Inquilab Logo

ممبئی کو رنجی ٹرافی جیتنے کیلئے ۵؍ وکٹ درکار

Updated: March 14, 2024, 1:06 PM IST | Mumbai

میزبان ٹیم کے ۵۳۸؍ رن کے ہدف کے جواب میں ودربھ نے ۵؍ وکٹ پر ۲۴۸؍ رن بنالئے۔ مہمان ٹیم کی جدوجہد جاری۔

Vidarbha batsmen Karun Nair and Akshay Wadkar. Photo: PTI
ودربھ کے بلے باز کرون نائر اور اکشے واڈکر۔ تصویر: پی ٹی آئی

اپنے گیند بازوں کی بدولت دفاعی چمپئن ممبئی نے چوتھے دن ودربھ کے۲۴۸؍ رن کے اسکور پر ۵؍ وکٹ لے کر رنجی ٹرافی کے فائنل میں اپنی دبدبہ قائم کرلیا ہے۔ کپتان اکشے واڈکر کے ناٹ آؤٹ ۵۶؍ رن اور ہرش دوبے کے ناٹ آؤٹ ۱۱؍ رن کے ساتھ ودربھ کی جدوجہد جاری ہے۔ 
اس سے قبل بدھ کی صبح ودربھ نے منگل کے ۱۰؍ رن کے اسکور سے آگے کھیلتے ہوئے پہلے وکٹ کیلئے ۶۴؍ رن جوڑے۔ اتھروا ٹائیڈے ۳۲؍ رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے اور دھرو شوری ۲۸؍ رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ مشیر خان نے۳۲؍ رن پر امان موکھاڈے کو ایل بی ڈبلیو کر کے ودربھ کو تیسرا جھٹکا دیا۔ اس کے بعد یش راٹھور بھی ۷؍ رن بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ دن کے آخری سیشن سے پہلے۷۴؍ رن پر کرون نائر کا وکٹ گرنا ودربھ کیلئے بڑا دھچکا رہا۔ دن کا کھیل ختم ہونے تک ودربھ نے ۵؍ وکٹ پر۲۴۸؍ رن بنا لئے ہیں اور اس نے خود کو میچ میں برقرار رکھا ہے۔ بدھ کو ممبئی کی جانب سے تنوش کوٹیان اور مشیر خان نے ۲۔ ۲؍ وکٹ لئے۔ شمس ملانی نے ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔ 
منگل کو مشیر خان کی ۱۳۶؍ رن کی سنچری اننگز، شریاس ایّر کے۹۵؍رن، اجنکیا رہانے کے۷۳؍ رن اور شمس ملانی کی ناٹ آؤٹ۵۰؍ رن کی نصف سنچری اننگز کی بنیاد پر ممبئی نے دوسری اننگز میں ۴۱۸؍ رن بنا کر ودربھ کو۵۳۸؍ رن کا ہدف دیا ہے۔ منگل کو کھیل ختم ہونے تک ودربھ نے بغیر کوئی وکٹ گنوائے۱۰؍ رن بنا لئے تھے۔ 
ممبئی کی دوسری اننگز کا آغاز خراب رہا اور اجنکیا رہانے کے۷۳؍ رن، مشیر خان۱۳۶؍ رن اور کپتان اجنکیا رہانے ۹۵؍ رن، شمس ملانی کے ناٹ آؤٹ ۵۰؍ رن کی اننگز کی بدولت ممبئی نے دوسری اننگز میں ۱۳۰ء۲؍اوور میں ۴۱۸؍ رن بنائے۔ پہلی اننگز کی بنیاد پر برتری کے ساتھ ودربھ کو۵۳۸؍ رن کا ہدف ملا۔ ودربھ کی جانب سے ہرش دوبے نے ۵؍ وکٹ حاصل کئے۔ یش ٹھاکر نے ۳؍ وکٹ لئے۔ آدتیہ ٹھاکرے اور امن موکھاڈے نے ایک ایک بلے باز کو آؤٹ کیا۔ 
اس سے قبل ودربھ نے۲۳؍ رن بنانے کے بعد اتھروا ٹائیڈے، آدتیہ ٹھاکرے ۱۹؍ رن بنانے کے بعد، یش راٹھور۲۷؍ رن بنانے کے بعد اور یش ٹھاکر۱۶؍ رن بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ اس کے علاوہ کوئی بھی بلے باز ڈبل فیگر میں نہ پہنچ سکا۔ ممبئی کی جانب سے دھول کلکرنی، شمس ملانی اور تنوش کوٹیان نے ۳۔ ۳؍وکٹ حاصل کئے۔ شاردُل ٹھاکر نے ایک وکٹ حاصل کیا۔ ودربھ کی پہلی اننگز۴۵ء۵؍ اوور میں ۱۰۵؍ رن پر سمٹ گئی تھی۔ 
ودربھ نے ٹاس جیت کر پہلے گیند بازی کا فیصلہ کیا۔ ودربھ نے اپنے کپتان اکشے واڈکر کے فیصلے کو درست ثابت کیا اور ممبئی کو۶۴ء۳؍ اوور میں ۲۲۴؍رن پر سمیٹ دیا تھا۔ 
مشیر خان نے تیسرے دن کے کھیل کے بعد کہا کہ مجھے پہلے نہیں معلوم تھا کہ سچن صاحب یہاں موجود ہیں۔ میں نے انہیں بڑی اسکرین پر دیکھا جب میں ۶۰؍رن پر بلے بازی کر رہا تھا۔ انہوں نے مجھے اچھا کرنے کی ترغیب دی کیونکہ وہ میچ دیکھ رہے تھے اور مجھے انہیں متاثر کرنا تھا۔ سچن تینڈولکر اور ہندوستانی کپتان روہت شرما وانکھیڈے اسٹیڈیم میں موجود تھے، جو کہ بورڈ آف کنٹرول فار کرکٹ اِن انڈیاکے ڈومیسٹک کرکٹ کو فروغ دینے کے عزم کو ظاہر کررہے تھے۔ مشیر خان نے کہا کہ میں نے اپنے بھائی سے پہلے بات کی تھی اور انہوں نے مجھے بتایا تھا کہ فائنل میں میرے لئے یہ ایک اچھا موقع ہے جسے سب دیکھ رہے ہیں۔ اگر میں یہاں رن بناتا ہوں تو یہ مستقبل میں میرے لئے بہتر ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ جب میں پہلی اننگز میں (کم اسکور پر) آؤٹ ہوا تو (انہوں نے مجھے کہا) کوئی مسئلہ نہیں، دوسری اننگز میں خود کو ثابت کریں اور میں جس طرح بھی بیٹنگ کرتا ہوں اس طرح میں آرام دہ محسوس کرتا ہوں۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK