• Thu, 26 November, 2026
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

ریاض: فائنانشیل ڈسٹرکٹ کی عمارت پر پھر حملہ

Updated: November 26, 2026, 1:50 PM IST | Agency | Riyadh

حوثیوں کے حملے میں ۲؍ہندوستانیوں سمیت ۱۱؍ افراد زخمی،سعودی اتحاد کے ترجمان ترکی المالکی نے اسے بزدلانہ کارروائی قرار دیا۔

The Saudi Press Agency (SPA) released this image following an attack on the tallest building in Riyadh. Photo: INN
ریاض کی بلند ترین عمارت پرحملے کے بعد سعودی خبر رساں ایجنسی ’ ایس پی اے ‘ نے یہ تصویر جاری کی۔ تصویر: آئی این این

سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کی بلند ترین عمارت کو ایک ہفتے سے بھی کم عرصے میں دوسری مرتبہ حملے کا نشانہ بنایا گیا ۔ اس عمارت میں سعودی عرب کے خودمختار سرمایہ کاری فنڈ (پی آئی ایف) کا مرکزی دفتر بھی واقع ہے۔ حملے میں ۲؍ ہندوستانیوں اوردو سعودی شہریوں  سمیت ۱۱؍افراد زخمی ہوگئے۔

میڈیارپورٹس کے مطابق ۳؍عینی شاہدین نے بتایا کہ منگل کو نامعلوم سمت سے آنے والا ایک گولہ ریاض کے کاروباری اور مالیاتی مرکز میں واقع بلند عمارت سے ٹکرایا۔ اس سلسلے میںسعودی سول ڈیفنس نے اپنے بیان میں تصدیق کی کہ مالیاتی مرکز کے ٹاور پر حوثی ملیشیا کے حملے میں۱۱؍ افراد زخمی ہوئے ہیں۔

سول ڈیفنس کے مطابق زخمیوں میں دو سعودی شہری، دو ہندوستانی، تین نیپالی اور چار مصری باشندے شامل ہیں۔ متعلقہ اداروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے امدادی سرگرمیاں شروع کردیں اور انسانی جانوں اور املاک کے تحفظ کے لئے ضروری اقدامات کئے۔

یہ بھی پڑھئے:اسرائیلی فوج کے نئے آہنی گیٹ، جنوبی مغربی کنارے میں۷۰؍ ہزار فلسطینی الگ تھلگ

سعودی قیادت میں یمن کے حوثیوں کے خلاف لڑنے والے فوجی اتحاد کے ترجمان ترکی المالکی نے بھی حملے کی تصدیق کرتے ہوئے اسے بزدلانہ کارروائی قرار دیا لیکن سعودی حکام نے حملے میں ہونے والے جانی اور مالی نقصان کی مزید تفصیلات جاری نہیں کیں ۔واضح رہے کہ۱۹؍ نومبر کو بھی ریاض کے اسی مالیاتی مرکز میں واقع پی آئی ایف ٹاور کو نشانہ بنایا گیا تھا جس سے عمارت کی متعدد منزلوں اور قریبی عمارتوں کو نقصان پہنچا تھا۔تقریباً۳۸۵؍ میٹر بلند یہ عمارت سعودی عرب کی اہم ترین مالیاتی تنصیبات میں شمار ہوتی ہے۔ یہ خودمختار سرمایہ کاری فنڈ کا صدر دفتر ہےجو ولی عہد محمد بن سلمان کے معاشی ترقی کے منصوبوں میں مرکزی کردار ادا کرتا ہے۔

ریاض پر حملے کی ہندوستان نے سخت مذمت کی

ہندوستان نے سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے فائنانشیل ڈسٹرکٹ کی ایک عمارت پر منگل کو ہونے والے اس حملے کی سخت مذمت کی ہے جس میں۲؍ ہندستانی شہری زخمی ہوئے ہیں۔وزارت خارجہ نے بدھ کوجاری ایک بیان میں اس حملے پر سخت ردعمل کا اظہار کیا ہے اور سعودی عرب میں شہری، اقتصادی اور توانائی کے ڈھانچے کو نشانہ بنا کر کئےجا  نے والے مسلسل حملوں کو فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کیا ہے۔ہندوستان نے کہا ہے کہ ریاض میں واقع ہندوستانی سفارت خانہ زخمیوں اور ان کے اہل خانہ کو ہر ممکن مدد فراہم کر رہا ہے۔ ہندوستان کا ماننا ہے کہ اس طرح کے حملوں سے عام شہریوں کی جانوں کو شدید خطرہ لاحق ہوتا ہے۔ یہ حملے سعودی عرب کی خودمختاری کی خلاف ورزی کرنے کے ساتھ ساتھ علاقائی سلامتی اور استحکام کو بھی کمزور کرتے ہیں۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK