Inquilab Logo

ریئل بیٹس نے بارسلونا کو شکست دی، ریئل کی فتح

Updated: December 06, 2021, 1:52 PM IST | Agency | Madrid

بیٹس کی صفر۔ ایک سے فتح۔ ریئل نے سوسائیڈیڈ کو صفر۔۲؍ سے ہراکر ٹیبل میں ٹاپ پوزیشن حاصل کی

Karim Benzema. Picture:INN
کریم بینزیما ۔ تصویر: آئی این این

اسپینش لیگ لالیگا کے میچ میں سنیچر کی رات بارسلونا فٹبال کلب کو شکست کا سامنا کرناپڑا۔ ژاوی ہرنانڈیز بھی نئے کوچ بننے کے بعد ٹیم کی کارکردگی میں تبدیلی لانے میں  ناکام  ثابت ہوئے ہیں۔ لیگ کے میچ میں اسے ریئل بیٹس فٹبال کلب نے صفر۔ ایک سے شکست دےدی۔ اس ہار سے اسے ۳؍پوائنٹس کا نقصان ہواہے۔دوسری طرف ریئل میڈرڈ فٹبال کلب نے ریئل سوسائیڈیڈ کو صفر۔۲؍ سے شکست دےکر ۳؍پوائنٹس حاصل کرلئے اور ٹیبل میں ٹاپ پوزیشن مضبوط کر لی ہے۔ حالانکہ اس کے اسٹار کریم بینزیما کی انجری ٹیم کیلئے تشویش کا باعث ہے۔  اسپینش فٹبال لیگ میں بارسلونا کو ایک اور شکست ہوگئی، ریئل بیٹس نے صفر کے مقابلے میں ایک گول سے ہرادیا۔  بارسلونا اور  بیٹس کے درمیان میچ میں بارسلونا کی ٹیم اچھا کھیلی، مقابلے میں زیادہ تر اُن کے کھلاڑی گیند اپنے پاس رکھنے میں کامیاب رہے۔پہلا ہاف بغیر کسی گول کے برابر رہا، دوسرے ہاف کے۳۴؍ویں منٹ میں یوانمی جیمینزنے گول کرکے ریئل بیٹس کو برتری دلائی جو کھیل کے آخر تک برقرار رہی، بارسلونا کی ٹیم کوشش کے باوجود گول نہ کرسکی۔دیگر ایک میچ میں سیویلا  اور ویلا ریئل  کے درمیان میچ میں ویلاریئل کا پلہ بھاری رہا لیکن میچ کے ۱۶؍ویں منٹ میں سیویلا کی ٹیم گول کرنے میں کامیاب رہی، لوکاس اوکیمپس نے گیند حریف کے جال میں پہنچائی۔میچ میں  ویلا ریئل   نے۸؍ کارنرس بھی حاصل کیے لیکن وہ کسی کو بھی گول میں تبدیل نہ کرسکے، میچ کا اختتام سیویلا کی  صفر۔ایک کی جیت پر ہوا۔ ژاوی کے کوچ بنائے جانے کے بعد بارسلونا فٹبال کلب نے ۲؍ میچ جیتے تھے اور ایک میچ ڈرا کھیلا تھا لیکن اب اس شکست کی وجہ سےٹیم ٹیبل میں ۷؍ویں نمبر پر آگئی ہے۔ اب وہ لیگ کے لیڈر ریئل میڈرڈ سے بھی بہت دور ہوگئی ہے ۔ اس شکست سے اس کے کھلاڑیوں کا اعتماد متزلزل ہوا ہے اور اسے چمپئن لیگ میں بائرن میونخ سے مقابلہ کرناہے۔ اگر بارسلونایہ میچ ہار جاتاہے تو اس کے راؤنڈ ۱۶؍ میں پہنچنے کے امکانات بہت کم ہوں گے۔ بارسلونا فٹبال کلب چاہے گاکہ  گروپ میں بینفیکا ڈائنا مو کیف کو شکست نہ دے ۔ سنیچر کی دیر رات ہونے والےلالیگا کے میچ میں ریئل میڈرڈ فٹبال کلب کے اسٹار کریم بینزیما انجرڈ ہوگئے تھے۔ انہیں ۱۷؍ویں منٹ میں تکلیف شروع ہوئی تو وہ میدان سے باہر چلے گئے اور ان کی جگہ لوکا جووچ نے لے لی۔ خیال رہے کہ میڈرڈ نے فرینکفرٹ فٹبال کلب سے جووچ کو اپنی ٹیم میں شامل کیا تھا۔میڈرڈ کے کلب نے اس منتقلی کیلئے ۶۰؍ملین یوروز دیئے تھے۔ ریئل میڈرڈ کی جانب سے ونیشیس جونیئر نے ۴۷؍ویں منٹ میں پہلا اور جووچ نے ۵۷؍ ویں منٹ میں  دوسرا گول کرکے اپنی ٹیم کو فاتح بنادیا۔ریئل میڈرڈ نے ٹیبل میں ٹاپ پوزیشن حاصل کرلی۔  

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK