Inquilab Logo

پنجاب کنگز نے دہلی کو ۴؍وکٹ سے روند دیا

Updated: March 23, 2024, 9:09 PM IST | Mohali

سیم کرن کی نصف سنچری اور ان کے ساتھی انگلینڈ کے آل راؤنڈر لیام لیونگ اسٹون کے ساتھ۶۷؍ رن کی شراکت کی مدد سے پنجاب کنگز نے انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) میں دہلی کیپٹلس کو شکست دے کر اپنی مہم کا شاندار آغاز کیا

Punjab Kings Batsmen. Photo:INN
پنجاب کنگز کے بلے باز۔ (تصویر: آئی این این)

سیم کرن کی نصف سنچری اور ان کے ساتھی انگلینڈ کے آل راؤنڈر لیام لیونگ اسٹون کے ساتھ۶۷؍ رن کی شراکت کی مدد سے پنجاب کنگز نے انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل) میں دہلی کیپٹلس کو شکست دے کر اپنی مہم کا شاندار آغاز کیا۔ رشبھ پنت ۱۴؍ ماہ بعد میدان میں واپسی کا جشن  جیت سے نہیں مناسکے۔ دہلی نے پہلے ۹؍وکٹ ۱۷۴؍ رن کا چیلنجنگ اسکور بنایا۔ اس کے جواب میں کرن نے۴۷؍ گیندوں پر ۶؍ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے۶۳؍ رن  بنائے جبکہ لیونگ اسٹون نے۲۱؍ گیندوں پر ناقابل شکست۳۸؍ رن بنائے جس میں ۲؍ چوکے اور ۳؍ چھکے شامل تھے۔ اس میں آخری اوور میں سمیت کمار کی جانب سے جتانے والا چھکا بھی شامل تھا جس کی وجہ سے پنجاب نے۱۹ء۲؍ اوور میں۶؍ وکٹ پر۱۷۷؍ رن بنا کر میچ جیت لیا۔ کرن مین آف دی میچ رہے۔ 
اس سے دہلی کیپٹلس نے کپتان رشبھ پنت کی قیادت میں سنیچر کو ٹاٹا آئی پی ایل ۲۰۲۴ء میں پنجاب کنگز کے خلاف اننگز کا طوفانی آغاز اور اختتام کیا لیکن درمیانی اوورس میں وکٹ گرنے اور رن ریٹ کی رفتار کم ہونے کی وجہ سے  ٹیم مقررہ ۲۰؍ اوورس کے کھیل میں ۹؍ وکٹ پر صرف ۱۷۴؍ رن بنا سکی۔امپیکٹ کھلاڑی ابھیشیک پورل نے ملن پور کے نئے تعمیر شدہ مہاراجہ یادویندر سنگھ انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں صرف ۱۰؍ گیندوں پر ناٹ آؤٹ ۳۲؍ رن جوڑ کر دہلی کیلئے  مشکل ہدف قائم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ پورل نے اپنی مختصر اننگز میں ۴؍ چوکے اور ۲؍ چھکے لگائے۔
ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بلے بازی کرنے آئے ڈیوڈ وارنر(۲۹؍رن) اور مشیل مارش(۲۰؍ رن) پر مشتمل دہلی کیپٹلس کی اوپننگ جوڑی نے جارحانہ اندازمیں اننگز کا آغاز کیا اور پہلے ۳؍ اوورس میں۳۸؍ رن جوڑے، لیکن ارشدیپ سنگھ نے اپنے دوسرے اوور میں مشیل مارش کو آؤٹ کرکے رن کی رفتار کو روکنے کی کوشش کی۔ نئے بلے باز شائی ہوپ (۳۳؍رن) اور وکٹ کیپر کپتان رشبھ پنت، جو تقریباً۱۴؍ ماہ بعد چوٹ سے ٹھیک ہونے کے بعد میدان میں واپس آئے، نے بھی شاندار اسٹروکس کھیل کر شائقین کی تفریح کی۔  دوسری جانب پنجاب کنگز کے کپتان شکھر دھون نے اپنی گیند بازی میں تجربات جاری رکھے۔ ۱۰؍ویں اوور تک دہلی کا رن ریٹ ۹؍رن فی اوور سے زیادہ تھا لیکن رشبھ پنت کے بعد رکی بھوئی (۳؍رن) اور بعد میں ٹرسٹن اسٹبس (۵) کا وکٹ گرنے سے دہلی۱۵۰؍ رن کے اسکور تک پہنچنے کے لئے جدوجہد کی پوزیشن میں آگئی تھی لیکن اکشر پٹیل (۲۱؍رن) کے بعد پورل نے آخری اوورس میں تیز رفتاری سے رن بنا کر میچ میں واپسی کی۔ پنجاب کنگز کی جانب سے ارشدیپ سنگھ اور ہرشل پٹیل نے ۲۔۲؍ وکٹ حاصل کئے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK