Inquilab Logo

پرگنا نندھا ہندوستان کے نمبروَن شطرنج کھلاڑی بن گئے

Updated: January 19, 2024, 1:29 PM IST | Agency | New Delhi

۱۸؍ سالہ کھلاڑی نے عالمی چمپئن چینی شطرنج کھلاڑی ڈنگ لرین کو ہرا کروشوناتھن آنند کو پیچھے چھوڑ دیا۔

Champion chess player Pargana Nanda. Photo: INN
چمپئن شطرنج کھلاڑی پرگنا نندھا۔ تصویر : آئی این این

ہندوستان کے۱۸؍ سالہ شطرنج کھلاڑی رمیش بابو پرگنا نندھا نے حیرت انگیز کارنامہ انجام دیتے ہوئے وشوناتھن آنند کو پیچھے چھوڑ تے ہوئےملک کے نمبر وَن شطرنج کھلاڑی بن گئے ہیں ۔یہ مقام انہیں عالمی چمپئن ڈنگ لرین کو شکست دینے کے بعد حاصل ہوا ہے۔پرگنا نندھا اور عالمی چمپئن چینی شطرنج کھلاڑی ڈنگ لرین کے درمیان یہ میچ ٹاٹا اسٹیل شطرنج ٹورنامنٹ میں ۱۶؍ جنوری کو کھیلا گیا تھا جس میں پرگنانندھا نے بہترین کھیل دکھاتے ہوئے لرین کو شکست دے کر سبھی کو حیران کر دیا۔
 ڈنگ لرین کے خلاف جیت آسان نہیں تھی، حتیٰ کہ خود پرگنا نندھا کو بھی یقین نہیں تھا کہ وہ اتنی آسانی سے جیت جائیں گے لیکن پرگنا نندھا نے اپنی چالوں سے چینی کھلاڑی کے ساتھ ساتھ میچ دیکھ رہے سبھی لوگوں کو حیران کر دیا۔ پرگنا نندھا نے کھیل میں آئے نشیب و فراز کے تعلق سے بتایا کہ وہ (لرین ) شروعات میں اچھا کھیل رہے تھے لیکن پھر ان کا کھیل بگڑنے لگا۔ انھیں یقین نہیں تھا کہ نتیجہ ایسا ہو گا۔ آخر میں جیت حاصل کر اچھا لگ رہا ہے، کیونکہ یہ حوصلہ بڑھانے والی جیت ہے۔
 قابل ذکر ہے کہ پرگنا نندھا اس سے قبل بھی ماہر شطرنج کھلاڑیوں کے خلاف جیت درج کر چکے ہیں۔ وہ میگنس کارلسن جیسے مشہور و معروف شطرنج کھلاڑی کو بھی شکست دینے کا کارنامہ انجام دے چکے ہیں ۔ اتنا ہی نہیں ، گزشتہ سال ہوئے شطرنج عالمی کپ میں اپنی بہترین کارکردگی سے انہوں نے فائنل میں جگہ بنائی تھی۔ حالانکہ وہ فائنل جیت نہیں سکے تھے کیونکہ ٹائی بریکر میں انہیں شکست ملی تھی۔ پرگنا نندھا شطرنج عالمی کپ کے فائنل میں پہنچنے والے تیسرے سب سے کم عمر ہندوستانی کھلاڑی ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK