Inquilab Logo

روہت کے کیلنڈرسال میں سب سے زیادہ سکس، راہل کا سب سے تیز سیکڑہ، ایّر نے یوراج کا ریکارڈ توڑا

Updated: November 13, 2023, 11:19 AM IST | Agency | Bengaluru

روہت شرما نے ہندوستان کے آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ۲۰۲۳ء کے آخری لیگ مرحلے کے دوران ایک قابل ذکر کارنامہ انجام دیا۔

Rohit Sharma. Photo : INN
روہت شرما ۔ تصویر : آئی این این

روہت شرما نے ہندوستان کے آئی سی سی مینز کرکٹ ورلڈ کپ۲۰۲۳ء کے آخری لیگ مرحلے کے دوران ایک قابل ذکر کارنامہ انجام دیا۔ اتوار کو نیدرلینڈس کے خلاف میچ میں ہندوستانی کپتان نے ایک کیلنڈر سال میں ون ڈے میں سب سے زیادہ چھکے لگانے کا نیا ریکارڈ بنایا۔ روہت نے کولن ایکرمین کو لانگ آن پر ایک زبردست چھکا لگا کر یہ سنگ میل حاصل کیا، جو ان کا سال کا۵۹؍ واں چھکا ہے۔ اس کے ساتھ انہوں نے سابق جنوبی افریقی کپتان اے بی ڈی ویلیئرس  کے ۲۰۱۵ء میں بنائے جانےوالے ریکارڈ کو پیچھے چھوڑ دیا۔ اس کے علاوہ انہوں نے ورلڈ کپ ایڈیشن میں سب سے زیادہ چھکے لگانے والے کپتان ہونے کا اعزاز بھی حاصل کیا۔۲۰۱۹ء کے ایڈیشن میں انگلینڈ کے سابق کپتان ایون مورگن نے۲۲؍ چھکے لگائے۔ روہت نے۲۰۲۳ء ورلڈ کپ میں۲۳؍ چھکے لگا کر اس ریکارڈ کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔ یاد رہے کہ ہندوستانی کپتان نے ورلڈ کپ ایڈیشنز میں سب سے زیادہ پلس۵۰۰؍ رن بنانے کا سچن ٹنڈولکر کا ریکارڈ بھی برابر کیا۔ 

 کرکٹ ورلڈ کپ۲۰۲۳ء کے دوران کے ایل راہل نےبنگلور میں ٹیم انڈیا کی جانب سے صرف۶۲؍ گیندوں پر سنچری بنا کر اسکور کو ۴۱۰؍رن تک پہنچا دیا۔ یہ کرکٹ ورلڈ کپ کی تاریخ میں کسی ہندوستانی بلے باز کی جانب سے بنائی گئی تیز ترین سنچری تھی۔ اسی ورلڈ کپ میں روہت شرما نے بھی افغانستان کے خلاف۶۳؍ گیندوں پر سنچری بنائی تھی لیکن راہل نے ایک گیند کم کھیل  کر یہ ریکارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔ ورلڈ کپ ۲۰۲۳ء کے دوران ۵؍ ٹیمیں ایسی تھیں جن کے بلے بازوں نے اپنے ملک کیلئے تیز ترین سنچری بنائی۔ اس فہرست میں ہندوستان کے لئے کے ایل راہل (۶۲؍ گیندوں) کے بعد آسٹریلیا کے گلین میکسویل (۴۰؍ گیندیں)، جنوبی افریقہ کے لئے ایڈن مارکرم (۴۹؍ گیندیں)، سری لنکا کے کوسل مینڈس (۶۵؍ ​​گیندیں) اور پاکستان کیلئے فخر زمان (۶۳؍گیندیں) نے یہ ریکارڈ بنایا۔پہلی اننگز کے اختتام پر کے ایل راہل نے کہا کہ مجھے آخری۲؍  میچوں میں بلے بازی کے لئے  زیادہ وقت نہیں ملاتھا۔ اسی لئے اتوارکو جب میںکریز پر آیا تو میں  نے شروعات ہی سے اچھی بلے بازی کی۔ 

کرکٹ ورلڈ کپ۲۰۲۳ء کے تحت ہندوستانی ٹیم کے گروپ مرحلے کے آخری میچ میں شریاس ایّر نے بنگلور میں نیدرلینڈس کے خلاف سنچری اسکور کی۔ ورلڈ کپ میں شریاس کی یہ پہلی سنچری تھی۔ وہ ورلڈ کپ کی تاریخ میں مڈل آرڈر میں ہندوستان کے لئے سب سے زیادہ رن بنانے والے کھلاڑی بھی بن گئے ہیں۔ شریاس نے ۹؍ اننگز میں۴۲۱؍ رن بنا کر یوراج سنگھ کا ریکارڈ توڑ دیا جنہوں نے۲۰۱۱ء کے ورلڈ کپ میں۳۶۲؍ رن بنائے تھے۔ خیال رہے کہ اس وقت  نے یوراج نے آل راؤنڈر کا کردار ادا کیا تھا اور انہیں اس ٹورنامنٹ میں مین آف دی سیریز کے اعزاز سے بھی نوازا گیا تھا۔ ورلڈ کپ میں مڈل آرڈر بلے باز میں سب سے زیادہ رن بنانے والے ہندوستانی بلے بازوں میں ٹاپ پر شریاس ایّر (۴۲۱) ہیں۔ ان کے بعد یوراج سنگھ کا نمبر آتاہے جنہوں نے ۳۶۲؍رن بنائے ہیں۔ ان کے بعد کے ایل راہل کا نمبر آتاہے۔ انہوں نے ۳۴۷؍رن بنائے تھے۔چوتھے نمبر راہل دراوڑ ہیں جو اس وقت ٹیم انڈیا کے ہیڈ کوچ ہیں، انہوںنے ۳۱۸؍رن بنائے ہیں۔ان کے بعد پہلا ورلڈ کپ جتانے والے کپتان کپل دیو ہیں جنہوں نے ۳۰۳؍رن بنائے ہیں۔ 

ٹیم انڈیا کا ہمالیائی اسکور
ہندوستان نے اتوار کو آئی سی سی ورلڈ کپ کے ۴۵؍ویں میچ میں شریاس ایّر کے ناٹ آؤٹ ۱۲۸؍ رن اور کے ایل راہل کے۱۰۲؍ رن کی سنچری، کپتان روہت شرما کے۵۱؍ رن، شبھمن گل کے۶۱؍ رن اور وراٹ کوہلی کی ۵۱؍رن کی نصف سنچریوں کی بدولت نیدرلینڈس کو جیت کےلئے ۴۱۱؍ رن کا بڑا ہدف دیا ہے۔اس کے جواب میں نیدرلینڈس کی ٹیم ہندوستانی گیندبازوں کے سامنے جدوجہد کرتی ہوئی نظرآئی اور اخبار پرنٹ میں جانے تک اس نے ۳۶؍ اوور میں ۵؍وکٹ کے نقصان پر ۱۶۸؍رن بنالئے تھے۔ 
ایم چناسوامی اسٹیڈیم میں اتوارکو ہندوستانی کپتان روہت شرما نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ بیٹنگ کیلئے آنے والے روہت شرما اور شبھمن گل کی اوپننگ جوڑی نے دھواں دار آغاز کیا اور پہلے وکٹ کیلئے ۱۰۰؍ رن کی شراکت قائم کی۔ ہندوستان کا پہلا وکٹ۱۲؍ اوور کی پانچویں گیند پر شبھمن گل کی صورت میں گرا۔ انہوں نے۵۴؍ رن پر۶۱؍رن بنائے۔ ڈی لیڈے کی گیند پر گل کو بریسی نے کیچ کیا۔ اس کے بعد۱۸؍ویں اوور کی چوتھی گیند پر کپتان روہت شرما۳۲؍ گیندوں پر۵۱؍ رن بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ وہ میکرین کی گیند پر تیجا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ دو سو رن کے اسکور پرتیسرا وکٹ گرا۔ 

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK