Inquilab Logo Happiest Places to Work

رشبھ پنت نے لکھنؤ سپر جائنٹس کی کپتانی چھوڑ دی

Updated: May 30, 2026, 12:41 PM IST | Lucknow

آئی پی ایل ۲۰۲۶ء میں خراب کارکردگی کے بعد رشبھ پنت نے لکھنؤ سپر جائنٹس (ایل ایس جی) کی کپتانی چھوڑ دی ہے۔

Rishabh Pant. Photo: INN.
رشبھ پنت۔ تصویر: آئی این این

آئی پی ایل ۲۰۲۶ء میں خراب کارکردگی کے بعد رشبھ پنت نے لکھنؤ سپر جائنٹس (ایل ایس جی) کی کپتانی چھوڑ دی ہے۔ رشبھ پنت کو ۲۰۲۵ءکے سیزن سے پہلے میگا نیلامی میں ایل ایس جی نے خریدا تھا اور انہیں ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا تھا۔ تاہم پنت کی کپتانی میں لکھنؤ سپر جائنٹس لگاتار دوسری بار پلے آف میں پہنچنے میں ناکام رہی۔ اس سیزن میں ۱۴؍ مقابلوں میں صرف ۴؍ جیت کے ساتھ ایل ایس جی نے لیگ اسٹیج کا اختتام پوائنٹس ٹیبل میں آخری نمبر پر رہتے ہوئے کیا۔ 
لکھنؤ سپر جائنٹس نے اپنی پریس ریلیز میں کہا’’لکھنؤ سپر جائنٹس (ایل ایس جی) باضابطہ طور پر یہ اعلان کرتی ہے کہ رشبھ پنت نے فرنچائز سے کپتانی چھوڑنے کی درخواست کی ہے۔ فرنچائز نے ان کی اس درخواست کو فوری طور پر قبول کر لیا ہے۔ ‘‘اس کے ساتھ ہی ایل ایس جی مینجمنٹ نے بطور کپتان رشبھ پنت کی خدمات کی ستائش کرتے ہوئے ان کی قیادت اور ٹیم کے تئیں لگن کے لئے شکریہ ادا کیا ہے۔ 

یہ بھی پڑھئے: کارلسن نے گوکیش کو شکست دی؛ ہمپی، دیویا اور بی بیسارا کے میچ ڈرا رہے

لکھنؤ سپر جائنٹس کے ڈائریکٹر آف کرکٹ ٹام موڈی نے کہا’’رشبھ پنت نے اس سلسلے میں فرنچائز سے رابطہ کیا تھا اور ہم نے احترام کے ساتھ ان کی درخواست کو قبول کر لیا ہے۔ ایسے فیصلے کرنا کبھی بھی آسان نہیں ہوتا۔ بطور کپتان رشبھ نے اس ڈریسنگ روم میں جو کچھ بھی تعاون دیا ہے، اس کے لئے ہم ان کے شکر گزار ہیں۔ اب ہماری پوری توجہ بہترین معیار تک پہنچنے کے لئے ٹیم کی اجتماعی تعمیرِ نو اور تنظیمِ نو پر ہے۔ ‘‘
رشبھ پنت کی کپتانی میں ایل ایس جی کو مجموعی طور پر ۱۰؍ جیت اور ۱۸؍ہار کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ آئی پی ایل ۲۰۲۶ء میں آخری پوزیشن پر رہنے سے پہلے، آئی پی ایل ۲۰۲۵ءمیں ایل ایس جی ساتویں نمبر پر رہی تھی۔ کپتانی کا اثر پنت کی بلے بازی پر بھی صاف دکھائی دیا۔ ۲۰۲۵ء میں پنت نے۱۳۳ء۱۶؍ کے اسٹرائیک ریٹ سے ۲۶۹؍رن بنائے تھے، جبکہ آئی پی ایل ۲۰۲۶ء میں انہوں نے ۱۳۸ء۰۵؍ کے اسٹرائیک ریٹ سے ۳۱۲؍ رن اسکور کئے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK