Inquilab Logo

روہت کا ہاتھ میرے کندھوں پر ہے: ہاردک

Updated: March 19, 2024, 9:56 AM IST | Agency | Mumbai

ممبئی انڈینس کے کپتان نے کہا: انڈین پریمیر لیگ کے اگلے سیزن کے دوران روہت شرما میرے سرپرست رہیں گے۔

Hardik Pandya. Photo: INN
ہاردک پانڈیا۔ تصویر : آئی این این

ممبئی انڈینس کے کپتان ہاردک پانڈیا نے پیر کو کہا کہ ان کے پیشرو روہت شرما آئی پی ایل کے دوران ان کے سرپرست رہیں گے حالانکہ فرنچائزی کی جانب سے اگلے سیزن سے قبل غیر متوقع قیادت میں تبدیلی کا اعلان کیا گیا ہے۔ پانڈیا، جنہوں نے گزشتہ دو سیزن میں گجرات ٹائٹنس کی قیادت کی تھی، ۲۰۲۴ء کے ایڈیشن کیلئے بحیثیت کپتان ممبئی انڈینس میں واپس آئے ہیں۔ پانڈیا کو حیران کن طور پر۲۰۲۴ء کے ایڈیشن میں روہت کی جگہ کپتان کی حیثیت سے منتخب کیا گیا تھا۔ خیال رہےکہ روہت شرما نے ممبئی انڈینس کو ۵؍بار چمپئن بنایاہے۔ 
 پانڈیا نے کہاکہ `یہ کچھ مختلف نہیں ہوگا، وہ ہمیشہ میری مددکیلئے موجود رہیں گے۔ اس ٹیم نے جو کچھ حاصل کیا ہے وہ ان کی قیادت میں حاصل کیا ہے اور مجھے اس وراثت کو آگے بڑھانا ہے۔ ان کا ہاتھ میرے کندھوں پر ہوگا۔ روہت کو ہٹانے پر مداحوں کے غصے کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہاکہ ’’`ہم شائقین کا احترام کرتے ہیں لیکن ہم کھیل پر توجہ دیتے ہیں۔ ہمارے لئے کھیل اہم ہے۔ میں قابو پانے والی چیزوں پر توجہ مرکوز کرتا ہوں، شائقین کو ہر حق حاصل ہے اور میں ان کی رائے کا احترام کرتا ہوں۔ ‘‘
 اسٹار آل راؤنڈر اکتوبر میں ہوم ون ڈے ورلڈ کپ کے دوران ٹخنے کی چوٹ کی وجہ سے طویل بحالی کے بعد آئی پی ایل کے ساتھ ٹاپ لیول کرکٹ میں واپس آئیں گے۔ ہاردک پانڈیا نے کہاکہ ’’ `میرے جسم کے ساتھ کوئی مسئلہ نہیں ہے، میں تمام کھیل کھیلنے کا منصوبہ بنا رہا ہوں۔ میں نے ویسے بھی آئی پی ایل میں زیادہ میچ نہیں ہارے ہیں۔ تکنیکی طور پر میں ۳؍ ماہ کیلئے باہر تھا۔ یہ ایک عجیب چوٹ تھی اور اس کا میری پچھلی چوٹ سے کوئی تعلق نہیں تھا۔ میں نے گیند کو روکنے کی کوشش کی اور زخمی ہوگیا۔ 
 ۳۰؍ سالہ نوجوان نے گجرات ٹائٹنس کے لیڈر کے طور پر فوری کامیابی حاصل کی اور توقع کی جائے گی کہ وہ ممبئی کی ہائی پروفائل فرنچائزی میں واپسی کے بعد ٹرافی اٹھائیں گے۔ آل راؤنڈر نے کہاکہ `ممبئی انڈینس سے ہمیشہ امیدیں رہیں گی۔ ہمیں عمل پر توجہ دینی چاہیے۔ میں کل نہیں جیت سکتا، ہمیں دو مہینے انتظار کرنا ہوگا اور دیکھنا ہوگا کہ ہم کس طرح تیاری کرتے ہیں، کیسے متحد ہوتے ہیں۔ ہم ایک ایسا کرکٹ کھیلیں گے جس سے سب لطف اندوز ہوں گے۔ 
 میڈیا کی بات چیت میں پانڈیا کے ساتھ بیٹھے ہیڈ کوچ مارک باؤچر سے بھی روہت اور ان کے کردار کے بارے میں پوچھا گیا۔ باؤچر نے کہاکہ `روہت زبردست فارم میں ہیں۔ ہم نے انہیں انگلینڈ کے خلاف بلے بازی کرتے ہوئے دیکھا۔ وہ شاندار بلے بازی کر رہے ہیں۔ ممبئی انڈینس میں واپسی کے سوال پر آل راؤنڈرپانڈیا نے کہا کہ ’’ واپس آنا ایک شاندار احساس ہے۔ میں نے۲۰۱۵ء سے اب تک جو کچھ حاصل کیا ہے وہ اس سفر کے ذریعے حاصل کیا ہے۔ میں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ میں اس حد تک پہنچ جاؤں گا۔ ‘‘ جب کپتانی میں تبدیلی کے بارے میں پوچھا گیا تو آل راؤنڈر نے کہاکہ ’’روہت شرما ٹیم انڈیا کے کپتان ہیں جو میری مدد کرتے ہیں۔ میں نے اپنا پورا کریئر ان کی کپتانی میں کھیلا ہے۔ ہاردک پانڈیا نے اس بات کی بھی تصدیق کی کہ وہ اس سیزن میں ممبئی انڈینس کیلئے گیند بازی کریں گے۔ اس سے قبل انجری کے خدشات کے باعث وہ کچھ وقت کیلئے صرف بیٹنگ کر رہے تھے۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK