یوکرین جنگ کے خاتمے کی سفارتی کوششوں کے درمیان روسی صدر ولادیمیر پوتن نے ایک بار پھر سخت موقف اختیار کرتے ہوئے یورپی ممالک کو خبردار کیا ہے۔
EPAPER
Updated: November 13, 2026, 12:21 PM IST | Moscow
یوکرین جنگ کے خاتمے کی سفارتی کوششوں کے درمیان روسی صدر ولادیمیر پوتن نے ایک بار پھر سخت موقف اختیار کرتے ہوئے یورپی ممالک کو خبردار کیا ہے۔
روسی صدر ولادیمیر پوتن نے یوکرین میں غیر ملکی فوجیوں کی تعیناتی کے خلاف سخت انتباہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر امن معاہدے کے بعد یورپی ممالک نے وہاں اپنی فوج بھیجی تو روس انہیں جائز فوجی اہداف تصور کرے گا اور جنگ دوبارہ شروع ہوسکتی ہے۔ یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکہ، روس اور یوکرین کے درمیان جنگ کے خاتمے کے لیے سفارتی کوششیں تیز ہوگئی ہیں۔ ۱۲؍ نومبر کو ماسکو میں پوتن نے امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف اور ان کے داماد جیرڈ کشنر سے ملاقات کی۔ کریملن میں ہونے والی یہ ملاقات چار گھنٹے سے زیادہ جاری رہی۔ اس دوران یوکرین جنگ کے خاتمے، علاقائی سلامتی اور مستقبل کے امن معاہدے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
یہ بھی پڑھئے: فجیرہ ٹریفک حادثہ: ۲۳؍ گاڑیوں کے ٹکراؤ میں ۱۴؍ ہلاک،۳۰؍ زخمی
پوتن نے واضح کیا کہ یوکرین میں غیر ملکی فوجیوں کی موجودگی روس کی قومی سلامتی کے لیے خطرہ ہے۔ ان کے مطابق روس شروع ہی سے یوکرین میں غیر ملکی فوجیوں کی تعیناتی کو ناقابل قبول قرار دیتا رہا ہے۔ انہوں نے یورپی ممالک کی جانب سے امن معاہدے کے بعد یوکرین میں امن فوج بھیجنے کی تجاویز پر بھی اعتراض کیا اور کہا کہ ایسی تعیناتی جنگ کو دوبارہ بھڑکا سکتی ہے۔ ادھر امریکی ایلچی جیرڈ کشنر نے کہا کہ یورپی ممالک آئندہ امن مذاکرات میں اپنا کردار ادا کرنا چاہتے ہیں۔ ان کے مطابق یورپ کی شمولیت سے جنگ کے بعد یورپی سلامتی کے وسیع تر انتظامات اور روس و یوکرین کے درمیان علاقائی تنازعات پر بھی بات ہوسکے گی۔
یہ ملاقات متحدہ عرب امارات کے دارالحکومت ابوظبی میں امریکہ کی ثالثی میں ہونے والے دو روزہ مذاکرات کے بعد ہوئی۔ ۱۰؍ اور ۱۱؍ نومبر کو ہونے والے ان مذاکرات میں روس اور یوکرین کے نمائندوں نے تقریباً ۹؍ ماہ بعد پہلی مرتبہ براہِ راست بات چیت کی۔ تاہم جنگ ختم کرنے کے حوالے سے کوئی بڑی پیش رفت نہیں ہوسکی۔ البتہ دونوں فریقوں نے بڑی تعداد میں جنگی قیدیوں کے تبادلے پر اصولی اتفاق کیا ہے۔ اس تبادلے کے تحت ہزاروں افراد کی اپنے اہل خانہ سے دوبارہ ملاقات ممکن ہوسکتی ہے۔
یہ بھی پڑھئے: بنگلہ دیشی فوٹوگرافر پنو رحمان نے HIPA کا گرینڈ پرائز جیتا
کشنر نے مزید کہا کہ آئندہ مذاکرات میں یورپی ممالک کی شمولیت کی کوشش کی جا رہی ہے۔ امریکی ایلچیوں نے ماسکو میں ملاقات کے بعد آئرلینڈ کے شہر ڈبلن کا رخ کیا، جہاں انہوں نے یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی سے ملاقات کی۔ زیلنسکی نے بھی مذاکرات میں یورپی ممالک کی شرکت کے امکان کا خیرمقدم کیا اور امید ظاہر کی کہ آئندہ بات چیت میں جنگ بندی اور کشیدگی کم کرنے کے اقدامات زیر بحث آئیں گے۔ تاہم روس کی جانب سے مذاکرات کے نئے فارمیٹ میں یورپ کی شمولیت کی باضابطہ توثیق ابھی سامنے نہیں آئی ہے۔
دوسری جانب پوتن نے یوکرین کے مشرقی علاقے ڈونباس پر روس کے مطالبات میں نرمی کے اشارے نہیں دیے۔ روس چاہتا ہے کہ امن معاہدے میں ان علاقوں پر اس کا کنٹرول تسلیم کیا جائے، جبکہ یوکرین نے اس مطالبے کو مسترد کیا ہے۔ پوتن نے مشرقی یوکرین کے شہر کوستیانتینیوکا میں عارضی جنگ بندی کے تحت انسانی امدادی مشن شروع کرنے کی تجویز بھی پیش کی ہے۔ مجموعی طور پر حالیہ مذاکرات کے نتیجے میں قیدیوں کے تبادلے اور آئندہ بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق کو سفارتی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، لیکن علاقائی تنازعات اور یوکرین کی جنگ کے بعد سلامتی کے انتظامات پر دونوں ملکوں کے درمیان اختلافات برقرار ہیں۔