Updated: March 26, 2026, 9:53 AM IST
|
Agency
| Mumbai
رائل چیلنجرس بنگلور کو ایک مشترکہ کنسورٹیم نے خریدا ہے جس کی قیادت آدتیہ برلا گروپ کریگا ، راجستھان کو معروف ہند نژاد تاجر کال سومانی کے کنسورٹیم نے خرید لیا ۔
آر سی بی کی ٹیم کی ریڑھ کی ہڈی وراٹ کوہلی گزشتہ ۱۹؍ سیزن اس ٹیم کے ساتھ ہیں۔تصویر:پی ٹی آئی
انڈین پریمیر لیگ (آئی پی ایل)کی تاریخ میں ایک بڑی اور اہم ڈیل سامنے آئی ہے جس میں رائل چیلنجرس بنگلور کو تقریباً ۱۶؍ ہزار کروڑ روپے میں فروخت کر دیا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہی آر سی بی لیگ کی سب سے مہنگی ٹیم بن گئی ہے۔رپورٹس کے مطابق اس ٹیم کو ایک مشترکہ کنسورٹیم نے خریدا ہے، جس میں آدتیہ برلا گروپ ، ٹائمزگروپ، بولٹ وینچرس اور بلیک اسٹون شامل ہیں۔ اس ڈیل میں مردوں اور خواتین دونوں ٹیمیں شامل ہیں۔یہ معاہدہ ابھی مکمل طور پر حتمی نہیں ہوا ہے کیوں اسے بی سی سی آئی اور دیگر ریگولیٹری اداروں کی منظوری درکار ہوگی۔ واضح رہے کہ اس وقت آر سی بی آئی پی ایل کی دفاعی چمپئن بھی ہے، جس کی وجہ سے اس کی مارکیٹ ویلیو میں مزید اضافہ ہوا ہے۔
دریں اثناء راجستھان رائلز بھی حال ہی میں تقریباً ۱۵؍ ہزار کروڑ روپے میں فروخت ہوئی ہے، جس کے بعد وہ لیگ کی دوسری سب سے مہنگی ٹیم بن گئی ہے۔ اس ٹیم کو ایک دیگر کنسورٹیم نے خریدا جس کی قیادت ہند نژاد امریکی تاجر کال سومانی کر رہے ہیں۔یاد رہے کہ اس سے پہلے لکھنؤ سپر جائنٹس کو ۲۰۲۱ءمیں سنجیو گوئنکا کے آر پی ایس جی گروپ نے تقریباً ۷۰۹۰؍ کروڑ روپے میں خریدا تھا، جو اس وقت ایک بڑا ریکارڈ تھا۔ماہرین کے مطابق آئی پی ایل ٹیموں کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ اس بات کا اشارہ ہے کہ یہ لیگ اب ایک بڑی کاروباری صنعت بن چکی ہے اور اس میں عالمی سرمایہ کاروں کی دلچسپی تیزی سے بڑھ رہی ہے۔
نئی ملکیت کے تحت آریہ من وکرم برلا کو ٹیم کا چیئرمین مقرر کیا گیا ہے۔ ۲۸؍ سالہ آریہ من برلا نہ صرف ایک بزنس ایگزیکٹو ہیں بلکہ وہ فرسٹ کلاس کرکٹر بھی رہ چکے ہیں اور مدھیہ پردیش کی جانب سے رنجی ٹرافی کھیل چکے ہیں۔اگر راجستھان رائلز کی بات کی جائے تو ۲۰۰۸ء میں اس ٹیم کی قیمت صرف ۶۷؍ملین ڈالر (تقریباً ۲۷۰؍ کروڑ روپے) تھی۔ اگر اس رقم کو آج کی ویلیو کے مطابق دیکھا جائے تو یہ ۶۲۸؍کروڑ روپے بنتی ہے۔اب ۲۰۲۶ء میں یہی ٹیم تقریباً ۱۵؍ ہزار کروڑ روپے میں فروخت ہوئی ہے، یعنی اس کی قدر میں ۲۴؍ گنا اضافہ ہوا ہے ۔