پریانش آریہ (۹۳؍رن) اور کوپر کونلی (۸۷؍رن) کی دھواں دار بیٹنگ اور گیندبازوں کی شاندار کارکردگی کی بدولت پنجاب کنگز نے اتوار کو انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) ۲۰۲۶ء کے ۲۹؍ویں میچ میں لکھنؤ سپر جائنٹس کو ۵۴؍ رنز سے ہرا دیا۔
EPAPER
Updated: April 20, 2026, 3:20 PM IST | New Chandigarh
پریانش آریہ (۹۳؍رن) اور کوپر کونلی (۸۷؍رن) کی دھواں دار بیٹنگ اور گیندبازوں کی شاندار کارکردگی کی بدولت پنجاب کنگز نے اتوار کو انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) ۲۰۲۶ء کے ۲۹؍ویں میچ میں لکھنؤ سپر جائنٹس کو ۵۴؍ رنز سے ہرا دیا۔
پریانش آریہ (۹۳؍رن) اور کوپر کونلی (۸۷؍رن) کی دھواں دار بیٹنگ اور گیندبازوں کی شاندار کارکردگی کی بدولت پنجاب کنگز نے اتوار کو انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل) ۲۰۲۶ء کے ۲۹؍ویں میچ میں لکھنؤ سپر جائنٹس کو ۵۴؍ رنز سے ہرا دیا۔ یہ لکھنؤ کی مسلسل تیسری شکست ہے جبکہ پنجاب کنگز اس سیزن میں کھیلے گئے اپنے تمام چھ میچ جیت کر سرفہرست ہے۔ پریانش آریہ کو ان کی جارحانہ بیٹنگ پر ’’پلیئر آف دی میچ‘‘ قرار دیا گیا۔
۲۵۵؍ رنز کے ہدف کے تعاقب میں لکھنؤ سپر جائنٹس کے لیے مچل مارش اور آیوش بدونی نے اچھی شروعات کرتے ہوئے پہلے وکٹ کے لیے ۶۱؍ رنز جوڑے۔ چھٹے اوور میں وجے کمار ویشک نے بدونی کو آؤٹ کر کے اس شراکت کو توڑا۔ بدونی نے ۲۱؍ گیندوں پر۳۵؍ رنز بنائے۔
یہ بھی پڑھئے:اکشے پہلے’’کھلاڑی کمار‘‘ پھر بنے کامیڈی کے کنگ
۱۲؍ویں اوور میں یزویندر چہل نے مچل مارش کو آؤٹ کیا، جنہوں نے ۴۰؍رنز بنائے۔ اگلے ہی اوور میں عرشدیپ سنگھ نے کپتان رشبھ پنت کو پویلین بھیج دیا، جنہوں نے ۲۳؍ گیندوں پر۴۳؍ رنز بنائے۔ نکولس پورن صرف ۹؍ رنز بنا سکے جبکہ ایڈن مارکرم نے۴۲؍ رنز کی اننگز کھیلی۔ ٹیم مقررہ ۲۰؍ اوورز میں ۵؍ وکٹوں پر ۲۰۰؍ رنز ہی بنا سکی اور ۵۴؍ رنز سے میچ ہار گئی۔ مکول چودھری ۲۱؍رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ پنجاب کے لیے مارکو یانسن نے دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ وجے کمار ویشک، عرشدیپ سنگھ اور یزویندر چہل نے ایک ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
یہ بھی پڑھئے:ٹی سی ایس کیس ملزم کےرشتہ داروں کا ہراسانی معاملے کی آڑ میں دفتری سیاست کا الزام
اس سے قبل پنجاب کنگز نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ۲۰؍ اوورز میں ۷؍وکٹوں پر ۲۵۴؍ رنز کا بڑا اسکور کھڑا کیا، جو آئی پی ایل ۲۰۲۶ء میں ان کا سب سے زیادہ اسکور ہے اور مجموعی طور پر آئی پی ایل میں ان کا دوسرا بہترین اسکور ہے۔ ابتدا میں محمد سمیع نے پربھسمرن سنگھ کو صفر پر آؤٹ کر کے پہلا جھٹکا دیا، لیکن اس کے بعد کوپر کونلی اور پریانش آریہ نے زبردست بیٹنگ کرتے ہوئے دوسرے وکٹ کے لیے۱۸۲؍ رنز کی شراکت قائم کی۔ کونلی نے ۴۶؍ گیندوں پر ۸۷؍ رنز بنائے جبکہ آریہ ۹۳؍ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔
Muskuraiyein... hum top pe hai 📈❤️ pic.twitter.com/GDB2mirOGh
— Punjab Kings (@PunjabKingsIPL) April 19, 2026
کپتان شریاس ایّر صرف۵؍ رنز بنا سکے جبکہ نہال بڑھیرا نے ۱۳؍ رنز بنائے۔ ششانک سنگھ نے ۶؍ گیندوں پر ۱۷؍ رنز کی تیز اننگز کھیلی جبکہ مارکس اسٹوئنس ۲۹؍ رنز بنا کر آخری گیند پر رن آؤٹ ہو گئے۔ پنجاب کے بلے بازوں نے اس اننگز میں ریکارڈ۲۱؍ چھکے اور ۱۶؍ چوکے لگائے۔ لکھنؤ کی جانب سے پرنس یادو اور ایم سدھارتھ نے دو دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ محمد سمیع اور محسن خان نے ایک ایک وکٹ لیا۔