ناصرمیڈیکل کمپلیکس حملے میں۲۰؍ سے زائد زخمی، جنگ بندی معاہدے کے باوجود حملے جاری ہیں۔
EPAPER
Updated: November 13, 2026, 2:58 PM IST | Agency | Gaza
ناصرمیڈیکل کمپلیکس حملے میں۲۰؍ سے زائد زخمی، جنگ بندی معاہدے کے باوجود حملے جاری ہیں۔
جنگ بندی معاہدے کے نفاذ کے باوجود غزہ پر اسرائیل کے بہیمانہ حملے جاری ہیں۔ اسرائیلی فوج نے جمعرات کی صبح خان یونس کے مغرب میں واقع ناصر میڈیکل کمپلیکس کو فضائی حملے کا نشانہ بنایا، جس میں۶؍ فلسطینی جاں بحق اور ۲۰؍ سے زائد زخمی ہو گئے۔ غزہ انتظامیہ کے مطابق ہلاکتیں بڑھنے کا اندیشہ ہے۔
اسرائیلی فوج کے ریڈیو نے دعویٰ کیا کہ طبی کمپلیکس کے اندر ایک مخصوص ہدف کو نشانہ بنا کر قتل کرنے کی کارروائی کی گئی۔ غزہ میں شہری دفاع کے ترجمان محمود بصل نے بتایا کہ فضائی حملہ کمپلیکس کی الیاسین عمارت کی دوسری منزل پر کیا گیا۔ ان کے مطابق شہری دفاع کی ٹیموں نے پانچ لاشیں نکالیں اور ۲۰؍ سے زائد زخمیوں کو ہسپتال منتقل کیا۔
یہ بھی پڑھئے: قدرتی وسائل پر فلسطینی خودمختاری کے حق میں بھاری اکثریت سے قرارداد منظور
العربیہ اور الحدث کے نمائندے کے مطابق حملے میں ایک ڈاکٹر بھی اس وقت جاں بحق ہوا جب وہ طبی خدمات انجام دے رہا تھا۔ امدادی کارکنوں نے اس کی شناخت ڈاکٹر رزق ابو شعیرہ کے طور پر کی، جو جنرل سرجری کے شعبے سے وابستہ تھے۔ناصر اسپتال کے ڈائریکٹر نے بتایا کہ حملہ عمودی انداز میں کیا گیا، جس کے نتیجے میں انتہائی نگہداشت اور سرجری کے شعبوں کو شدید نقصان پہنچا۔تادم تحریر ہلاکتیں بڑھ کر ۱۰؍ ہوگئی ہیں۔
غزہ کی وزارت صحت کے اعداد و شمار کے مطابق ۱۱؍اکتوبر ۲۰۲۵ء کو جنگ بندی نافذ ہونے کے بعد سے اسرائیلی فضائی حملوں اور توپ خانے کی گولہ باری میں۱۶۱۴؍ فلسطینی جاں بحق اور۵۸۴۹؍ زخمی ہو چکے ہیں۔