کپتان شریاس ایر، پریانش آریہ اور پربھ سمرن نے ہاف سنچریاں بناتے ہوئے سن رائزرز کے بڑے اسکور کو چھوٹا ثابت کردیا۔
EPAPER
Updated: April 12, 2026, 3:44 PM IST | Mumbai
کپتان شریاس ایر، پریانش آریہ اور پربھ سمرن نے ہاف سنچریاں بناتے ہوئے سن رائزرز کے بڑے اسکور کو چھوٹا ثابت کردیا۔
ملاں پور کے میدان پر پنجاب نے اپنی بادشاہت برقرار رکھی اور سن رائزرز حیدرآباد کو ۶؍ وکٹوں سے زبردست شکست دے دی۔ پنجاب نے سن رائزرز حیدر آباد کے ۲۲۰؍ رنوں کے بڑے ہدف کو محض ۱۸ء۵؍اوور میں ہی حاصل کر لیا۔کپتان شریاس ایر (ناٹ آؤٹ ۶۹)، پریانش آریہ (۵۷) اور پربھ سمرن سنگھ (۵۱) کی طوفانی بلے بازی کی بدولت پنجاب کنگز نے سنیچر کو آئی پی ایل کے ایک مقابلے میں سن رائزرز حیدرآباد کو ۷؍ گیندیں باقی رہتے ۶؍ وکٹوں سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں اپنی تیسری جیت درج کر لی۔
پنجاب کی جانب سے کپتان شریاس ایرنے ایک بار پھر شاندار اننگز کھیلی اور ٹیم کو جیت کی دہلیز تک پہنچا دیا۔ ایر نے محض ۳۳؍ گیندوں میں ناقابلِ شکست ۶۹؍ رن بنائے۔
یہ بھی پڑھئے: نیویارک کے نوجوانوں نے میسی اور انٹر میامی کی امیدوں پر پانی پھیر دیا
اس سے قبل پنجاب نے ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی کا فیصلہ کیا۔ سن رائزرز حیدرآباد کے ابھیشیک شرما اور ٹریوس ہیڈ نے ٹیم کو طوفانی آغاز فراہم کیا۔ دونوں نے پہلی وکٹ کیلئے ۱۲۰؍ رنوں کی شراکت داری نبھائی۔ انہوں نے پاور پلے میں ہی ۱۰۵؍ رن ٹھوک دئیے۔ ابھیشیک شرما نے ایک بار پھر جارحانہ انداز دکھایا اور محض ۲۸؍ گیندوں میں ۷۴؍رن بنائے، جس میں ۵؍ چوکے اور ۸؍ چھکے شامل تھے۔
ٹریوس ہیڈ نے ۲۳؍ گیندوں میں ۳۸؍ رن بنائے۔ ششانک سنگھ نے اس خطرناک جوڑی کو توڑ کر پنجاب کی واپسی کرائی۔ ان دونوں کے آؤٹ ہونے کے بعد حیدرآباد آخری ۱۴؍ اوور میں صرف ۱۱۴؍ رن ہی بنا سکی۔ آخری ۵؍ اوور میں پنجاب کے گیندبازوں نے سن رائزرز کو روک کر رکھا اور صرف ۴۳؍ رن ہی بنانے دئیے۔ ہینرک کلاسن نے حیدرآباد کیلئے ۳۹؍ رنوں کا تعاون دیا۔
پریانش اور پربھ سمرن کا طوفانی آغاز
بڑے ہدف کا تعاقب کرنے اتری پنجاب کنگز کو پریانش آریہ اور پربھ سمرن سنگھ نے شاندار شروعات فراہم کی۔ دونوں نے پاور پلے کا بھرپور فائدہ اٹھایا اور ابتدائی ۶؍ اوور میں ۹۲؍ رن بنا ڈالے۔ اس دوران پریانش آریہ نے محض ۱۶؍ گیندوں میں نصف سنچری مکمل کی۔ انہوں نے ۲۰؍گیندوں پر ۵۷؍ رن بنائے۔ پربھ سمرن نے بھی ۲۵؍ گیندوں میں ۵۱؍رنوں کی اننگز کھیلی۔ بعد ازاں شریاس ایر نے اننگز کو آگے بڑھایا اور فتح دلا دی۔
یہ بھی پڑھئے: روہت شرما کے ممبئی انڈینس میں ۱۵؍ سال مکمل، ٹیم اور مداحوں کیلئے جذباتی پیغام
پنجاب نے ۱۰؍ویں بار ۲۰۰+ کا ہدف حاصل کیا
پنجاب کنگز نے ریکارڈ ۱۰؍ویں مرتبہ ۲۰۰؍ سے زیادہ رن کا ہدف کامیابی سے حاصل کیا ہے۔ پنجاب کنگز کے علاوہ ممبئی انڈینس نے ۶؍بار اور راجستھان رائلز نے ۵؍بار یہ کارنامہ انجام دیا ہے۔