Updated: October 21, 2025, 1:36 PM IST
|
Agency
| Adelaide
ایڈیلیڈ میں ہندوستانی ٹیم کا ریکارڈ اچھا رہاہے، اس نے یہاں۱۵؍ میچوں میں۹؍ جیتے ہیں، وراٹ کوہلی نے اس میدان پر دوسنچریاں بنائی ہیں، یہاں آخری میچ میں ہندوستان فاتح رہا ہے۔
اسٹار بلے باز وراٹ کوہلی کا ایڈیلیڈ میںریکارڈ شاندار رہا ہے۔ تصویر: آئی این این
ہندوستانی ٹیم کی آسٹریلیا کے دورے میں شروعات خراب رہی۔ تین میچوں کی ون ڈے سیریز کا پہلا میچ۷؍ وکٹوں سے ہارا۔ اب، سیریز میں برقرار رہنے کے لیے، ہندوستان کو دوسرا میچ جیتنا ہوگا جو۲۳؍ اکتوبر کو ایڈیلیڈ میں کھیلاجائےگا۔ہندوستانی ٹیم کے پاس اس میچ کے لیے دو اچھی خبریں ہیں۔ ہندوستان نے ایڈیلیڈ میں آسٹریلیا کے خلاف آخری ۲؍ وَن ڈے جیتے ہیں ۔ مزید بر آں، اسٹار بلے باز وراٹ کوہلی یہاں رنز بنا رہے ہیں۔
ہندوستان اور آسٹریلیا ایڈیلیڈ اووَل میں ۶؍ بار آمنے سامنے ہو چکے ہیں۔ آسٹریلیا نے ان میں سے ۴؍ میچ جیتے ہیں جبکہ ہندوستان نے۲؍ جیتے ہیں۔ تاہم آسٹریلیا کی چار فتوحات پہلے چار میچوں میں آئیں۔ ہندوستان نے یہاں گزشتہ۲؍ یکروزہ میچوں میں کنگاروؤں کو شکست دی ہے۔
ایڈیلیڈ میںٹیم انڈیا کو پہلی فتح ۲۰۱۲ء میں ملی تھی
ایڈیلیڈ میں آسٹریلیا کے خلاف ہندوستان کو پہلی فتح ۲۰۱۲ءمیں ملی تھی۔ اس میچ میں ہندوستانی ٹیم نے ۲۷۰؍ رن کے ہدف کا تعاقب ۲؍ گیند باقی رہتے کر لیا تھا۔ آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے مقررہ۵۰؍اوورز میں ۸؍ وکٹوں کے نقصان پر۲۶۹؍رن بنائے۔
جواب میںہندوستان نے ہدف۴۹ء۴؍ اووروں میں ۶؍ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ ہندوستان کی جانب سے گوتم گمبھیر نے سب سے زیادہ۹۲؍ رن بنائے۔ گمبھیر اس وقت ہندوستانی ٹیم کے کوچ ہیں ۔ یہ میچ گمبھیر کے ۹۲؍ رن سے زیادہ دھونی کی فنشنگ کے لئے یاد کیا جاتا ہے۔ ہندوستان کو آخری اوور میں جیت کیلئے۱۳؍ رن درکار تھے ۔ کلنٹ میکے بولنگ کر رہے تھے۔روی چندرن اشون آخری اوور کی پہلی گیند پر ر ن بنانے میں ناکام رہے۔ انہوں نے دوسری گیند پر سنگل لیا جس سے ہندوستان کو ۴؍ گیندوں پر۱۲؍ رن درکار تھے۔ دھونی نے تیسری گیند پر سکسر لگایا۔ اگلی گیند نو بال تھی اور اس پر دھونی نے مزید ۲؍ رن بنائے۔ دھونی نے اوور کی چوتھی گیند پر مزید ۳؍ رن بنا کر ہندوستان کی جیت کو یقینی بنایا۔
۲۰۱۹ءمیں وراٹ کوہلی کی سنچری کی بدولت میچ جیتا تھا
ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان آخری ون ڈے ۲۰۱۹ء میں ایڈیلیڈ میں کھیلا گیا تھا۔ اس میچ میں ہندوستانی ٹیم نے وراٹ کوہلی کی سنچری کی بدولت۶؍ وکٹوں سے شاندار فتح حاصل کی۔آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ شان مارش کے ۱۳۱؍ رن کی بدولت آسٹریلیا نے ۵۰؍اوورز میں ۹؍وکٹوں پر۲۹۸؍رن بنائے۔ بھونیشور کمار نے۴؍ اور محمدسمیع نے ۳؍ وکٹیں حاصل کیں ۔ جواب میں ہندوستان نے ہدف۴۹ء۲؍اوورز میں ۴؍ وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا ۔ کوہلی نے ۱۱۲؍گیندوں پر ۱۰۴؍رن بنائے۔ مہندر سنگھ دھونی نے ۵۵؍ رن بنائے تھے۔
ہندوستان نے ایڈیلیڈ میں ۹؍ یکروز ہ میچ جیتے ہیں
ایڈیلیڈ میں یکروزہ کرکٹ میں ہندوستان کا مجموعی ریکارڈ اچھا ہے۔ ہندوستان نے یہاں۱۵؍ ون ڈے کھیلے ہیں جن میں سے ۹؍میچ جیتے اور ۵؍ہارے ہیں۔ ایک میچ برابر رہا۔
ایڈیلیڈ میں کوہلی کی ۵؍ بین الاقوامی سنچریاں
ایڈیلیڈ اووَل سابق ہندوستانی کپتان وراٹ کوہلی کیلئے بہترین مقام ثابت ہوا ہے۔ انہوںنے ۱۲؍بین الاقوامی میچوں (تینوں فارمیٹس میں) میں۶۵؍ کے اوسط سے۹۷۵؍رن بنائے ہیں جن میں ۵؍سنچریاںشامل ہیں۔ کوئی اور ہندوستانی بلے باز یہاں۶۰۰؍ رن تک نہیں پہنچا۔ون ڈے کرکٹ میں وراٹ نے۴؍میچوں میں ۸۳ء۸۴؍ کے اوسط سے۲۴۴؍ رن بنائے ہیں جن میں۲؍ سنچریاں بھی شامل ہیں۔ وہ اس گراؤنڈ پر ون ڈے میں دوسرے ٹاپ ہندوستانی بلے باز ہیں۔ دھونی نے سب سے زیادہ رن بنائے۔ دھونی نے ایڈیلیڈ میں ۶؍ ون ڈے میچوں میں ۸۳ء۹۷؍ کے اوسط سے۲۶۲؍رن بنائے ہیں۔
روہت شرما ایڈیلیڈ میں ابھی تک ففٹی بھی نہیںبنا سکے ہیں
روہت شرما ایڈیلیڈ میں ابھی تک ایک نصف سنچری بھی نہیں بنا سکے ہیں۔ تینوں فارمیٹس میں، روہت نے ۱۲؍میچوں میں صرف۱۹ء۱۳؍ کے اوسط سے۲۸۷؍ رن بنائے ہیں جس میں ۴۳؍ ان کا بہترین اسکور ہے۔ون ڈے میں، روہت نے ۶؍ اننگز میں۱۳۱؍ رن بنائے ہیں، بغیر ایک بھی ففٹی کے۔موجودہ ہندوستانی ون ڈے اسکواڈ میں سے صرف وراٹ کوہلی، روہت شرما، کلدیپ یادو، اور محمد سراج ایڈیلیڈ میں آسٹریلیا کے خلاف کھیلے ہیں۔ کلدیپ یادو اور محمد سراج نے یہاں صرف ایک ایک ون ڈے کھیلا ہے۔