• Sat, 10 January, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

آج سے ویمنس پریمیر لیگ کا دھماکے دار آغاز 

Updated: January 09, 2026, 4:20 PM IST | Agency | New Delhi

دفاعی چمپئن ممبئی اور بنگلور میںافتتاحی مقابلہ ،ہرمن پریت کور کا ایک بار پھر ٹرافی جیتنے کاعزم ،اسمرتی مندھانا نے ہندوستان کے اگلے مشن کیلئے ڈبلیو پی ایل کو انتہائی اہم قراردیا۔

Harmanpreet Kaur and Smriti Mandhana during the press conference. Picture: PTI
ہرمن پریت کور اور اسمرتی مندھانا پریس کانفرنس کے دوران۔ تصویر: پی ٹی آئی
ویمنس پریمیر لیگ (ڈبلیو پی ایل) کا سنسنی خیز آغاز آج سے ہونے جا رہا ہے، جو اگلے ۲۰؍ دنوں تک کرکٹ شائقین کواسٹیڈیم اوراسکرین سےجوڑے رکھے گا۔ اپنے پہلے یک روزہ عالمی کپ خطاب کی تاریخی جیت کے بعد ہندوستانی خواتین کھلاڑی ایک بار پھر مسابقتی کرکٹ میں اترنے کے لیے تیار ہیں۔ جمعہ سے شروع ہونے والا ڈبلیو پی ایل کا چوتھا ایڈیشن نہ صرف گھریلو سطح پر جوش و خروش بڑھائے گا بلکہ رواں برس انگلینڈ میں ہونے والے ٹی۔ٹوینٹی ورلڈ کپ کی تیاریوں کی مضبوط شروعات بھی کرے گا۔ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں دو بار کی چمپئن اور موجودہ فاتح ہرمن پریت کور کی قیادت والی ممبئی انڈینس کا مقابلہ ایک بار کی چمپئن رائل چیلنجرز بنگلور سے ہوگا، جس کی کپتانی اسٹار بلے باز اسمرتی مندھانا کر رہی ہیں۔ چوتھا ڈبلیو پی ایل دو مرحلوں میں نوی ممبئی اوربڑودہ میں منعقد کیا جائے گا۔ اس باوقار لیگ کے ذریعے نوجوان کھلاڑیوں کو دنیا کی صف اول کی کرکٹرز کے ساتھ کھیلنے اور خود کو نکھارنے کا شاندار موقع ملے گا۔جمعرات کو ممبئی انڈینس کی کپتان ہرمن پریت کور اوربنگلورکی کپتان اسمرتی مندھانا نے اس سلسلے میںمشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا ۔واضح رہےکہ افتتاحی مقابلہ نوی ممبئی کے ڈی وائی پاٹل اسٹیڈیم میںہوگا جہاں گزشتہ سال نومبرمیںویمنس ورلڈ کپ کا فائنل ہوا تھا جس میںہندوستان نے تاریخی جیت حاصل کی تھی۔ 
ممبئی انڈینس نئی بلندیوں پر جانے کیلئے تیار
گزشتہ سیزن میں ویمنس پریمیر لیگ (ڈبلیو پل ایل) ٹائٹل جیتنے کے بعد، ٹورنامنٹ کی سب سے کامیاب ٹیم ممبئی انڈینس (ایم آئی) نئے سیزن کیلئے تیار ہے۔ ممبئی انڈینس کا مقابلہ۹؍جنوری کو افتتاحی میچ میں رائل  چیلنجرز بنگلور (آر سی بی) سے ہوگا۔ ممبئی انڈینس کی کپتان ہرمن پریت کور نے کہا کہ ٹیم کا ہدف ایک بار پھر ٹرافی جیتنا ہے۔ ممبئی میں پری سیزن پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا’’میں جب بھی میدان میں قدم رکھتی ہوں تو میرا مقصد ٹرافی جیتنا ہوتا ہے۔ نئے سال کا آغاز ڈبلیو پی ایل سے ہو رہا ہے، اور میری توانائی اور جوش ایک جیسا ہے۔ ہم نے پچھلے تین سیزن میں دو ٹائٹل جیتے ہیں، اور ہم اس بار بھی اچھا کھیلنا اور ٹرافی جیتنا چاہتے ہیں۔‘‘
ممبئی شہر کے ساتھ اپنے خصوصی تعلق کا ذکر کرتے ہوئے ہرمن پریت نے کہا’’ممبئی میری پہلی ملازمت کا شہر ہے اور یہ میرے لیے بہت خاص ہے۔ یہاں کھیلنے کے ہمیشہ مثبت نتائج برآمد ہوئے ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ یہ سیزن میرے اور ٹیم کے لیے بھی یادگار رہے گا۔‘‘ 
دو بار کی آسٹریلیائی ورلڈ کپ کی فاتح لیزا کیٹلی نے جو اس سیزن میں پہلی بار ممبئی انڈینس کی کوچنگ کر رہی ہیں، تمام خواتین کوچنگ اسٹاف کے بارے میں کہا کہ یہ ممبئی انڈینس کے فلسفے اور ٹیم کی مالک نیتا امبانی کے خواتین کو بااختیار بنانے کے وژن کی عکاسی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو قائدانہ کردار میں فروغ دینے کا خیال سب سے اوپر سے شروع ہوتا ہے اور ٹیم کے ورک کلچر میں جھلکتا ہے۔ ممبئی انڈینس کی مینٹور اور بولنگ کوچ جھولن گوسوامی نے بھی کہا کہ تمام خواتین کوچنگ ٹیم ممبئی انڈینس کی سب سے بڑی طاقت ہے اور خواتین کو فروغ دینے کے لیے ایم آئی کے عزم کی عکاسی کرتی ہے۔ گزشتہ سیزن کی فاتح ٹیم کے مضبوط مرکز کو برقرار رکھتے ہوئے ممبئی انڈینس دوبارہ ٹائٹل جیتنے کے ارادے کے ساتھ میدان میں اترنے کے لیے تیار ہے۔
بہترین ٹیم کی تشکیل میںڈبلیو پی ایل کا کردار انتہائی اہم ہے 
رائل چیلنجرز بنگلور کی کپتان اسمرتی مندھانا نے پریس کانفرنس میںکہاکہ ہندوستانی کرکٹ ٹیم ہر فارمیٹ میںغلبہ حاصل کررہی ہےاور اس سفر میںڈبلیو پی ایل ایک مرتبہ پھرانتہائی اہم کردار اداکرنے کیلئے تیار ہے۔ ہندوستانی خواتین ٹیم کے پہلے ورلڈ کپ جیتنے کے بعداس ڈبلیو پی ایل کی اہمیت اور بھی بڑھ گئی ہے۔اسمرتی مندھانا نے کہا کہ ہم دنیا کی بہترین ٹیم ہیں۔ہم نے ورلڈ کپ جیتا ہےمگر کئی چیزیں ہیںجن پر کام کی ضرورت ہے اوریہ ڈبلیو پی ایل اسی سمت میںمددگار ثابت ہوگی۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK