Inquilab Logo Happiest Places to Work

بالوگن کے ’’ریڈ کارڈ‘‘ فیصلے کے بعد فیفا صدر کے ٹرمپ سے تعلقات پر سوالات

Updated: July 06, 2026, 5:03 PM IST | New York

فیفا نے امریکی اسٹرائیکر فولارن بالوگن پر عائد ریڈ کارڈ کی معطلی، امریکی صدرڈونالڈ ٹرمپ کی فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو سے فون پر گفتگو کے بعد مؤخر کر دی، جس کے نتیجے میں قوانین میں تبدیلی اور دونوں کے قریبی تعلقات پر تنازع کھڑا ہو گیا۔

Trump And Infantino.Photo:INN
ٹرمپ اور انفانٹینو۔ تصویر:آئی این این

یہ معاملہ ایک ریڈ کارڈ سے شروع ہوا اور امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی فیفا چیف جیانی انفانٹینو کو کئے گئے  فون کال پر ختم ہوا، جس کے بعد ایک تاریخی فیصلہ سامنے آیا جس نے امریکی اسٹرائیکر فولارن بالوگن کو ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ مرحلے میں کھیلنے کی اجازت دے دی۔ اس واقعہ نے ایک بار پھر ٹرمپ اور انفانٹینو کے قریبی تعلقات کو توجہ کا مرکز بنا دیا کیونکہ حالیہ مہینوں میں انفانٹینو متعدد فیفا تقریبات میں ٹرمپ کے ساتھ نظر آتے رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھئے:امریش پوری ۲۱؍ سال تک سرکاری ملازم کے طور پر کام کرنے کے بعد فلموں میں آئے


 دی نیویارک ٹائمز کے مطابق ٹرمپ نے انفانٹینو سے درخواست کی کہ وہ اس فیصلے پر نظرثانی کریں جس کے باعث بالوگن اگلا میچ کھیلنے سے محروم ہو گئے تھے۔ بالوگن کو میچ کے ۶۴؍ویں منٹ میں بوسنیا کے دفاعی کھلاڑی طارق محاریمووچ  کے ٹخنے پر قدم رکھنے کے باعث سیدھا ریڈ کارڈ دکھایا گیا تھا۔ ریفری رافائل کلاوس کھیل کے دوران اس واقعہ کو نہ دیکھ سکے، تاہم وی اے آر(وی اے آر)   حکام نے انہیں پچ کے کنارے نصب مانیٹر پر واقعہ کا جائزہ لینے کے لیے کہا۔ ری پلے دیکھنے کے بعد ریفری نے اپنا ابتدائی فیصلہ تبدیل کرتے ہوئے بالوگن کو ریڈ کارڈ دکھا دیا۔
بعد ازاں ناقدین نے فیفا کی اپنی وی اے آر ہدایات کا حوالہ دیا، جن کے مطابق کسی چیلنج کی شدت کا اندازہ لگانے کے لیے ری پلے عام رفتار (نارمل اسپیڈ) میں دکھایا جانا چاہیے۔ ان کا مؤقف تھا کہ سلو موشن فوٹیج کے استعمال نے اس چیلنج کو حقیقت سے زیادہ سنگین ظاہر کیا۔ فیفا کے قوانین کے مطابق، سیدھا ریڈ کارڈ ملنے پر عام طور پر ایک میچ کی خودکار معطلی ہوتی ہے اور اس کے خلاف اپیل کا حق نہیں ہوتا۔
بالوگن کے ریڈ کارڈ پر فیفا کا تاریخی یو ٹرن
ٹرمپ کی مبینہ فون کال کے چھ روز بعد، فیفا کی ڈسپلنری کمیٹی نے اعلان کیا کہ بالوگن کی ایک میچ کی معطلی فوری طور پر نافذ نہیں ہوگی۔ اس کے بجائے اس سزا کو ایک سال کی آزمائشی مدت (پروبیشن) کے لیے معطل کر دیا گیا، جس کے باعث وہ امریکہ کے بلجیم  کے خلاف راؤنڈ آف ۱۶؍ کے میچ میں شرکت کر سکے۔ فیفا نے واضح کیا کہ اگر آئندہ ایک سال کے دوران بالوگن اسی نوعیت اور شدت کی کسی اور خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے تو موجودہ معطلی کو نئی سزا کے ساتھ شامل کر دیا جائے گا۔ فیصلے کے فوراً بعد ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل  پر اس اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے لکھا’’صحیح فیصلہ کرنے اور ایک بڑی ناانصافی کو ختم کرنے پر فیفا کا شکریہ!‘‘ ۔تاہم ٹرمپ نے یہ نہیں کہا کہ ان کی فون کال نے اس فیصلے پر کوئی اثر ڈالا۔

یہ بھی پڑھئے:فلم ’دل چاہتا ہے‘ کی موسیقی محض ساڑھے ۳؍ دنوں میں تیار ہو گئی تھی


 ٹرمپ اور انفانٹینو کے تعلقات ایک بار پھر زیرِ بحث
اس تنازع نے ایک مرتبہ پھر ٹرمپ اور جیانی انفانٹینو کے تعلقات پر توجہ مرکوز کر دی ہے۔ دی گارجین  کے مطابق، گزشتہ چند برسوں میں انفانٹینو بین الاقوامی کھیلوں کے حلقوں میں ٹرمپ کے قریبی اتحادیوں میں شمار ہونے لگے ہیں۔ وہ ٹرمپ کی دوسری حلف برداری کی تقریب میں شریک ہوئے، متعدد بار  ماراے لاگو  اور اوول آفس  جا چکے ہیں  اور انہوں نے نیویارک میں  ٹرمپ ٹاورکے اندر فیفا کا ایک دفتر بھی قائم کیا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK