Updated: January 13, 2026, 3:08 PM IST
|
Agency
| New Delhi
لیگ کا آغاز ۱۵؍جنوری سے ہوگا، کل۱۵؍ میچ راؤنڈ رابن فارمیٹ کے تحت کھیلے جائیں گے ، ۳۰؍ اور۳۱؍ جنوری کو سیمی فائنل جبکہ یکم فروری کو فائنل ہوگا۔
سیزن کے پہلے مقابلے میں پنجاب رائلز اور یو پی ڈومینیٹرز مدمقابل ہوں گے۔ تصویر: آئی این این
ملک کے معروف کھیل کشتی (ریسلنگ) کے مداحوں کا انتظار ختم ہوا! پرو ریسلنگ لیگ (پی ڈبلیو ایل)نے اپنے پانچویں اور سب سے بڑے سیزن کے شیڈول کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ لیگ کا آغاز۱۵؍ جنوری سے ہوگا جہاں سیزن کے پہلے مقابلے میں پنجاب رائلز اور یو پی ڈومینیٹرز مدمقابل ہوں گے۔ یہ تمام مقابلے یکم فروری تک نوئیڈا انڈور اسٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔اس سیزن میں مجموعی طور پر۶؍فرنچائزز ایک دوسرے کے خلاف زور آزمائی کریں گی : دہلی دنگل واریئرز ،ہریانہ تھنڈرز، ٹائیگرز آف ممبئی دنگل،مہاراشٹر کیسری،پنجاب رائلز،یو پی ڈومینیٹرز۔
لیگ مرحلے میں کل۱۵؍ میچ راؤنڈ رابن فارمیٹ کے تحت کھیلے جائیں گے ۔ ٹاپ۴؍ ٹیمیں سیمی فائنل(۳۰؍ اور۳۱؍ جنوری) کیلئے کوالیفائی کریں گی جبکہ فائنل معرکہ اتوار، یکم فروری کو ہوگا۔
کھیلوں کے شائقین تمام مقابلے رات ۸؍ بجے سے سونی ٹین ۴؍ اور سونی ٹین ۵؍ پر براہِ راست دیکھ سکیں گے ۔ جس دن ۲؍ میچ(ڈبل ہیڈرز) ہوں گے، اس دن نشریات شام۶؍ بجے شروع ہوں گی۔ ڈیجیٹل صارفین سونی لیو ایپ پر لائیو اسٹریمنگ سے لطف اندوز ہو سکتے ہیں۔
سیزن۵؍کیلئے فرنچائزز نے کھلاڑیوں پر دل کھول کر پیسہ بہایا ہے۔ نیلامی میں ۶۳؍ ملکی اور غیر ملکی پہلوانوں پر مجموعی طور پر۱۱؍ کروڑ روپے سے زائد خرچ کیے گئے ہیں۔اولمپک اور ۴؍ بار کی ورلڈ چمپئن یوئی سوساکی کو ہریانہ تھنڈرز نے ۶۰؍ لاکھ روپے میں خرید کر لیگ کی تاریخ کا مہنگا ترین کھلاڑی بنا دیا ہے۔
پیرس اولمپک میڈلسٹ امن سہراوت کو ٹائیگرز آف ممبئی نے ۵۱؍ لاکھ میں جبکہ انتم پنگھال کو یو پی ڈومینیٹرز نے ۵۲؍ لاکھ روپے میں اپنی ٹیم کا حصہ بنایا ہے۔ سجیت کلکل بھی۵۲؍ لاکھ روپے کے عوض دہلی دنگل واریرز کی نمائندگی کریں گے ۔ہر مقابلے میں ۹؍مختلف وزن کے زمروں میں مقابلے ہوں گے۔ کھلاڑیوں کی صحت اور کارکردگی کو برقرار رکھنے کیلئے۲۲؍ اور۲۴؍ جنوری کو ریسٹ ڈے رکھا گیا ہے۔ لیگ کا آخری گروپ میچ۲۹؍ جنوری کو پنجاب رائلز اور دہلی دنگل واریرز کے درمیان کھیلا جائے گا۔