• Wed, 31 December, 2025
  • EPAPER

Inquilab Logo Happiest Places to Work

۱۰۰۰؍گول پر رونالڈو کا ’ان شاء اللہ‘ کہنا، صارفین کا سوال،کیا وہ مسلمان ہو گئے؟

Updated: December 30, 2025, 10:08 PM IST | Dubai

کرسٹیانو رونالڈو کی ایک ایوارڈ تقریب میں کی گئی مختصر سی بات نے سوشل میڈیا پر نئی بحث چھیڑ دی۔ ان کے ایک’’ان شاء اللہ‘‘کہنے پر شائقین چونک گئے اور انٹرنیٹ پر قیاس آرائیوں کا سلسلہ شروع ہو گیا۔

Ronaldo after receiving the award. Photo: INN
رونالڈو ایوارڈ لینے کے بعد ۔ تصویر: آئی این این

کرسٹیانو رونالڈو جو کچھ بھی کرتے یا کہتے ہیں، وہ خبروں کی زینت بن جاتا ہے۔ جہاں ان کی گول اسکورنگ کا سلسلہ ہر جگہ بحث کا موضوع بنا رہتا ہے، وہیں ایوارڈ تقریب کے دوران ان کا حالیہ ایک جملہ انٹرنیٹ پر ہلچل مچا گیا۔ ایک فٹبال لیجنڈ، جنہوں نے تقریباً دو دہائیوں تک یورپ بھر میں کھیل کر بے مثال کامیابیاں حاصل کیں، اب سعودی پرو لیگ میں النصر کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ تاہم، دبئی میں منعقد ہونے والے۲۰۲۵ء گلوب ساکر ایوارڈز کے دوران ان کے ایک لفظ نے لوگوں کو یہ سوچنے پر مجبور کر دیا کہ آیا وہ مسلمان ہو گئے ہیں یا نہیں۔
اتوار (۲۸؍ دسمبر) کو رونالڈو نے مسلسل تیسری بار مڈل ایسٹ پلیئر آف دی ایئر کا ایوارڈ جیتا۔ اس موقع پر انہوں نے اپنے ایک ہزار گول کرنے کے ہدف کا بھی اعلان کیا اور ایسا کرنے والے تاریخ کے پہلے کھلاڑی بننے کی خواہش ظاہر کی۔۴۰؍ سالہ رونالڈو نے اس ایوارڈ کیلئے سالم الدوسری، ریاض محرز اور اپنے سابق ریئل  میڈرڈ کے ساتھی کریم بنزیما جیسے نمایاں ناموں کو پیچھے چھوڑا، جبکہ انہوں نے سعودی کلب کیلئے تمام مقابلوں میں۴۰؍ سے زائد گول اسکور کئے۔

ایوارڈ وصول کرتے ہوئے رونالڈو نے ایک جذباتی تقریر کی اور کہا:’’مزید کھیلنا بہت مشکل ہے، لیکن میرا جذبہ ابھی بھی بہت بلند ہے اور میں مزید کھیلنے کیلئے تیار ہوں۔ چاہے میں مشرقِ وسطیٰ میں کھیلوں یا یورپ میں، مجھے فٹبال کھیلنا، گول کرنا اور ٹرافیاں جیتنا بہت پسند ہے۔‘‘اس کے بعد رونالڈو نے اپنا حتمی ہدف بیان کیا۔’’آپ سب جانتے ہیں کہ میرا مقصد کیا ہے۔ میں مزید ٹرافیاں جیتنا چاہتا ہوں اور ایک ہزار گول اسکور کرنا چاہتا ہوں۔ اگر مجھے کوئی چوٹ نہیں لگی تو میں ضرور ایک ہزار گول کروں گا، ان شاء اللہ۔‘‘ان کے اس جملے نے سوشل میڈیا پر طوفان برپا کر دیا اور بے شمار صارفین یہ سوال کرنے لگے کہ آیا رونالڈو نے اسلام قبول کر لیا ہے۔ اسٹیج پر مسکراتے ہوئے یہ بات کہنے کے باوجود، سوشل میڈیا صارفین نے اپنے اپنے اکاؤنٹس پر اس پر خوب تبصرے کئے۔

یہ بھی پڑھئے: اگر انجری نہ ہوئی تو میں ایک ہزار گول ضرور کروں گا: کرسٹیانو رونالڈو کا عزم

سوشل میڈیا کے چند ردعمل کچھ یوں تھے:
’’ان شاء اللہ؟ کیا وہ اب مسلمان ہو گیا ہے؟‘‘ ایک صارف نے سوال کیا، جبکہ دوسرے نے مذاقاً لکھا، ’’جب بھی وہ عوامی طور پر ان شاء اللہ کہتا ہے، اسے سعودی عرب سے ایک ملین یورو بونس ملتا ہے۔‘‘
ایک اور صارف نے تالیاں بجاتے ہوئے لکھا، ’’واقعی، ان شاء اللہ‘‘۔

متعلقہ خبریں

This website uses cookie or similar technologies, to enhance your browsing experience and provide personalised recommendations. By continuing to use our website, you agree to our Privacy Policy and Cookie Policy. OK