Inquilab Logo Happiest Places to Work

درجہ بندی:سراج کو انگلینڈ میں شاندار کارکردگی کا فائدہ

Updated: August 06, 2025, 3:51 PM IST | Dubai

محمد سراج نے پانچویں ٹیسٹ میچ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا جس کی وجہ سے وہ گیند بازوں کی درجہ بندی میں۱۵؍ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ سراج کے زور پر ہی ہندوستان نے آخری ٹیسٹ میچ ۶؍ رن سے جیتا تھا

Mohammed Siraj. Photo:PTI
محمد سراج۔ تصویر:پی ٹی آئی

ہندوستانی ٹیم کے تیز گیند باز محمد سراج کو انگلینڈ کے خلاف ۵؍ میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں اپنی شاندار کارکردگی کا فائدہ ہوا ہے اور وہ آئی سی سی کی تازہ ترین ٹیسٹ رینکنگ میں اپنے کریئر کی بہترین رینکنگ پر پہنچ گئے ہیں۔ سراج نے پانچویں ٹیسٹ میچ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا جس کی وجہ سے وہ گیند بازوں کی درجہ بندی میں ۱۵؍ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں۔ سراج کے زور پر ہی ہندوستان نے آخری ٹیسٹ میچ ۶؍ رن سے جیتا تھا جس کی وجہ سے ہندوستان سیریز۲۔۲؍ سے ڈرا کرنے میں کامیاب رہا۔ 
سراج نے۱۲؍ مقامات کی چھلانگ لگائی
 سراج نے پانچویں ٹیسٹ میچ میں کل ۹؍ وکٹ حاصل کئے جس کی وجہ سے وہ۱۲؍ درجے کی چھلانگ لگا کر ۱۵؍ویں نمبر پر پہنچ گئے۔ انگلینڈ کو پانچویں ٹیسٹ میچ کے آخری دن میچ اور سیریز جیتنے کے لیے۳۵؍ رن  درکار تھے جبکہ ہندوستان کو سیریز ڈرا کروانے کے لیے ۴؍ وکٹ درکار تھے۔ سراج نے پھر چارج سنبھالا اور ۳؍ وکٹ لے کر انگلینڈ کو جیتنے سے روک دیا۔ محمد سراج کے ٹیسٹ کریئر میں پچھلی بہترین رینکنگ۱۶؍ تھی جو انہوں نے اس سال جنوری میں حاصل کی تھی۔
بمراہ ٹاپ پر ہیں 
کام کے بوجھ کے انتظام کی وجہ سے سیریز کے ۳؍ میچ کھیلنے والے تیز گیند باز جسپریت بمراہ ۸۸۹؍پوائنٹس کے ساتھ رینکنگ میں سرفہرست ہیں۔ پرسدھ کرشنا بھی کریئر کی بہترین ۵۹؍ویں رینکنگ پر پہنچ گئے ہیں۔
یشسوی ٹاپ ۵؍ میں واپس آئے
اس کے ساتھ ہی بلے بازوں میں ہندوستانی اوپنر یشسوی جیسوال اوول ٹیسٹ میں سنچری بنانے کی وجہ سے دوبارہ ٹاپ ۵؍ میں شامل ہو گئے ہیں۔ یشسوی ۳؍ مقام کی بہتری کے ساتھ پانچویں نمبر پر پہنچ گئے۔ ان کے علاوہ ٹاپ۱۰؍ میں شامل ایک اور بلے باز رشبھ پنت ہیں جو ایک مقام کے نقصان کے ساتھ ۸؍ویں نمبر پر آ گئے ہیں۔ پنت چوٹ کی وجہ سے پانچواں ٹیسٹ میچ نہیں کھیل سکے تھے۔ انگلینڈ کے کرشماتی بلے باز جو روٹ اپنی شاندار کارکردگی کی بنیاد پر بلے بازوں کی رینکنگ میں سرفہرست ہیں جب کہ سنچری اسکور کرنے والے ہیری بروک دوسرے نمبر پر آگئے ہیں۔ گیند بازوں میں انگلینڈ کے فاسٹ بولر گس اٹکنسن اور جوش ٹنگ بھی کریئر کی بہترین رینکنگ پر پہنچ گئے ہیں۔ ایٹکنسن پہلی بار ٹاپ۱۰؍ میں شامل ہوئے ہیں، جب کہ ٹنگ ۱۴؍ درجے بہتری کے ساتھ ۴۶؍ ویں نمبر پر پہنچ  گئے  ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK