Updated: January 21, 2026, 3:44 PM IST
|
Agency
| Noida
میچ کے آغاز میں دہلی دنگل واریئرز نے جارحانہ کھیل پیش کیا، ۱-۴؍ سے پیچھے رہنے کے بعدیوپی کے پہلوانوں نے زبر دست واپسی کی۔
انتم پنگال اورساریکا کے مقابلے کا منظر۔ تصویر: آئی این این
یوپی ڈومینیٹرز نے پرو ریسلنگ لیگ کے ساتویں میچ میں ہاری ہوئی بازی جیت لی۔ نوئیڈا انڈور اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس مقابلے میں یوپی نے ایک وقت میں ۱-۴؍ سے پیچھے رہنے کے بعد زبردست واپسی کی اور دہلی دنگل واریئرز کو۴-۵؍ سے شکست دے کر پوائنٹس ٹیبل میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی۔ میچ کے آغاز میں دہلی دنگل واریئرز نے جارحانہ کھیل پیش کیا۔۸۶؍کلوگرام زمرے میں وفائیپور ہادی بختیار نے واسیل کو۴-۷؍سے ہرا کر ٹیم کو برتری دلائی۔ اس کے بعد خواتین کے ۷۶؍ کلوگرام زمرے میں اناستاسیا الپییوا نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے اوجو ڈامولا کو۲-۱۱؍سے زیر کیا۔ مردوں کے ۷۴؍کلوگرام زمرے میں توران بائراموف کی جیت نے دہلی کو۰-۳؍ کی مضبوط برتری دلا دی۔
یوپی ڈومینیٹرز کیلئے واپسی کا راستہ انڈر۲۰؍ ورلڈ چمپئن تپسیا گہلاوت نے ہموار کیا، جنہوں نے ۵۷ ؍ کلوگرام زمرے میں ۲-۸؍ سے جیت حاصل کی ۔ حالانکہ دہلی کے کپتان سجیت کلکل نے اپنی جیت سے اسکور۱-۴؍ کر دیا تھالیکن اس کے بعد یوپی کے پہلوانوں نے مقابلے کا رخ ہی بدل دیا۔فیصلہ کن لمحات میچ کا رخ اس وقت مڑا جب راہول دیشوال نے شبھم کوشک کو۵-۸؍سے ہرا کر یوپی کی امیدیں زندہ کیں۔ اس کے بعد جسپورن سنگھ نے ہیوی ویٹ مقابلے میں جیت حاصل کی اور کپتان نیشا دہیا نے انجلی کو۵-۹؍سے ہرا کر اسکور۴-۴؍سے برابر کر دیا۔آخری اور فیصلہ کن معرکہ۵۳؍ کلوگرام ویمنس کیٹیگری میں تھا، جہاں اولمپین انتم پنگال نے اپنی مہارت کا لوہا منوایا اور تکنیکی برتری کی بنیاد پر دہلی کی حریف ساریکا کو شکست دے کر اپنی ٹیم کو ناقابل یقین فتح دلا دی۔پلیئر آف دی میچ تپسیا گہلاوت (یوپی ڈومینیٹرز)رہیں۔