Inquilab Logo Happiest Places to Work

آنکھوں میں آنسو لیے راجر فیڈرر انٹرنیشنل ٹینس ہال آف فیم میں شامل

Updated: August 30, 2026, 9:02 PM IST | New York

سوئزر لینڈ کے عظیم ٹینس اسٹار راجر فیڈرر کو ہفتے کے روز باضابطہ طور پر انٹرنیشنل ٹینس ہال آف فیم میں شامل کر لیا گیا۔ اس موقع پر ۲۰؍ مرتبہ کے گرینڈ سلیم سنگلز چیمپئن فیڈرر جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور کئی بار ان کی آنکھوں میں آنسو آگئے۔

Roger Federer.Photo:INN
راجر فیڈرر۔ تصویر:آئی این این

سوئزر لینڈ کے عظیم ٹینس اسٹار  راجر فیڈرر  کو ہفتے کے روز باضابطہ طور پر انٹرنیشنل ٹینس ہال آف فیم  میں شامل کر لیا گیا۔ اس موقع پر ۲۰؍ مرتبہ کے گرینڈ سلیم سنگلز چیمپئن فیڈرر جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور کئی بار ان کی آنکھوں میں آنسو آگئے۔۴۵؍ سالہ فیڈرر نے امریکی ریاست رہوڈ آئی لینڈ کے شہر نیوپورٹ میں منعقدہ تقریب میں ٹینس کی دنیا کے کئی بڑے ناموں کی موجودگی میں خطاب کیا۔ انہوں نے ہال آف فیم میں شمولیت کو اپنی زندگی کے سب سے بڑے اعزازات میں سے ایک  قرار دیا۔

فیڈرر نے ۲۰۲۲ء میں پروفیشنل ٹینس سے ریٹائرمنٹ لی تھی۔ تقریب میں انہوں نے اپنے کریئر کے دوران ساتھ دینے والے حریف کھلاڑیوں، آفیشلز، مداحوں، خاندان اور دوستوں کا شکریہ ادا کیا۔ ان کی تقریر میں کھیل کے لیے ان کی گہری محبت اور اپنے سفر کی یادیں نمایاں رہیں۔ فیڈرر نے کہا کہ ہال آف فیم میں شامل ہونا ان کی زندگی کے سب سے بڑے اعزازات میں سے ایک ہے، لیکن شہرت کبھی ان کا اصل مقصد نہیں رہی۔ ان کے مطابق ان کا مقصد پوری زندگی ایسا کام کرنا تھا جس سے انہیں محبت ہو اور ایسے لوگوں کے ساتھ وقت گزارنا تھا جو اس کھیل سے ان کی طرح محبت کرتے ہوں۔
 تقریب کے آغاز میں فیڈرر نے اپنے کریئر کے کچھ دلچسپ اور کم معروف اعداد و شمار بھی مزاحیہ انداز میں بیان کیے۔ انہوں نے بتایا کہ ۱۹۹۸ء سے ۲۰۲۲ء میں ریٹائرمنٹ تک انہوں نے ۵۰۰۰؍ سے زیادہ ہیڈ بینڈ  پہنے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ تعداد بیورن بورگ اور جان میک اینرو کے مجموعی استعمال سے بھی زیادہ ہے۔ فیڈرر نے مزید مذاق کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے کریئر میں تقریباً ۷؍ہزارسے زیادہ جوڑے جرابیں  بھی استعمال کیں، کیونکہ وہ اکثر دُہری جرابیں پہنا کرتے تھے۔

یہ بھی پڑھئے:رشی کپور نے اپنی پہلی ہی فلم’میرا نام جوکر‘ کیلئے نیشنل ایوارڈ جیتا تھا

 فیڈرر نے اپنے سفر کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ وہ کبھی ۱۳؍ سال کی عمر میں باسل میں ہونے والے ایک  اے ٹی پی  ٹورنامنٹ میں  بال بوائے  ہوا کرتے تھے اور بعد میں دنیا کے عظیم ترین ٹینس کھلاڑیوں میں شمار ہونے لگے۔انہوں نے ان تمام بال کِڈز کا بھی شکریہ ادا کیا جو ان کے یا دیگر کھلاڑیوں کے میچز کے دوران گھنٹوں اپنی ذمہ داریاں انجام دیتے رہے۔ فیڈرر نے جذباتی انداز میں کہا کہ وہ خود بھی کبھی انہی بال کِڈز میں سے ایک تھے اور اس لیے ان کی محنت کو اچھی طرح سمجھتے ہیں۔
اپنے خطاب کے دوران فیڈرر نے اپنے آئیڈیل  اسٹیفن ایڈبرگ ، دیگر ٹینس اسٹارز، اپنے خاندان اور سپورٹ اسٹاف کا ذکر کیا تو وہ جذباتی ہوگئے اور انہیں آنسو پونچھتے دیکھا گیا۔ انہوں نے ہلکے پھلکے انداز میں مذاق کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت انہیں ٹشوز، دھوپ کا چشمہ اور ہر وہ چیز درکار ہے جو انہیں جذباتی ہونے سے بچا سکے۔ فیڈرر نے کہا کہ انٹرنیشنل ٹینس ہال آف فیم انہیں اپنے ماضی کو دیکھنے کے ساتھ ساتھ مستقبل کی طرف دیکھنے کا بھی بہترین موقع فراہم کرتا ہے۔ ان کے مطابق بطور کھلاڑی ان کا وقت ختم ہو چکا ہے، لیکن  ٹینس ہمیشہ ان کی زندگی کے اہم ترین حصوں کے سنگم پر موجود رہے گا۔ 

یہ بھی پڑھئے:دیویندر فرنویس کے دہلی جانےکی خبر محض افواہ ہے یا اس کے آثار نظر آ رہے ہیں

انہوں نے کہا کہ ٹینس نے انہیں خاندان، دوستی، گزشتہ ۴۰؍ برسوں کی یادوں اور مستقبل کی تعمیر سے جوڑا ہے۔ فیڈرر کے لیے ٹینس ان کی زندگی میں موجود بہت سی اہم چیزوں کی بنیادی وجہ رہی ہے۔ راجر فیڈرر نے اپنے کریئر میں ۲۰؍ گرینڈ سلیم  سنگلز ٹائٹل  جیتے، جن میں ریکارڈ ۸؍ومبلڈن ٹائٹل  بھی شامل ہیں۔ ۲۰۲۲ء میں ریٹائرمنٹ کے باوجود ان کا شمار ٹینس کی تاریخ کے عظیم ترین کھلاڑیوں میں ہوتا ہے۔ انٹرنیشنل ٹینس ہال آف فیم میں شمولیت ان کے شاندارکریئر اور ٹینس کے لیے ان کی طویل خدمات کا ایک اہم اعزاز ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK