Inquilab Logo Happiest Places to Work

رونالڈو کے ہندوستان میں میچ کھیلنے کا امکان، النصر اور ایف سی گوا ایک ہی گروپ میں

Updated: August 16, 2025, 1:49 PM IST | Agency | Panaji

اگر وہ فٹ رہے تو اے ایف سی چمپئن لیگ کاگوا کیخلاف ہونے والا میچ ضرور کھیلیں گے، یہ ہندوستان میں رونالڈو کا کسی بھی سطح کا پہلا میچ ہو گا۔

Cristiano Ronaldo. Picture: INN
کرسٹیانو رونالڈو۔ تصویر: آئی این این

اے ایف سی چمپئن لیگ( ٹو) کے گروپ ڈی کے ڈرا میں کرسٹیانو رونالڈو  کے سعودی کلب النصر کا مقابلہ ہندوستان کے ایف سی گوا سمیت عراق کے  الزورا  اور تاجکستان کےایف سی استقلال کلب سے ہوگا۔ جمعہ کو ہونے والے اس ڈرا کے بعد امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اگر رونالڈو فٹ رہے تو وہ اپنے پروفیشنل کیریئر میں پہلی بار کسی  ہندوستان کلب کے خلاف اور وہ بھی ہندوستان میں  میدان  پر اتریں گے۔اگرچہ یہ امکانات کم ہیں کہ رونالڈو  ہندوستان آ کر میچ کھیلیں گے کیونکہ اطلاعات کے مطابق ان کے معاہدے میں ایسے بیرونِ ملک میچوں کے لئے سفر کے حوالے سے ایک مخصوص شق موجود ہے، تاہم وہ ریاض میں ہونے والے ہوم میچ میں ایف سی گوا کے خلاف ایکشن میں ضرور نظر آئیں گے۔
 چمپئن لیگ کےگروپ اسٹیج کے فارمیٹ کے تحت دونوں ٹیمیں ’ہوم اینڈ اَوے‘ بنیاد پر دو دو مرتبہ آمنے سامنے ہوں گی۔ایف سی گوا کے لئے النصر کے ساتھ مقابلہ کلب کی تاریخ کے سب سے نمایاں اور ہائی پروفائل میچوں میں شمار کیا جا رہا ہے خصوصاً اس لئے کہ یہ کلب۲۰۱۴ء میں قائم ہوا تھا اور اس کے بعد یہ پہلا موقع ہوگا جب وہ کرسٹیانو رونالڈو جیسے عالمی اسٹار کے خلاف میدان میں اترے گا۔ اگر وہ ہندوستان آکر میچ کھیلتے ہیں تو یہ اور بھی تاریخی لمحہ ہو گا  لیکن اس کے امکانات کم ہی بتائے جارہے ہیں مگر مداحوں کو انہیں ہندوستان کی سرزمین پر کھیلتے ہوئے دیکھنے کا بے چینی سے انتظار ہے۔دریں اثناء ایک اور ہندوستانی کلب  موہن بگان سپر جائنٹ کو اسی ٹورنامنٹ کے  گروپ سی میں شامل کیا گیا ہے، جہاں اس کا مقابلہ سپاہان ایس سی (ایران)،الحسین کلب (اردن)  اور اہل ایف سی (ترکمانستان)  سے ہوگا۔ 
 فی الحال کرسٹیانو رونالڈو سعودی عرب میں اپنے کلب النصر کے درمیان اپنا بہترین وقت گزارہے ہیں۔ اس کلب میں ان کی موجودگی نے پورے خطہ عرب میںفٹ بال کے تئیں جوش و خروش کو بہت زیادہ بڑھادیا ہے۔ وہ یہ اعلان بھی کرچکے ہیں کہ وہ اب اپنی باقی  زندگی سعودی عرب میں ہی گزارنا چاہتے ہیں۔ اسی وجہ سے عرب ممالک میں رونالڈو کے تئیں کافی پرجوش رویہ پایا جارہا ہے۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK