Updated: October 30, 2026, 12:56 PM IST
|
Agency
| Mumbai
تنوش کوٹیان نے کریئر کی بہترین گیندبازی کرتے ہوئے ۸۱؍رنوں کے عوض ۸؍وکٹیں حاصل کیں اور شاندار فارم میں موجود ممبئی نے جمعرات کو یہاں ایلیٹ گروپ’ ڈی‘ رنجی ٹرافی کے میچ میں ہریانہ کو ۱۰؍وکٹوں سے شکست دے کر مسلسل تیسری بار بونس پوائنٹ کے ساتھ شاندار فتح حاصل کی۔
تنوش کوٹیان وکٹ لینے پر خوش سے اچھل پڑے۔ تصویر: انقلاب، اتل کامبلے
تنوش کوٹیان نے کریئر کی بہترین گیندبازی کرتے ہوئے ۸۱؍رنوں کے عوض ۸؍وکٹیں حاصل کیں اور شاندار فارم میں موجود ممبئی نے جمعرات کو یہاں ایلیٹ گروپ’ ڈی‘ رنجی ٹرافی کے میچ میں ہریانہ کو ۱۰؍وکٹوں سے شکست دے کر مسلسل تیسری بار بونس پوائنٹ کے ساتھ شاندار فتح حاصل کی۔ صرف ۹۷؍ رنوں کے معمولی ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے اوپنرز انگکرش رگھوونشی (۶۷؍ ناٹ آؤٹ) اور دیویانش سکسینہ (۳۰؍ناٹ آؤٹ) نے محض ۴ء۱۰؍ اوورز میں مطلوبہ ہدف حاصل کر کے ممبئی کو اس میچ سے کُل ۷؍ پوائنٹس دلوا دئیے۔ممبئی اس سے قبل چندی گڑھ (ہوم) اور ہماچل پردیش (اوے) کو شکست دے کر رنجی ٹرافی کے پہلے ۲؍ راؤنڈ میں بھی بونس پوائنٹ کے ساتھ جیت درج کر چکا ہے۔ تاہم، یہ فتح اتنی آسانی سے حاصل نہیں ہوئی۔آخری دن ہریانہ نے آٹھویں وکٹ کےلئے سامنت جھاکھڑ (۴۰) اور انوج ٹھکرال (۴۰؍ ناٹ آؤٹ) نے سست پچ پر ممبئی کے گیند بازوں کو کافی پریشان کیا۔جھاکھڑ اور ٹھکرال نے جم کر بلے بازی کی اور ممبئی کے لگاتار حملوں کا کامیابی سے مقابلہ کرتے ہوئے آٹھویں وکٹ کے لئے ۸۱؍ رنوں کی شراکت داری قائم کی۔
یہ بھی پڑھئے:’’ایک دن میرا وقت بھی ضرور آئےگا‘‘
تنوش کوٹیان نے جھاکھڑ کو آؤٹ کر کے ٹیم کو مطلوبہ کامیابی دلائی۔ہریانہ، جس نے جمعرات کو دوسرے سیشن میں فالو آن کھیلتے ہوئے ۷۳؍پر ۲؍ وکٹ سے اننگز دوبارہ شروع کیا تھا اور وہ ۸۷؍ رن پیچھے تھا، آخرکار ۲۵۶؍ رن پر آؤٹ ہو گیا، جس سے ممبئی کو جیت کیلئے۹۷؍ رنوں کا ہدف ملا۔ رگھوونشی نے صرف۲۹؍ گیندوں پر اپنی نصف سنچری مکمل کی اور ۳۹؍گیندوں پر ۷؍چوکوں اور ۳؍چھکوں کی مدد سے ۶۷؍ رن پر ناٹ آؤٹ رہے، جبکہ سکسینہ ۲۵؍گیندوں پر ۲؍ چوکوں اور ۲؍ چھکوں کی مدد سے ۳۰؍رن پر ناٹ آؤٹ رہے۔
بنگال نے کیرالا کو ہرایا
پردیپت پرمانک کی ۶؍ وکٹ، محمد سمیع اور شہباز احمد کی ۲۔۲؍ وکٹ کی شاندار گیندبازی کی بدولت بنگال نے رنجی ٹرافی ایلیٹ گروپ’ سی‘ کے مقابلے میں جمعرات کو کیرالا کو ۲۸۷؍ رنوں سے شکست دے دی۔ کیرالہ نے دوسری اننگز ۴؍ وکٹ پر ۵۴؍ رنوں سے آگے بڑھائی، لیکن بنگال کے گیند بازوں نے اسے زیادہ دیر ٹکنے نہیں دیا۔ پرمانک نے کپتان وشنو ونود (۱۹) اور سلمان نثار (ایک) کو آؤٹ کیا۔ محمد سمیع نے آدتیہ سروَتے (صفر) اور ویشاک چندرن (۳) کو پویلین بھیجا جبکہ شہباز احمد نے محمد اظہرالدین (۲۶) کو آؤٹ کیا۔ شہباز نے ۳۹؍ویں اوور کی چوتھی گیند پر ایم ڈی ندھیش (۳۳) کو اسٹمپ آؤٹ کرکے کیرالہ کی دوسری اننگز ۱۲۰؍ رنوں پر سمیٹ دی۔ شہباز احمد نے پہلی اننگز میں ۱۲۱؍ رنوں کی شاندار سنچری بھی بنائی تھی۔ انہوں نےدونوں اننگز میں ۲۔۲؍ وکٹیں حاصل کیں۔شاندار کارکردگی پر انہیں پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔