انوئے دراوڑ اور آریہ ویر سہواگ آسٹریلیاکی انڈر۔۱۹؍ ٹیم کے خلاف یکروزہ سیریز میں کھیلیںگے،لکشیا رائے چندانی ٹیم کے کپتان ہوں گے۔
EPAPER
Updated: August 28, 2026, 12:40 PM IST | Agency | New Delhi
انوئے دراوڑ اور آریہ ویر سہواگ آسٹریلیاکی انڈر۔۱۹؍ ٹیم کے خلاف یکروزہ سیریز میں کھیلیںگے،لکشیا رائے چندانی ٹیم کے کپتان ہوں گے۔
لیجنڈری بلے باز راہل دراوڑاور وریندر سہواگ کے بیٹوں بالترتیب انوئے اور آریہ ویر کو آسٹریلیا کے خلاف ۱۸؍ ستمبر سے شروع ہونے والی یک روزہ سیریز کے لئے ہندوستان کی انڈر۔۱۹؍ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔ ہندوستانی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کی سلیکشن کمیٹی نے ۳؍یک روزہ اور ۲؍کثیر روزہ مقابلوں کے لئے الگ الگ ٹیموں کا انتخاب کیا ہے۔
لکشیا رائےچندانی یک روزہ ٹیم کی قیادت کریں گے جبکہ یشوردھن سنگھ چوہان کو طویل فارمیٹ کے مقابلوںکیلئے کپتان بنایا گیا ہے۔ انوئے اور آریہ ویر دونوں کو صرف یک روزہ ٹیم میں جگہ ملی ہے۔دہلی پریمیر لیگ میں کھیلنے والے ۱۸؍سالہ آریہ ویر سہواگ کو پہلی بار ہندوستانی ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔دائیں ہاتھ کے بلے باز آریاویر نے حالیہ دہلی پریمیرلیگ ویسٹ دہلی لائنز کی نمائندگی کی، جہاں ان کے جارحانہ اندازِ بلے بازی کا موازنہ ان کے والد سے کیا گیا۔ اس سے قبل ۲۰۲۴ء میں کوچ بہار ٹرافی میں میگھالیہ کے خلاف ۲۹۷؍رنوں کی شاندار اننگز کھیل کر بھی وہ سرخیوں میں آئے تھے۔
یہ بھی پڑھئے: ہندوستانی گیندباز سری لنکا کی ۴؍وکٹیں حاصل نہ کر سکے
وہیں ہندوستان کے سابق کپتان اور کوچ راہل دراوڑکے چھوٹے بیٹے انوئے دراوڑ نے یک روزہ ٹیم میں اپنی جگہ برقرار رکھی ہے۔ وہ گزشتہ ماہ سری لنکا کے دورے پر جانے والی انڈر۔۱۹؍ٹیم کا حصہ تھے۔۱۷؍سالہ وکٹ کیپر بلے باز انوئے نے اس دورے پر کھیلے گئے ۲؍ یوتھ ون ڈے میچوں میں ۱۴؍ اور ۸۷؍رن بنائے تھے۔ ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان ۳؍ون ڈے میچ راجکوٹ میں ۱۸، ۲۱؍اور ۲۳؍ ستمبر کو کھیلے جائیں گے۔ پہلا ۴؍روزہ میچ ۲۷؍ سے ۳۰؍ستمبر تک راجکوٹ میں، جبکہ دوسرا ۵؍ سے ۸؍ اکتوبر تک احمد آباد میں ہوگا۔
یہ بھی پڑھئے: لا لیگا: ایمباپے کی ہیٹ ٹرک،ریئل میڈرڈ نے ریئل سوسیداد کو ہرادیا
انڈر-۱۹؍یکروزہ ٹیم: لکشیا رائے چندانی (کپتان)، یشوردھن چوہان، رجت بگھیل، آریہ ویر سہواگ، وی کے ونیت، کشاگر اوجھا، ارجن راجپوت، منال چوہان، انوئے دراوڑ، وی یشویر، روہت یادو، شاون ونود، موہت الوا، گروپتی وینکٹ اور کاویہ پٹیل۔
انڈر۔۱۹؍ ملٹی ڈے ٹیم:یشوردھن چوہان (کپتان)،لکشیا رائے چندانی، ساگر ورک، کشاگر اوجھا، منال چوہان، کش پٹیل، مانو کرشنا، ابھیپرائے بسواس، روہت یادو، ایشان اوم، ایان اکرم، پرنو راگھویندر، پریانشو سنگھ، موہت الوا اور آریان یادو۔