس کامیابی کے ساتھ چیلسی نے اہم پوائنٹس حاصل کیے، جبکہ مانچسٹر یونائیٹڈ کو ایک اور مایوس کن نتیجے کا سامنا کرنا پڑا۔لندن کے اسٹیمفورڈ برج اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس مقابلے کا پہلا ہاف دلچسپ اور سنسنی خیز رہا۔ مانچسٹر یونائیٹڈ نے ابتدا سے ہی جارحانہ انداز اختیار کیا اور چیلسی کے دفاع پر دباؤ بنایا۔ برونو فرنانڈیز، اماد ڈیالو اور برائن مِبیومو کو گول کرنے کے مواقع ملے، لیکن وہ انہیں کامیابی میں تبدیل نہ کر سکے۔


برونو فرنانڈیز کو ایک اچھا موقع ملا، مگر وہ گیند کو گول کے اوپر مار بیٹھے۔ اماد ڈیالو کی کوششوں کو بھی چیلسی کے گول کیپر مائیک پینڈرس نے ناکام بنایا۔ دونوں ٹیموں کی جانب سے کچھ مواقع پر گیند جال میں بھی پہنچی، لیکن آف سائیڈ کے باعث گول تسلیم نہیں کیے گئے۔ یوں پہلا ہاف بغیر کسی گول کے ختم ہوا۔  دوسرے ہاف کے آغاز کے صرف پانچ منٹ بعد چیلسی نے مقابلے میں برتری حاصل کرلی۔ ۵۰؍ویں منٹ میں رومیو لاویا نے گیند اپنے قبضے میں لینے کے بعد مورگن راجرز کو موقع فراہم کیا۔ راجرز نے تیزی سے مانچسٹر یونائیٹڈ کے دفاع کو چیرتے ہوئے گیند کو آگے بڑھایا اور گول کیپر سینے لامینز کے اوپر سے خوب صورت انداز میں گیند جال میں پہنچا دی۔ اس شاندار انفرادی کوشش نے چیلسی کو ۰۔۱؍ کی برتری دلائی اور میچ کا رخ تبدیل کردیا۔ راجرز کا یہ گول چیلسی کے لیے انتہائی اہم ثابت ہوا، کیونکہ اس کے بعد مانچسٹر یونائیٹڈ کو مقابلے میں واپسی کے لیے مزید جارحانہ کھیل پیش کرنا پڑا۔ 
میچ کا فیصلہ کن موڑ ۶۳؍ویں منٹ میں آیا، جب مانچسٹر یونائیٹڈ کے دفاعی کھلاڑی لیساندرو مارٹینیز کو ویسلی فوفانا کے خلاف باکس کے اندر غیر ضروری طور پر ہاتھ اٹھانے پر دوسرا پیلا کارڈ دکھایا گیا، جس کے نتیجے میں انہیں میدان سے باہر جانا پڑا۔ اس واقعے کا ویڈیو اسسٹنٹ ریفری (VAR) کے ذریعے جائزہ بھی لیا گیا اور چیلسی کو پنالٹی مل گئی۔۶۴؍ویں منٹ میں کول پالمر نے پنالٹی کک لگائی اور گیند کو گول کے نچلے دائیں کونے میں پہنچا کر چیلسی کی برتری ۰۔۲؍گول کردی۔ مانچسٹر یونائیٹڈ کے گول کیپر سینے لامینز نے گیند تک پہنچنے کی کوشش کی، لیکن اسے روکنے میں ناکام رہے۔ اس گول کے ساتھ پالمر نے چیلسی کے لیے پریمیئر لیگ میں اپنے ۵۰؍ گول بھی مکمل کرلیے۔ اس شکست کے بعد مانچسٹر یونائیٹڈ کی تمام مقابلوں میں بغیر کامیابی کے میچوں کی تعداد نو ہوگئی۔ ٹیم نے اس دوران تین میچ ڈرا کیے جبکہ چھ میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ یہ کلب کے لیے ایک طویل عرصے کی بدترین کارکردگی میں شمار کی جا رہی ہے۔

یہ بھی پڑھئے:انیل کپور نے شاہ رخ خان سے پہلی ملاقات اور ’منت‘ سے جڑا قصہ بتایا

مانچسٹر یونائیٹڈ کے ہیڈ کوچ مائیکل کیریک پر بھی دباؤ بڑھ گیا ہے۔ میچ کے بعد انہوں نے اعتراف کیا کہ ان کی ٹیم دوسرے ہاف میں اپنی کارکردگی برقرار نہیں رکھ سکی اور ایک گول کھانے کے بعد مقابلے پر اس کی گرفت کمزور ہوگئی۔ ان کے مطابق پہلے ہاف میں ٹیم نے اچھا کھیل پیش کیا اور گول کرنے کے مواقع بھی بنائے، لیکن دوسرے ہاف میں صورت حال بدل گئی۔ دوسری جانب چیلسی کے کوچ ژابی الونسو نے اپنی ٹیم کی کارکردگی کو پختہ اور مثبت قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وقفے کے دوران کھلاڑیوں کو گیند پر قبضہ برقرار رکھنے اور کھیل کو کنٹرول کرنے کی ہدایت دی گئی تھی، جس پر ٹیم نے بہتر انداز میں عمل کیا۔ 

یہ بھی پڑھئے:ایشین چیمپئنز لیگ کے اہم مقابلے میں کرسٹیانو رونالڈو النصر کی ٹیم سے باہر

اس کامیابی کے بعد چیلسی پریمیئر لیگ کے پوائنٹس ٹیبل میں چوتھے مقام پر پہنچ گئی، جبکہ مانچسٹر یونائیٹڈ کے لیے حالات مزید مشکل ہوگئے اور ٹیم ریلیگیشن زون سے صرف ایک پوائنٹ اوپر رہ گئی۔ چیلسی نے اس مقابلے میں ۵۹ ؍فیصد گیند اپنے قبضے میں رکھی، جبکہ مانچسٹر یونائیٹڈ کا قبضہ ۴۱ ؍فیصد رہا۔ چیلسی نے ۹ ؍اور یونائیٹڈ نے ۵ ؍شاٹس گول کے نشانے پر لگائے۔ چیلسی کے لیے یہ فتح اس اعتبار سے بھی اہم رہی کہ ٹیم نے پریمیئر لیگ میں ۱۳؍ ہوم میچوں کے بعد پہلی مرتبہ کسی مقابلے میں حریف کو گول کرنے سے روکنے میں کامیابی حاصل کی۔ اس طرح مورگن راجرز اور کول پالمر کے گول نے نہ صرف چیلسی کو قیمتی تین پوائنٹس دلائے بلکہ مانچسٹر یونائیٹڈ کے بحران اور کوچ مائیکل کیریک پر بڑھتے دباؤ کو بھی مزید نمایاں کردیا۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK