Inquilab Logo

ریئل میڈرڈ ایل کلاسیکو میں بارسلونا کو ہرا کرلالیگا کی ٹاپ پوزیشن پرقابض

Updated: March 03, 2020, 10:30 AM IST | Agency | Madrid

ریئل میڈرڈ نے اسپینش لیگ لالیگا میں بارسلونا فٹبال کلب (بارسا ) کو شکست دے کر اپنا سیزن بچالیا۔ اتوار کو ہونے والے میچ میں ریئل میڈرڈ نے اپنے روایتی حریف بارسا کو صفر۔۲؍ سے شکست دے دی۔

ریئل میڈرڈ ایل کلاسیکو میں بارسلونا کو ہرا کرلالیگا کی ٹاپ پوزیشن پرقابض ۔ تصویر : پی ٹی آئی
ریئل میڈرڈ ایل کلاسیکو میں بارسلونا کو ہرا کرلالیگا کی ٹاپ پوزیشن پرقابض ۔ تصویر : پی ٹی آئی

 میڈرڈ : ریئل میڈرڈ نے اسپینش لیگ لالیگا میں بارسلونا فٹبال کلب (بارسا ) کو شکست دے کر اپنا سیزن بچالیا۔ اتوار کو ہونے والے میچ میں ریئل میڈرڈ نے اپنے روایتی حریف بارسا کو صفر۔۲؍ سے شکست دے دی۔ 
 اتوار کی دیر رات ہونےوالے میچ میں دونوں ٹیموں کی جانب سے برابری کا مقابلہ تھا اور دونوں کلب ایک دوسرے پر حاوی ہونے کیلئے تگ ودو کررہے تھے۔ ریئل میڈرڈ کے کھلاڑیوں کے ذریعے کئے جانے والے دونوں گول بہت شاندار تھے۔ اتوار کی دیر رات ہونے والے دنیا کے  معروف مقابلے ایل کلاسیکو میں دونوں ٹیموں نے اچھی شروعات کی تھی۔ ریئل کے کریم بینزیما اور بارسلونا کے لیونل میسی اپنی اپنی ٹیموں کیلئے گول کرنے کی کوشش کررہے تھے لیکن انہیں کامیابی نہیں ملی۔ میچ کا پہلا ہاف بغیر گول کے ختم ہوا او ر دوسرے ہاف میں ۲؍گول ہوئے۔پہلا گول ۷۱؍ ویں منٹ میں ٹونی کروس کی مدد سے ونیسیس جونیئر نے کیا۔ یہ ڈی فلیکٹ گول تھا جو بارسلونا کے کھلاڑی کو لگتاہو ا گول پوسٹ میں چلا گیا۔ میچ کے انجری ٹائم میںکریم بینزیما کی جگہ متبادل کھلاڑی کی حیثیت سے شامل ہونے والے ماریانو ڈیاز نے اہم گول کیا۔ بارسلونا کے گول کیپر مارک اینڈرٹیر اسٹیگن ان کے شاٹ کو سمجھ ہی نہیں پائے ۔ ڈینی کاروایل کے پاس پر ڈیاز نے یہ گول کیا اور ٹیم کا اسکور صفر۔۲؍کردیا۔ میچ کے اختتام پر اسکور صفر۔۲؍ رہا اورریئل میڈرڈ نے اسپینش لیگ لالیگا کے اس سیزن کا دوسرا ایل کلاسیکو کو اپنے نام کیا۔ خیال رہے کہ ۱۸؍دسمبر ۲۰۱۸ء کو ہونے والے پہلے ایل کلاسیکو میں ریئل اور بارسا کے درمیان مقابلہ صفر۔ صفر سے ڈرا ہوا تھا۔
 یا درہے کہ ریئل میڈرڈ کے اس سے قبل دو میچ اچھے نہیں رہے تھے۔ چمپئن لیگ کے راؤنڈ ۱۶؍ کے پہلے مرحلے میں مانچسٹر سٹی نے  ریئل میڈرڈ کو ایک۔۲؍ سے شکست دی تھی اور اگلے مرحلے میں ریئل کو مانچسٹر سٹی کے اتحاد اسٹیڈیم کا دورہ کرناہے۔ لالیگا کے گزشتہ میچ میں ریئل کو لیوانتے فٹبال کلب سے صفر۔ ایک سے شکست ملی تھی جس کی وجہ سے اس کی ٹاپ پوزیشن چھن گئی تھی لیکن بارسلونا کو ہرانے کے بعداس نے دوبارہ یہ پوزیشن حاصل کرلی ہے۔ ریئل میڈرڈکے منیجر زین الدین زیدان نے بتایا ’’ہمارے لئے یہ ہفتہ بہت مشکل بھرا تھا۔ اس معاملے میں میں نے کھلاڑیوں سے بات چیت کی تھی اور کہاتھاکہ اتوار کو ہمارے پاس خود کو ثابت کرنے کا موقع رہے گا۔ ہم نے موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے بارسا کوشکست دی۔ ‘‘اس فتح سے ریئل  لالیگا کی ٹاپ پوزیشن پر قابض ہوگیاہے اور اس نے بارسلونا سے ایک پوائنٹ کی برتری حاصل کرلی ہے۔ میچ کے بعد بارسلونا کے کوچ کیو کیو سیٹین نے کہا ’’ حقیقت یہ ہے کہ ہم ایل کلاسیکو ہار گئے۔ ہمارے پاس گول کرنے کے کئی مواقع تھے لیکن کھلاڑی ناکام رہے۔ ‘‘ انہوںنے مزید کہا ’’ہمارے کھلاڑی نروس ہوگئے تھے اور اس کی وجہ سے ریئل کے کھلاڑیوں نے گول کئے۔ ‘‘ لالیگا کے سیزن کے دوسرے ایل کلاسیکو میچ کو دیکھنے کیلئے ریئل کے سابق کھلاڑی کرسٹیانو رونالڈو ایکزیکٹیو باکس میں بیٹھے ہوئے تھے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK