راہل کی ۱۵۲؍رنوں کی تاریخی اننگز بھی کیپیٹلز کو شکست سے نہ بچا سکی، کنگز نے ۶؍وکٹوں سے میچ جیت لیا۔
EPAPER
Updated: April 26, 2026, 12:45 PM IST | Mumbai
راہل کی ۱۵۲؍رنوں کی تاریخی اننگز بھی کیپیٹلز کو شکست سے نہ بچا سکی، کنگز نے ۶؍وکٹوں سے میچ جیت لیا۔
پربھسمرن سنگھ (۷۳) اور پریانش آریہ (۴۳) کی اوپننگ شراکت اور کپتان شریاس ایر (ناٹ آؤٹ ۷۱) کی شاندار اننگز کی بدولت پنجاب کنگز نے آئی پی ایل ۲۰۲۶ء کے ۳۵؍ویں میچ میں دہلی کیپیٹلز کو ۷؍ گیندیں باقی رہتے ۶؍ وکٹوں سے شکست دے دی۔ یہ ٹورنامنٹ میں پنجاب کی چھٹی جیت ہے اور وہ ۷؍ میچوں میں ناقابل شکست رہی ہے۔قابل ذکر ہے کہ پہلے بلے بازی کرتے ہوئے دہلی نے۲؍وکٹوں کے نقصان پر ۲۶۴؍رنوں کا پہاڑ کھڑا کردیا تھا لیکن پنجاب نے اپنی غیر مفتوح مہم جاری رکھتے ہوئے اس بڑے اسکور کو بھی۱۸ء۵؍اوور میں ۴؍ وکٹ پرگنواکر میچ جیت لیا۔
یہ بھی پڑھئے: دہلی کے سامنے پنجاب کی فتح کے سلسلے کو روکنے کا چیلنج
۲۶۵؍رنوں کے بڑے ہدف کے تعاقب میں پنجاب کنگز کی شروعات دھماکہ خیز رہی جہاں پربھسمرن سنگھ اور پریانش آریہ نے پہلے وکٹ کیلئے۱۲۶؍ رن جوڑے۔ پاور پلے میں دونوں بلے بازوں نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے گیندبازوں کو بے بس کر دیا، خاص طور پر پربھسمرن نے ایک اوور میں ۶؍ چوکے لگا کر رنوں کی رفتار کو تیز کیا۔ساتویں اوور میں اکشر پٹیل نے پریانش آریہ کو آؤٹ کر کے اس شراکت کا خاتمہ کیا۔ انہوں نے ۱۷؍گیندوں پر ۴۳؍رن بنائے۔ اگلے ہی اوور میں کلدیپ یادو نے پربھسمرن سنگھ کو ایل بی ڈبلیو آؤٹ کر کے دہلی کو میچ میں واپس لانے کی کوشش کی۔ پربھسمرن نے ۲۶؍ گیندوں پر ۷۶؍رن بنائے، جن میں۹؍ چوکے اور ۵؍چھکے شامل تھے۔ نہال بڑھیرہ ۲۵؍رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ شریاس ایر نے ۳۶؍گیندوں میں۳؍ چوکے اور ۷؍ چھکے لگاتے ہوئے ناٹ آؤٹ ۷۱؍رنوں کی میچ جتوانے والی اننگز کھیلی جبکہ ششانک سنگھ نے ۱۰؍گیندوں میں ناٹ آؤٹ ۱۹؍ رن بنائے۔ یہ پنجاب کنگز کی تاریخ کا سب سے بڑا کامیاب ہدف کا تعاقب ہے۔ اس سے قبل ٹیم نے کولکاتا نائٹ رائیڈرز کے خلاف ۲۶۲؍رن کا ہدف حاصل کیا تھا جبکہ اس میچ میں ٹیم نے ۲۶۵؍ رنوں کا ہدف بھی عبور کر لیا۔
یہ بھی پڑھئے: کمِنز فٹ ہو کر واپسی کے لیے تیار، راجستھان کے خلاف مقابلے میں نظر آئیں گے
اس سے قبل دہلی کیپیٹلز نے کے ایل راہل (ناٹ آؤٹ ۱۵۲) اور نتیش رانا (۹۱) کی شاندار بلے بازی کی بدولت ۲؍ وکٹ پر ۲۶۴؍ رن بنائے تھے۔ دونوں کے درمیان ۲۲۰؍ رنوں کی ریکارڈ شراکت قائم ہوئی۔ راہل کی یہ اننگز آئی پی ایل میں کسی ہندوستانی بلے باز کا سب سے بڑا اور مجموعی طور پر تیسرا بڑا اسکور ہے۔اس سنچری کے ساتھ راہل نے کرسل گیل کے ۶؍آئی پی ایل سنچریوں کے ریکارڈ کی برابری کر لی۔ وہ اب صرف جوس بٹلر (۷) اور سرفہرست وراٹ کوہلی (۸) سے پیچھے ہیں، جبکہ سنجو سیمسن ۵؍سنچریوں کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہیں۔ راہل کی یہ اننگز ان کی فرنچائز کے لیے بھی خاص رہی کیونکہ انہوں نے دہلی کے لئے سب سے زیادہ سنچریاں بنانے کا ریکارڈ برابر کر لیا اور شکھر دھون اور ڈیوڈ وارنر کی فہرست میں شامل ہو گئے۔